پیر : یکم مارچ 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی برازیلین قسم کے شکار مریض[/pullquote]

برطانوی طبی حکام نے کورونا وائرس کی ایک نئی قسم شناخت کی ہے، جو اس سے قبل برازیلین شہر ماناؤس میں تشخیص کی گئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کی اس انتہائی متعدی شکل کے چھ مریض شناخت کیے گئے ہیں۔ سائنس دانوں کا خیال ہے کہ کورونا وائرس کی یہ قسم زیادہ تیزی سے پھیلتی ہے اور ممکنہ طور پر ان افراد کو بھی نشانہ بنا سکتی ہے، جو پہلے کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

[pullquote]آرمینیا میں حکومت کے حامی اور مخالفین کی ریلیاں[/pullquote]

آرمینیا میں وزیراعظم نیکول پاشینیان کے حامی اور مخالفین دارالحکومت یریوان میں ریلیاں نکال رہے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ کچھ مقامات پر حکومت مخالف مظاہرین سرکاری عمارتوں پر بھی حملہ آور ہوئے ہیں آزربائیجان سے گزشتہ برس نوگورنوکاراباخ کے مدعے پر لڑائی کے تناظر میں آرمینیا میں سیاسی تقسیم واضح ہے۔ اپوزیشن وزیراعظم پاشنیان پر جنگ سے متعلق غلط حکمت عملی کا الزام عائد کرتی ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ گزشتہ برس ہونے والی اس لڑائی میں آرمینیا کو بھاری جانی نقصان کاسامنا کرنا پڑا تھا اور اسے ایک علاقے سے بھی ہاتھ دھونا پڑ گئے تھے۔

[pullquote]یورپی کمیشن کا ویکسین گرین پاس کا مجوزہ قانون[/pullquote]

یورپی کمیشن کورونا وائرس ویکیسن’گرین پاس ‘ کے ایک نئے مجوزہ قانونی بل پر کام کر رہا ہے۔ پیر کے روز یورپی کمیشن کی سربراہ ارزلا فان ڈیئر لاین نے کہا کہ اس یورپی قانون کا مقصد سیاحت جیسے شعبوں میں معاشی سرگرمیوں کا احیاء ہے۔ پیر کے روز یورپی پارلیمان سے خطاب میں فان ڈیئر لائن نے کہا کہ یورپی یونین کی تمام رکن ریاستوں کے تعاون سے گرین ڈیجیٹل پاس کو کامیاب بنایا جا سکے گا۔ اس قانونی بل کے تحت کورونا وائرس کی ویکسین کے حامل افراد کو یورپی یونین میں سیاحت کی مشروط اجازت دی جا سکے گی۔

[pullquote]ایران نے اسرائیلی کارگو بحری کشتی پر حملہ کیا، نیتن یاہو[/pullquote]

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران نے ایک اسرائیلی ملکیتی کارگو بحری جہاز پر حملہ کیا ہے۔ اسرائیلی پبلک براڈکاسٹر کان سے گفتگو میں نیتن یاہو نے گزشتہ ہفتے پیش آئے اس واقعے سے متعلق کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس میں ایران ملوث تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اسرائیل کا بدترین دشمن ہے اور اسرائیل ایران کو پورے خطے میں نشانہ بنا رہا ہے۔ واضح رہے کہ جمعے کے روز اسرائیلی ملکیت کے اس کارگو بحری جہاز پر زوردار دھماکے ہوئے تھے۔ اس واقعے میں جہاز کے عملے کا کوئی فرد ہلاک یا زخمی نہیں ہوا تھا۔ دھماکے سے اس جہاز کو نقصان پہنچا تھا لیکن یہ غرق نہیں ہوا۔ اسی حالت میں یہ جہاز مرمت کے لیے دبئی کی بندرگاہ پہنچا تھا۔

[pullquote]آنگ سان سوچی کی ویڈیو کے ذریعے عدالت میں حاضری[/pullquote]

میانمار کی نوبل انعام یافتہ مقید رہنما آنگ سان سوچی پیر کے روز اپنے خلاف جاری مقدمے کے وقت ویڈیو لنک کے ذریعے عدالتی سماعت کا حصہ بنیں۔ 75 سالہ سوچی بظاہر تندرست دکھائی دے رہی تھیں۔ یکم فروری کو میانمار میں فوج نے حکومت کا تختہ الٹتے ہوئے اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا جب کہ تمام اہم سیاسی رہنماؤں کو حراست میں لے لیا تھا۔ اس فوجی بغاوت کے بعد سے اب تک میانمار بھر میں جمہوریت پسندوں کی جانب سے بڑے عوامی مظاہرے جاری ہیں۔

[pullquote]یمن میں بھوک سے بچاؤ کے لیے اقوام متحدہ کی امداد کی اپیل[/pullquote]

یمن میں بھوک سے بچاؤ کے لیے اقوام متحدہ نے ڈونر ممالک سے امداد کی اپیل کی ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ یمن میں لاکھوں افراد کے لیے خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے امداد دیں۔ اقوام متحدہ کے ہنگامی امداد سے متعلق ادارے OCHA کے مطابق رواں برس یمن میں کئی ملین افراد کو خوراک فراہم کرنے کے لیے تین اعشاریہ آٹھ پانچ ارب ڈالر کی رقم درکار ہے۔ عالمی ادارے کے مطابق یمن میں 29 فیصد افراد کو شدید غربت کا سامنا ہے جب کہ دو اعشاریہ تین ملین بچے خوارک کی شدید قلت کا شکار ہیں۔ عالمی ادارے کا کہنا ہےکہ یمن میں چار لاکھ بچے ایسے بھی ہیں، جنہیں اگر فوری خوراک فراہم نہ کی گئی تو وہ موت کے منہ میں جا سکتے ہیں۔

[pullquote]بیجنگ حکومت عالمی وبا کو غیرملکی صحافیوں کے چین میں داخلے سے روکنے کے لیے استعمال کر رہی ہے، میڈیا گروپ[/pullquote]

چین میں غیرملکی صحافیوں کے کلب ایف سی سی سی نے اپنی سالانہ رپورٹ میں الزام عائد کیا ہے کہ بیجنگ حکومت کورونا وائرس کی وبا کو غیرملکی صحافیوں کے وطن میں داخلے میں مشکلات پیدا کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے ہے کہ چینی حکومت کی جانب سے صحت سے جڑی پابندیوں اور اضافی نگرانی کی نئی پالیسی اصل میں ’صحافیوں کو کنٹرول کرنے کا ایک اور طریقہ‘ ہے۔ غیرملکی صحافیوں کی اس تنظیم کی سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چینی حکومت غیرملکی صحافیوں کو وبا سے جڑی خبروں کو کوور کرنے میں بھی مشکلات پیدا کر رہی ہے۔

[pullquote]امریکا نے افغانستان میں اربوں ڈالر ضائع کیے، امریکی واچ ڈاگ[/pullquote]

امریکی واچ ڈاگ اسپیشل انسپیکٹر جنرل فار افغانستان ری کنسٹرکشن نے آج پیر کے روز جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکا نے جنگ زدہ ملک افغانستان میں عمارات کی تعمیر اور گاڑیوں کی مد میں اربوں ڈالر ضائع کیے۔ اس تنظیم کے مطابق سن 2008 سے اب تک فقط عمارتوں اور گاڑیوں کی مد میں امریکا نے سات اعشاریہ آٹھ ارب ڈالر خرچ کیے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق تین سو تنتالیس ارب ڈالر کی خطیر رقم فقط ان عمارتوں اور گاڑیوں کی دیکھ بھال پر خرچ ہوئی۔ یہ بات اہم ہے کہ صدر جو بائیڈن اس وقت افغانستان سے متعلق نئی امریکی حکمت عملی کی تیاری میں مصروف ہیں۔

[pullquote]دمشق کی فضا میں اسرائیلی میزائل تباہ کر دیے، شامی سرکاری میڈیا[/pullquote]

شام کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ اتوار کے روز شامی فضائی دفاعی نظام نے دمشق کی فضا میں اسرائیلی میزائل تباہ کر دیے۔ یہ بات اہم ہے کہ سن 2011 میں شام میں خانہ جنگی کے آغاز سے اب تک اسرائیل تواتر کے ساتھ حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتا آیا ہے۔ شامی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے گولان کی پہاڑی سلسلے کی جانب سے متعدد میزائل داغے، جن میں سے زیادہ تر کو فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا۔ فی الحال ان حملوں کی وجہ سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے ان شامی رپورٹوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

[pullquote]شمال مشرقی شام میں پھنسے بچوں کو گھر جانے دیا جائے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے اتوار کے روز اپیل کی ہے کہ شمال مشرقی شام میں جیلوں اور کیمپوں میں موجود تمام بچوں کو گھر جانے کی اجازت دی جائے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف کی جانب سے یہ اپیل الہول کے کیمپ میں آتش زدگی کے واقعے میں چار بچوں کی ہلاکت کے بعد سامنے آئی ہے۔ یہ کیمپ دہشت گرد گروہ اسلامک اسٹیٹ سے لڑائی کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے افراد کا ہے۔ عالمی ادارے کے مطابق شمال مشرقی شام میں ہزاروں شامی بچوں کے علاوہ ساٹھ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے بائیس ہزار بچے مختلف جیلوں اور کیمپوں میں موجود ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے