بدھ : 17 فروری 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]نائیجیریا، اسکول کے سینکڑوں بچوں کو اغوا کر لیا گیا[/pullquote]

افریقی ملک نائیجیریا میں مسلح افراد نے بظاہر اسکول کے سینکڑوں بچوں کو اغوا کر لیا ہے۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی اطلاعات کے مطابق متعدد اساتذہ بھی حملہ آوروں کی تحویل میں ہیں۔ منگل کی شام کاگرا شہر میں ہونے والے اس حملے میں ایک بچہ گولیاں لگنے سے ہلاک بھی ہو گیا۔ متاثرہ اسکول کا ایک ملازم اور چند بچے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ اسکول میں پڑھنے والے تقریبا ایک ہزار بچوں میں سے کتنے بچوں کو اغوا کیا گیا ہے، یہ ابھی واضح نہیں ہو سکا۔ یہ بھی واضح نہیں کہ حملہ آوروں کا تعلق کس گروپ سے ہے تاہم انہوں نے فوجی وردیاں پہن رکھی تھیں۔

[pullquote]امریکا اور میکسیکو میں سردی کی شدید لہر، 20 سے زائد افراد ہلاک[/pullquote]

امریکا اور اس کے ہمسایہ ملک میکسیکو میں سردی کی شدید لہر کے سبب بیس سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ امریکا میں سب سے زیادہ متاثرہ ریاست ٹیکساس ہے۔ اس شدید سرد موسم کی وجہ سے کم از کم چار ٹورناڈو طوفان بھی آئے ہیں۔ اسی طرح میکسیکو کے شمال میں شدید سردی سے پانچ افراد ہلاک ہوئے۔ حکام نے ایسی ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

[pullquote]میانمار میں تشدد پھیلنے کا خطرہ، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے میانمار نے اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں تشدد پھیلنے کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔ ٹام اینڈریوز کی معلومات کے مطابق قریبی علاقوں سے فوجی دستوں کو ینگون کی جانب روانہ کیا جا رہا ہے۔ ینگون میں ہزاروں افراد فوجی بغاوت کے خلاف احتجاج کرنا چاہتے ہیں۔ ٹام اینڈریوز کے مطابق ماضی میں جب بھی اتنے بڑے پیمانے پر فوجی نقل و حمل کی گئی ہیں تو انسانی حقوق پامالیاں بڑے پیمانے پر دیکھی گئی تھیں۔ ایسی افواہیں بھی ہیں کہ گرفتار شدہ رہنما آنگ سان سوچی کے خلاف خفیہ عدالتی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

[pullquote]یورپی یونین میں سن دو ہزار بیس کے دوران ریکارڈ اموات[/pullquote]

یورپی حکام کے مطابق گزشتہ چار برسوں کے مقابلے میں سن دو ہزار بیس میں زیادہ اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اس کی ایک وجہ کورونا کی عالمی وبا کو قرار دیا جا رہا ہے۔ یورپی یونین کے رکن ممالک میں سن دو ہزار بیس میں مارچ اور نومبر کے درمیان تقریبا ساڑھے چار لاکھ افراد کا انتقال ہوا، جو گزشتہ برسوں کے اسی دورانیے میں ہلاکتوں کی تعداد سے کہیں زیادہ بنتی ہے۔ اس رپورٹ کی تیاری میں یورو اسٹیٹ نے آئر لینڈ کے سوائے یورپی یونین کے تمام رکن ممالک سے معلومات جمع کیں۔ آئر لینڈ نے اپنے ملک میں ہونے والی اموات کے بارے میں تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

[pullquote]قندوز حملہ: جرمنی نے انسانی حقوق کے کنونشن کی خلاف ورزی نہیں کی، یورپی عدالت[/pullquote]

یورپی عدالت برائے انسانی حقوق نے جرمنی کو اس حملے کے مقدمے میں بری قرار دے دیا ہے، جو نیٹو کی زیر نگرانی سن دو ہزار نو میں قندوز میں کیا گیا تھا۔ اسٹراسبرگ کے ایک جج کا کہنا تھا کہ اس حملے کے ذریعے جرمنی انسانی حقوق کے کنونشن کی خلاف ورزی کا مرتکب نہیں ہوا۔ جرمنی کے خلاف یہ مقدمہ اس افغان والد نے کیا تھا، جس کے دو بیٹے ایک جرمن کرنل کے حکم پر ہونے والے اس حملے میں مارے گئے تھے۔ سن دو ہزار نو میں ایک چوری شدہ ٹینکر پر حملے کے نتیجے میں کم از کم ایک سو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]ایران عالمی جوہری ادارے کے ساتھ تعاون محدود کر دے گا[/pullquote]

ایران نے عالمی جوہری ادارے (آئی اے ای اے) کے ساتھ جاری تعاون کو محدود کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تہران حکومت کے مطابق اس حوالے سے ویانا میں حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ آئی اے ای اے کے اہلکاروں نے تئیس فروری کو ایک ایرانی جوہری تنصیب کے معائنے کے لیے جانا تھا لیکن اب انہیں اس جوہری تنصیب تک رسائی فراہم نہیں کی جائے گی۔ سن دو ہزار اٹھارہ میں امریکا کی جانب سے ایران کے ساتھ عالمی جوہری معاہدے سے دستبرداری کے بعد سے تہران حکومت بھی اس معاہدے کی مکمل پاسداری سے گریزاں ہے۔ اس تازہ پیش رفت کے ساتھ بظاہر اس عالمی معاہدے کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہتی۔

[pullquote]دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والے 19 مشتبہ عسکریت پسند گرفتار، روس[/pullquote]

روسی فیڈرل سکیورٹی سروس (ایف ایس بی) نے ایسے انیس مشتبہ مسلمان عسکریت پسندوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جنہوں نے دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ تاس نیوز ایجنسی کے مطابق یہ مشتبہ عسکریت پسند شمالی قفقاذ کے متعدد مقامات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ ایف ایس بی نے ملزمان سے خودکش جیکٹیں، دیسی ساختہ بم اور خودکار ہتھیار بھی قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ شمالی قفقاذ کے متعدد عسکریت پسند شام میں داعش کے ہمراہ بھی لڑتے رہے ہیں۔

[pullquote]جاپان میں کورونا ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز[/pullquote]

کئی ممالک کے برعکس جاپان نے تاخیر کے ساتھ کورونا ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز کر دیا ہے۔ جاپان میں یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے ، جب ٹوکیو سمر اولمپکس کے انعقاد میں چھ ماہ سے بھی کم عرصہ باقی بچا ہے۔ جاپان میں سب سے پہلے جرمنی اور امریکا کی تیار کردہ ویکیسن طبی شعبے سے وابستہ چالیس ہزار ملازمین کو لگائی جائے گی۔ ان میں بیس ہزار ڈاکٹر اور نرسیں بھی شامل ہوں گے۔ طبی شعبے سے وابستہ دیگر سینتیس لاکھ افراد کو ویکسین مارچ میں لگائی جائے گی۔

[pullquote]جرمنی، یکم مارچ سے فوری کورونا ٹیسٹ مفت کر دیے جائیں گے[/pullquote]

جرمنی میں یکم مارچ سے فوری کورونا ٹیسٹ بھی مفت کر دیے جائیں گے۔ ابھی تک صرف وہی کورونا ٹیسٹ مفت تھے، جن کے نتائج کم از کم بھی چوبیس گھنٹوں کی تاخیر سے دستیاب ہوتے ہیں۔ جرمن وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اب جرمنی کے پاس اس حوالے سے صلاحیت میں اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس حوالے سے یا تو مزید سینٹر قائم کر دیے جائیں گے یا پھر میڈیکل اسٹوروں پر ہی یہ سہولت فراہم کر دی جائے گی۔ جرمن وزیر صحت کے مطابق جلد ہی اُن کورونا ٹیسٹوں کی اجازت بھی فراہم کر دی جائے گی، جو ہر شخص خود ہی کر سکے گا۔

[pullquote]بیلاروس، صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے خلاف ملک بھر میں پولیس کے چھاپے[/pullquote]

بیلاروس میں احتجاجی مظاہروں کے آغاز کے چھ ماہ بعد ملک بھر میں صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے خلاف چھاپے مارے گئے ہیں۔ وزارت داخلہ کے مطابق ان کا مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ ان احتجاجی مظاہروں کے لیے مالی معاونت کس نے فراہم کی تھی۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق انسانی حقوق کے ادارے ویسنا کے خلاف بھی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ بیلاروس کے متنازعہ صدر الیگزانڈر لوکاشینکو پہلے بھی متعدد مرتبہ یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ ان کے خلاف مظاہرے کرنے والوں کو بیرونی امداد حاصل ہے۔

[pullquote]فف ڈوپلوسی نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا[/pullquote]

پاکستان سے ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد جنوبی افریقی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان فف ڈوپلوسی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ اب ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز فف ڈوپلوسی پاکستان کا حالیہ دورہ کرنے والی قومی ٹیم کے سینئر ترین کھلاڑی تھے۔ چھتیس سالہ ڈوپلوسی کی موجودگی کے باوجود پاکستان نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو دو صفر سے مات دی جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی دو ایک سے جیت لی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے