منگل : 06 اپریل 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]عمرے کے لیے کورونا ویکسین لازمی قرار[/pullquote]

سعودی حکومت نے رمضان میں عمرے کے لیے جانے والوں کے لیے نئے ضوابط کا اعلان کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کے پیش نظر اب صرف ان افراد کو عمرے کی اجازت ہوگی جنہوں نے کورونا ویکسین لگوائی ہوئی ہو۔ ایک بیان میں سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ عمرے کے خواہشمند افراد کے لیے کورونا ویکسین کا سرٹیفیکیٹ سرکاری ایپ پر ڈالنا لازمی ہوگا۔ سعودی حکومت نے پچھلے سال وبا کے باعث صرف دس ہزار لوگوں کو حج کی اجازت دی اور بعد میں سات ماہ کی بندش کے بعد اکتوبر سے عمرے کی اجازت بھی جزوی طور پر بحال کی۔

[pullquote]نیتن یاہو کو اسرائیل کی نئی حکومت بنانے کی دعوت[/pullquote]

اسرائیلی صدر نے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کو نئی حکومت بنانے کی دعوت دے دی ہے۔ تاہم منگل کو ایک بیان میں صدر روون رِیولِن نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ اس وقت متوقع امیدواروں میں سے کوئی بھی اس پوزیشن میں ہے کہ پارلیمان کا اعتماد حاصل کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کئی لوگوں کی رائے ہے کہ ایک ایسے امیدوار کو حکومت بنانے کی دعوت نہیں دینی چاہییے جسے کرمنل کیسز کا سامنا ہو۔ تاہم انہوں نے کہا کہ قانون میں اس کی گنجائش موجود ہے۔ صدر کے مطابق اسرائیل کی 120 رکنی پارلیمان میں 52 ارکان نے بینجمن نیتن یاہوکی حمایت کی ہے۔

[pullquote]امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ بات چیت[/pullquote]

آسٹریا کے دارلحکومت ویانا میں امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات آج سے دوبارہ شروع ہو رہے ہے۔ فریقین کے درمیان یہ بالواسطہ بات چیت یورپی یونین کے توسط سے ہو رہی ہے۔ ایران نے امریکا کی طرف سے عائد اقتصادی پابندیوں کے خاتمے تک واشنگٹن سے براہ راست بات چیت سے انکار کر رکھا ہے۔ امریکا اور پانچ دیگر عالمی طاقتوں نے سن دو ہزار پندرہ میں صدر باراک اوباما کے دور میں ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ کیا تھا۔ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ 2018 میں اس معاہدے سے یکطرفہ طور پر الگ ہو گئے تھے۔ واشنگٹن میں صدر جو بائیڈن کے اقتدار میں آنے کے بعد امریکا یہ معاہدہ بحال کرنا چاہتا ہے۔ امریکا کے علاوہ چین، فرانس، جرمنی، روس اور برطانیہ بھی اس عالمی ڈیل کا حصہ ہیں۔

[pullquote]اردن کے شہزادے کا شاہ عبداللہ سے عہد وفاداری[/pullquote]

اردن میں شاہی محل کا کہنا ہے کہ سابق ولی عہد شہزادہ حمزہ نے ایک خط میں شاہ عبداللہ سے وفاداری کا عہد کر لیا ہے۔ شہزادہ حمزہ کو بیرونی عناصر کی مدد سے ملکی سلامتی غیر مستحکم کرنے کے الزام میں دو روز پہلے گھر پر نظر بند کردیا گیا تھا۔ اطلاعات ہیں کہ شہزادے کا خط شاہی خاندان کی طرف سے غلط فہمیاں دور کرنے کی کوششیں کامیاب ہونے کے بعد جاری کیا گیا۔ اس خط میں شہزادہ حمزہ نے کہا کہ ملکی مفاد ہر چیز سے بالاتر ہے اور اس کے تحفظ کے لیے سب کو بادشاہ کے پیچھے کھڑا ہونا چاہیے۔

[pullquote]آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان سفر بحال[/pullquote]

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے ایک دوسرے کے شہریوں کے لیے سفری پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ فیصلے کے تحت دونوں ملکوں کے مسافروں کے لیے قرنطینہ کی شرط ختم کردی گئی ہے۔ پچھلے سال برس اکتوبر سے نیوزی لینڈ کے شہریوں کو بغیر قرنطینہ آسٹریلیا جانے کی اجازت تھی لیکن آسٹریلوی شہریوں کو یہ سہولت میسر نہیں تھی۔ لیکن اب دونوں ملکوں کی حکومتوں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ ضوابط میں نرمی کا اطلاق انیس اپریل سے ہوگا۔

[pullquote]شمالی کوریا ٹوکیو اولمپکس سے دستبردار[/pullquote]

شمالی کوریا نے کہا ہے وہ اس سال کورونا وبا کی وجہ سے ٹوکیو اولمپکس میں شرکت نہیں کرے گا۔ اس فیصلے سے یہ توقعات دم توڑ گئی ہیں کہ اولمپکس کے موقع پر شاید شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں مدد ملتی۔ تین سال پہلے دونوں ملکوں نے سرمائی اولمپکس مقابلوں میں مشترکہ ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا، جس سے دونوں ملکوں کے سربراہان کے درمیان تاریخی ملاقات کی راہ ہموار ہوئی تھی۔ اب تک شمالی کوریا ٹوکیو اولمپکس سے دستبردار ہونے والا پہلا ملک ہے۔

[pullquote]بھارت، ریاستی الیکشن میں آج ووٹنگ جاری[/pullquote]

بھارت میں مرحلہ وار ریاستی انتخابات میں بیس کروڑ سے زائد لوگ آج اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ جن ریاستوں میں پولنگ ہو رہی ہے اُن میں آسام، بنگال، کیرالا، تامل ناڈو کے علاوہ پدوچیری شامل ہے۔ یہ الیکشن آٹھ مرحلوں میں ہورہا ہے۔ نتائج کا اعلان دو مئی کو کیا جائے گا۔ انتخابی عمل ایک ایسے وقت جاری ہے جب ملک میں کورونا وبا کی دوسری لہر کے دوران بعض ریاستوں میں کیسز میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ گزشتہ روز بھارت میں ایک لاکھ سے زائد نئے کیسز سامنے آئے۔ تعداد کے لحاظ سے بھارت اس وقت دنیا میں امریکا اور برازیل کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔

[pullquote]پوٹن نے اپنی مدت صدارت میں توسیع کے قانون پر دستخط کر دیے[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے اس قانونی بل پر دستخط کر دیے ہیں جس کے تحت وہ 2036ء تک اقتدار میں رہ سکتے ہیں۔ اس قانون کے لیے آئینی تبدیلیوں کی ضرورت تھی جس کے لیے ووٹنگ گزشتہ برس عمل میں آئی تھی۔ یکم جولائی کو ہونے والی ووٹنگ میں ایک شق کے تحت صدر پوٹن مزید دو ادوار کے لیے روس کے صدر بن سکتے ہیں۔ 68 سالہ پوٹن دو دہائیوں سے زائد عرصے سے اقتدار میں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس بات کا فیصلہ وہ بعد میں کریں گے کہ سن 2024ء میں اپنی مدت صدارت کے بعد وہ دوبارہ صدارتی امیدوار ہوں گے یا نہیں۔

[pullquote]انڈونیشیا اور مشرقی تیمور میں سیلاب، ہلاکتیں 150 ہوگئیں[/pullquote]

انڈونیشیا اورمشرقی تیمور میں شدید بارشوں اور سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر کم ازکم ڈیڑھ سو ہو گئی ہیں۔ انڈونیشیا میں آفات سے نمٹنے والے قومی ادارے کے مطابق ستر سے زائد افراد لاپتہ ہیں جن کی بازیابی کے لیے ریسکیو ٹیمیں اپنی کوششیں کر رہی ہیں۔ لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنےسے کوئی دس ہزار لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔ کورونا کے خدشات کے پیش نظر حکام کو بے گھر ہوجانے والے خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں دشواری آ رہی ہے۔ امدادی کارکنوں کے مطابق انہیں متاثرین کے لیے دوائیوں، طبی عملے، کمبل، بستروں اور خیموں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے