بدھ : 03 مارچ 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]عراق میں فوجی بیس پر راکٹ حملہ[/pullquote]

عراق کے مغربی حصے میں ایک فوجی اڈے پر کم از کم 10 راکٹ داغے گئے ہیں۔ صوبہ انبار میں عین الاسد نامی اس فوجی اڈے پر امریکی سربراہی میں قائم فوجی اتحاد کی فورسز تعینات ہیں۔ اس اتحاد کے ترجمان کرنل ویئن ماروٹو کے مطابق یہ حملہ آج بدھ کی صبح مقامی وقت کے مطابق سات بجکر 20 منٹ پر کیا گیا۔ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا اس حملے میں کوئی جانی یا مالی نقصان ہوا ہے یا نہیں۔ امریکا کی طرف سے گزشتہ ہفتے عراق اور شام کی سرحد کے قریب ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا گروپ کے اہداف کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

[pullquote]جرمنی: لاک ڈاؤن میں خاتمے کے لیے حکومت پر دباؤ[/pullquote]

جرمنی میں کورونا کی وبا کو روکنے کے لیے ملک میں لگائے گئے لاک ڈاؤن کے خاتمے کے لیے مطالبات زور پکڑ رہے ہیں جبکہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل اس لاک ڈاؤن میں توسیع کی خواہاں ہیں۔ اس موضوع پر جرمن چانسلر اور جرمن ریاستی سربراہوں کی بات چیت آج بدھ کے روز ہو رہی ہے۔ اس حوالے سے تیار کی گئی ایک مجوزہ دستاویز کے مطابق ملک میں کاروباروں کی بندش میں 28 مارچ تک کی توسیع کر دی جائے گی۔ دوسری طرف ماہرین نے ملک میں کورونا وائرس کی تبدیل شدہ شکل کے پھیلاؤ کے خطرات سے بھی خبر دار کیا ہے۔

[pullquote]افغانستان میں تین میڈیا ورکرز کی ہلاکت کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی[/pullquote]

افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں گزشتہ روز تین خواتین کی ہلاکت کی ذمہ داری دہشت گرد گروپ داعش نے قبول کر لی ہے۔ یہ تینوں خواتین انعکاس ٹی وی کے لیے کام کرتی تھیں اور ان کی عمریں 18 سے 20 برس کے درمیان تھیں۔ ان کی گاڑی کو اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جب وہ کام کے بعد گھر واپس جا رہی تھیں۔ اس حملے میں ایک اور خاتون زخمی بھی ہوئیں۔ سائٹ نامی انٹیلیجنس گروپ کے مطابق داعش نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے ان خواتین کو نشانہ بنایا۔

[pullquote]میانمار کی سکیورٹی فورسز کی طرف سے مظاہرین پر فائرنگ، دو افراد ہلاک[/pullquote]

میانمار کی سکیورٹی فورسز نے فوجی جنتا کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے مظاہرین پر مختلف مقامات پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ یکم فروری کو فوج کی طرف سے اقتدار پر قبضے کے بعد سے میانمار میں جمہوریت کے حق میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان مظاہروں میں اب تک 21 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ آج بدھ کے روز بھی میانمار کی سکیورٹی فورسز نے ینگون، منڈالے اور دیگر شہروں میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل برسائے اور اور ربڑ کی گولیوں سے فائرنگ کی۔ کئی مقامات پر باقاعدہ گولیاں چلائے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ اس فائرنگ سے مزید دو افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

[pullquote]کورونا کے سبب 168 ملین بچے تعلیم سے محروم، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے بچوں کی بہبود کے ادارے یونیسف کے مطابق کورونا وبا کے خلاف جاری اقدامات کے سبب دنیا بھر میں گزشتہ ایک برس سے 168 ملین سے زائد بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ یونیسیف کے مطابق 214 ملین بچے اپنے درس کے تین چوتھائی حصے سے محروم رہے۔ یونیسیف کی ایگزیکیٹیو ڈائریکٹر ہینریٹا فور نے اس صورتحال کو ’’تباہ کن تعلیمی بحران‘‘ قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے اس ادارے کے مطابق 14 ممالک گزشتہ برس مارچ سے رواں برس فروری تک زیادہ تر لاک ڈاؤن میں رہے۔ ان میں سے دو تہائی لاطینی امریکا اور کیریبیئن کے ممالک ہیں۔

[pullquote]اٹلی نے لاک ڈاؤن میں ایسٹر تک کی توسیع کر دی[/pullquote]

اٹلی نے ملک میں لاگو کورونا لاک ڈاؤن میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ اطالوی وزیر صحت روبرٹو سپرانزا کے مطابق کورونا کے پھیلاؤ کے حوالے سے زیادہ خطرات کے شکار علاقوں یعنی ریڈ زون میں تمام اسکول بھی بند رہیں گے۔ تاہم کام اور ایمرجنسی صورتحال کے لیے باہر نکلنے کی اجازت رہے گی۔ سپرانزا کے مطابق ملک میں کورونا کا تبدیل شدہ وائرس، جو پہلی مرتبہ برطانیہ میں ملا تھا اٹلی میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ملک میں سامنے آنے والے تمام نئے انفیکشنز کے نصف کا سبب یہی وائرس بنا ہے۔

[pullquote]ہالینڈ میں کووڈ انیس کے ٹیسٹنگ سینٹر کے قریب دھماکا[/pullquote]

ہالینڈ میں کووڈ انیس کے ایک ٹیسٹنگ سینٹر کے باہر ایک دھماکا ہوا ہے جس کی وجہ سے اس سینٹر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ڈچ پولیس کے مطابق تاہم اس میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ ہالینڈ کے ایک شمالی شہر بووین کارسپل میں یہ دھماکا مذکورہ ٹیسٹنگ سینٹر کے کھلنے کے کچھ دیر بعد ہوا۔ پولیس کے مطابق اس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے