برطانوی شہزادے ہیری کو امریکی ادارے میں ملازمت مل گئی

برطانوی شہزادے ہیری نے امریکی کوچنگ اور ہیلتھ فرم میں ملازمت اختیار کرلی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق شہزادہ ہیری نے امریکی کوچنگ اور مینٹل ہیلتھ فرم بیٹر اپ میں بطور چیف امپیکٹ آفیسر ملازمت اختیار کی ہے جس کی تصدیق خود شہزادہ ہیری کی جانب سے جاری بیان میں کی گئی ہے۔

شہزادہ ہیری نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اپنی نئی ملازمت کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں البتہ ان کی ذمہ داریوں، ملازمت کے اوقات اور تنخواہ کے حوالے سے اب تک کچھ واضح نہیں ہے۔

شہزادہ ہیری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ نئی ذمے داریوں میں ان کا مقصد ذہنی صحت کے حوالے سے اہم مباحثے، رحم دل، معاون کمیونٹیز کی تشکیل اور ایک شفاف ماحول کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق فرم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا کہنا ہےکہ شہزادہ ہیری کی ذمہ داریاں ایسی نہیں ہوں گی جس میں ملازمین یا دیگر لوگ ان کو براہ راست رپورٹ کریں بلکہ وہ سان فرانسسکو میں قائم کمپنی کے ہیڈ کوارٹر میں اپنا وقت گزاریں گے۔

امریکی میڈیا کا بتانا ہے کہ کمپنی کے بطور پہلے چیف امپیکٹ آفیسر یہ امکان ہےکہ شہزادہ ہیری کی ذمے داریاں پروڈکٹ اسٹریٹیجی کے حوالے سے اقدامات اور چیریٹی سے متعلق ہوں جب کہ انہیں عوامی سطح پر ذہنی صحت کے حوالے سے بھی بات کرنا ہوگی۔

خیال رہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ نے گزشتہ سال مارچ میں شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کی اور خود مختار طور پر زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا۔

جب کہ اپنے حالیہ انٹرویو میں ہیری کی اہلیہ میگھن نے شاہی خاندان سے متعلق کئی انکشافات کیے اور ان پر نسل پرستی کا بھی الزام لگایا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے