[pullquote]پاپائے روم شمالی عراق کے دورے پر[/pullquote]
کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس عراق کے اپنے تاریخی دورے پر آج اتوار کو موصل سمیت ملک کے دیگر شمالی علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ سن 2014 میں مسلح گروہ داعش نے ان علاقوں پر قبضہ کرکے لوگوں کا قتل عام کیا تھا اور گرجا گھروں کو تباہ کردیا تھا۔ پاپائے روم کا عراق کا یہ پہلا دورہ ہے۔ ہفتے کو انہوں نے نجف میں شیعہ مسلمانوں کے معتبر اور با اثر رہنما آیت اللہ علی سیستانی سے ملاقات کر کے خطے میں امن اور مذہبی ہم آہنگی کا پیغام دیا تھا۔
[pullquote]سوئیٹزرلینڈ میں نقاب پر پابندی کے لیے ووٹنگ[/pullquote]
سوئٹزرلینڈ میں عوامی مقامات پر خواتین کے نقاب اور برقعہ پہننے پر پابندی کے سوال پر آج رائے شماری ہو رہی ہے۔ اس کے حق میں فیصلہ آنے کی صورت میں مظاہروں میں شریک افراد پر ماسک اور رومال سے چہرہ ڈھانپنے پر بھی پابندی ہوگی۔ سوئس حکومت اس قانون کے حق میں نہیں تاہم ملک کی نیشنل پیپلز پارٹی اور دیگر قوم پرست جماعتوں کا کہنا ہے کہ برقعہ اور نقاب سوئس روایات کے منافی ہیں۔ ملک کی بائیں بازو کی جماعتوں نے مجوزہ قانون کو غیر ضروری اور اسلام مخالف قرار دیا ہے۔
[pullquote]میانمار میں احتجاج جاری، مظاہرین کی پکڑ دھکڑ[/pullquote]
میانمار میں مظاہرین نے فوجی کریک ڈاؤن کے باوجود سڑکوں پر نکل کر پھر احتجاج کیا ہے۔ ہزاروں لوگوں نے فوج کے اقتدار پر قبضے کے خلاف مظاہرہ کیا۔ گزشتہ روز ینگون میں سکیورٹی اہلکاروں کی طرف سے سیاسی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کے دوران نظر بند رہنما آنگ سان سوچی کی جماعت کا ایک عہدیدار ہلاک ہوگیا۔ اقوام متحدہ کے مطابق پہلی فروری کے بعد سے ملک میں کم از کم 54 لوگ مارے جا چکے ہیں جبکہ 1700 گرفتاریاں کی گئی ہیں۔
[pullquote]تائیوان کے معاملے پر چین کی امریکا کو تنبیہ[/pullquote]
چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے صدر جو بائیڈن کی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ تائیوان کے معاملے پر سابق صدر ٹرمپ انتظامیہ کی ’خطرناک روش‘ سے اجتناب کرے۔ بیجنگ میں انہوں نے کہا کہ تائیوان کا معاملہ چین کے لیے ایک سرخ لکیر ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ چین کا دعویٰ ہے کہ تائیوان اس کا حصہ ہے۔ امریکا کے تائیوان کے ساتھ سرکاری سطح پر تعلقات نہیں لیکن غیر رسمی رابطے ہیں۔ چینی وزیر خارجہ نے نئی امریکی حکومت کو دعوت دی کہ وہ عالمی مسائل کے حل کے لیے بیجنگ کے ساتھ تعاون کا راستہ اپنائے۔
[pullquote]دلائی لامہ نے بھی ویکسین لگوا لی[/pullquote]
بدھ مت کے ماننے والوں کے تبتی روحانی پیشوا دلائی لامہ نے کورونا سے بچاؤ کا ٹیکہ لگوا لیا ہے۔ ہفتے کو بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے شہر دھرم شالا میں آسٹرا زینیکا ویکسن لینے کے بعد انہوں نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ ٹیکہ لگوانے سے نہ ہچکچائیں۔ بھارت میں پچھلے سال ستمبر میں کورونا کے روزانہ 90 ہزار نئے کیس سامنے آرہے تھے لیکن اب یہ انفیکشن ریٹ کم ہو گیا ہے۔ بھارتی حکومت کی کوشش ہے کہ جولائی کے آخر تک ملک کی 30 کروڑ آبادی کو ترجیحی بنیادوں پر ٹیکے لگا دیے جائیں۔
[pullquote]انگلینڈ میں پیر سے اسکول کھل جائیں گے[/pullquote]
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے ان کا ملک کئی ماہ کی پابندیوں کے بعد معمول کی زندگی کی طرف لوٹ رہا ہے۔ حکومت نے انگلینڈ میں پیر سے تمام اسکول کھولنے کا اعلان کیا ہے تاہم وزیراعظم جانسن نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ حتی الامکان احتیاط سے کام لیں اور حکومت کی حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔ اگلے مرحلے میں 29 مارچ سے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ چھ کی تعداد میں گھر سے باہر گھومنے کی اجازت دی جائے گی۔
[pullquote]امریکی سینیٹ سے 1.9 ٹریلین ڈالر کا کورونا پیکج منظور[/pullquote]
امریکا کے ایوان بالا نے کورونا سے متعلق معاشی مشکلات سے نمٹنے کے لیے صدر جو بائیڈن کے مجوزہ ریلیف پیکج کی منظوری دے دی ہے۔ ریپبلکن اراکین سینیٹ نے 1.9 ٹریلین ڈالر کے اس پیکج کی بھرپور مخالفت کی۔ صدر جو بائیڈن نے بل کی منظوری کو عوام سے اپنے وعدے پورے کرنے کی سمت ایک بڑا قدم قرار دیا۔ اس پیکج کے تحت بیشتر امریکی شہریوں کو ایک مرتبہ 1,400 ڈالر کی امداد دی جائے گی جبکہ بیروزگار ہو جانے والوں کو ستمبر تک 300 ڈالر فی ہفتہ رقم مہیا کی جائے گی۔
[pullquote]بھارت ہمارے بھگوڑے پولیس والے واپس کردے، میانمار[/pullquote]
میانمار نے بھارتی حکومت سے کہا ہے کہ وہ میانمار سے بھاگ کر بھارت پہنچنے والے آٹھ پولیس اہلکار واپس اس کے حوالے کردے۔ ان سکیورٹی اہلکاروں کے بارے میں خیال ہے کہ انہوں نے فوجی جنتا کے احکامات ماننے سے انکار کردیا تھا۔ بھارتی حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں میانمار کے پچاس کے قریب شہری بھارت میں پناہ لینے داخل ہوئے ہیں جبکہ مزید کم از کم 85 لوگ انتظار میں ہیں۔ میانمار میں اقتدار پر قبضے کے بعد فوجی حکومت عوامی مظاہرے کچلنے کی کوشش میں مصروف ہے اور اب تک تشدد کے واقعات میں 50 سے زائد لوگ مارے جا چکے ہیں۔