اتوار : 02 مئی 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت میں مسلسل چوتھے روز بھی تین ہزار سے زائد اموات[/pullquote]

بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کووڈ انیس کے مزید تین ہزار چھ سو نواسی مریض انتقال کر گئے۔ بھارت میں کورونا وائرس کے باعث ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد اب دو لاکھ پندرہ ہزار چھ سو کے قریب ہو گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وہاں مزید تقریباﹰ تین لاکھ ترانوے ہزار نئی انفیکشنز بھی ریکارڈ کی گئیں۔ یوں آج اتوار کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 19.5 ملین ہو گئی۔ کل صبح جاری کردہ یومیہ سرکاری ڈیٹا کے مطابق کورونا کے نئے متاثرین کی تعداد چار لاکھ سے بھی زیادہ رہی تھی۔ حکومتی بیانات کے مطابق ایک ارب تیس کروڑ کی آبادی والے بھارت میں 18 سال سے زائد عمر کے تمام شہریوں کو ویکسین لگانے کے فیصلے پر عمل درآمد کے آغاز کے بعد پہلے دن کل ہفتے کو پورے ملک میں 86 ہزار نوجوانوں کو ویکسین لگائی گئی۔

[pullquote]جرمن فوجی طیارہ طبی امدادی سامان لے کر بھارت پہنچ گیا[/pullquote]

جرمن فضائیہ کا ایک طیارہ 120 وینٹیلیٹرز اور طبی شعبے سے تعلق رکھنے والے 13 فوجیوں کو لے کر کورونا وائرس کی وبا سے شدید متاثرہ ملک بھارت پہنچ گیا۔ ہفتے کے روز نئی دہلی پہنچنے والے اس فوجی طیارے میں عموماً جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور حکومتی اراکین سفر کرتے ہیں۔ مغربی شہر کولون سے روانہ ہونے والے اس ہوائی جہاز کے ساتھ 13 طبی ماہرین کی جو موبائل آکسیجن ٹیم بھارت پہنچی ہے، وہ آئندہ دو ہفتوں تک بھارت میں موبائل آکسیجن پروڈکشن یونٹوں کی تنصیب میں مدد کرے گی۔ اس کے علاوہ یہ جرمن طبی وفد بھارت میں بین الاقوامی ریڈ کراس کی مدد بھی کرے گا۔ 1.3 بلین کی آبادی والے ملک بھارت کو اس وقت کورونا وائرس کی وبا کی تیسری اور نہایت خطرناک لہر کا سامنا ہے۔ وہاں نئی کورونا انفیکشنز اور کووڈ انیس کے باعث روزانہ ہلاکتوں کی تعداد ریکارڈ حد تک زیادہ ہے۔

[pullquote]جنگ زدہ شام میں کورونا وائرس کے خلاف ویکسینیشن مہم کا آغاز[/pullquote]

کئی برسوں سے خانہ جنگی کے شکار ملک شام میں کورونا وائرس کی وبا کے خلاف ویکسینیشن مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ شامی باغیوں کے زیر قبضہ آخری محصور علاقے میں ایک 45 سالہ فرنٹ لائن نرس کو کورونا ویکسین لگا دی گئی۔ یہ نرس ادلب شہر کے ابن سینا ہسپتال کے عملے کی رکن ہیں۔ 21 اپریل کو ایسٹرا زینیکا ویکسین کی تقریباﹰ چوّن ہزار خوراکیں ترکی کے ذریعے شمال مغربی شام پہنچائی گئی تھیں۔ ادلب میں محکمہ صحت کے مقامی حکام کے مطابق شام کو یہ ویکسین اقوام متحدہ کے ’کوویکس پروگرام‘ کے تحت مہیا کی گئی ہے۔ عالمی ادارے کی طرف سے اس پروگرام کے تحت دنیا بھر کے غریب اور ترقی پذیر ملکوں کو کورونا ویکسینز مہیا کی جا رہی ہیں۔

[pullquote]آئی ایس ایس کے چار خلا بازوں کی اسپیس ایکس کے ذریعے زمین پر واپسی[/pullquote]

بین الاقوامی خلائی اسٹیشن آئی ایس ایس میں قریب چھ ماہ گزارنے کے بعد چار خلا باز بحفاظت واپس زمین پر پہنچ گئے۔ امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق نجی کمپنی اسپیس ایکس کا ’کریو ڈریگن‘ نامی کیپسول تین امریکی خلا بازوں اور ان کے ایک جاپانی ساتھی کو لے کر امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحلوں کے قریب خلیج میکسیکو کے پانیوں میں بحفاظت اتر گیا۔ ارب پتی امریکی کاروباری شخصیت ایلون مسک کی نجی کمپنی کے ذریعے گزشتہ برس نومبر میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچنے والا یہ پہلا خلائی عملہ تھا۔

[pullquote]کابل میں ایندھن کے کئی ٹینکروں کو آگ لگ گئی: سات افراد ہلاک، چودہ زخمی[/pullquote]

افغان دارالحکومت کے شمالی حصے میں ایندھن کے متعدد ٹینکروں کو لگنے والی آگ کے سبب سات افراد ہلاک اور چودہ دیگر زخمی ہو گئے۔ ملکی وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ ہفتے کو رات گئے یہ آگ اچانک ایک ایسے علاقے میں لگی، جہاں ایندھن سے بھرے درجنوں ٹینکر پارک کیے گئے تھے۔ اس آتش زدگی کی زد میں ایک مقامی پٹرول اسٹیشن بھی آ گیا۔ یہ واضح نہیں کہ یہ آگ کس وجہ سے لگی۔ افغانستان میں تقریباﹰ بیس سال تک اپنی موجودگی کے بعد غیر ملکی فوجی دستوں نے کل یکم مئی کو اس ملک سے اپنے حتمی انخلا کا باقاعدہ عمل شروع کر دیا تھا۔

[pullquote]ایرانی شہر قُم کے نزدیک کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی[/pullquote]

ایرانی میڈیا کے مطابق آج اتوار کو وسطی ایران کے شہر قُم کے نزدیک ایک کیمیکل فیکٹری میں آگ لگ گئی، جسے بجھانے کی کوشش کے دوران فائر بریگیڈ کے چند کارکن زخمی ہو گئے۔ ویڈیو فوٹیج کے مطابق موالدان کیمیکل فیکٹری میں لگی آگ کا گہرا سیاہ دھواں آسمان پر بہت اوپر تک اٹھتا دکھائی دیا۔ اس آتش زدگی کی وجہ تاحال غیر واضح ہے۔ فائر بریگیڈ کے کارکن اس آگ کو اس فیکٹری میں کیمیائی مادوں کے بہت بڑے بڑے ٹینکوں تک پہنچنے سے روکنے میں کامیاب رہے۔ ایک زخمی کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔

[pullquote]سمندر سے ریکسیو کیے گئے سینکڑوں تارکین وطن اب اطالوی جزیرے سسلی پر[/pullquote]

’اوشن وائکنگ‘ نامی امدادی بحری جہاز کے ذریعے بحیرہ روم سے ریکسیو کیے گئے 230 سے ​​زائد تارکین وطن کو اطالوی جزیرے سِسلی پہنچا دیا گیا ہے۔ ان مہاجرین میں نصف تعداد تنہا سفر کرنے والے کم سن بچوں کی ہے، جو دیگر مہاجرین کے ساتھ اب اٹلی کے اس جزیرے کی آؤگُسٹا نامی بندرگاہ پر پہنچ چکے ہیں۔ امدادی تنظیم ’ایس او ایس میڈی ٹیرانے‘ کا ’اوشن وائکنگ‘ نامی بحری جہاز بحیرہ روم میں ہنگامی حالات کے شکار ان تارکین وطن کو ریسکیو کرتا ہے، جو غیر محفوظ کشتیوں کے ذریعے یورپ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ دوسری طرف ایسے تارکین وطن کی مدد کرنے والی جرمن تنظیم ’سی واچ‘ کے کارکنوں نے بھی گزشتہ دو روز کے دوران بحیرہ روم میں مختلف کشتیوں میں سورا ہو کر یورپ کی طرف سفر کرنے والے ساڑھے چار سو سے زائد مہاجرین کو بچا لیا۔

[pullquote]کینیا میں عوامی احتجاج کے دوران ڈی ڈبلیو کی صحافی پر پولیس کا حملہ[/pullquote]

نیروبی میں ہفتے کے روز ایک مظاہرے کی کوریج کے دوران ڈوئچے ویلے کی ایک خاتون صحافی پر پولیس نے حملہ کر دیا۔ مشرقی افریقی ملک کینیا کی پولیس کی طرف سے ڈی ڈبلیو کی نامہ نگار ماریئل میولر کے خلاف آنسو گیس استعمال کی گئی۔ ان پر براہ راست فائر کیے گئے آنسو گیس کے دو شیلز میں سے ایک ان کی ٹانگ پر لگا، جس سے وہ زخمی ہو گئیں۔ پولیس حملے کے وقت ماریئل میولر نیروبی میں پولیس کی طرف سے زیادتیوں اور کورونا لاک ڈاؤن کے خلاف ایک پرامن عوامی مظاہرے کے شرکاء کے انٹرویو کر رہی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ مظاہرین ہر طرح کی اشتعال انگیزی سے بچتے اور سماجی فاصلوں کا مکمل خیال رکھتے ہوئے احتجاج کر رہے تھے کہ پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس استعمال کرنا شروع کر دی۔

[pullquote]جان بچانے والے طبی سامان کی عدم فراہمی پر بھارتی حکام کو سزا کی عدالتی تنبیہ[/pullquote]

بھارت کی ایک عدالت نے کہا ہے کہ وہ عام کورونا متاثرین کی جانیں بچانے کے لیے ضروری ادویات اور طبی امداد فراہم نا کرنے والے حکومتی اہلکاروں کو اب سزائیں سنانا شروع کر دے گی۔ نئی دہلی کی ایک عدالت کی طرف سے یہ بات ایک بھارتی ہسپتال میں آتش زدگی کے واقعے میں کل ہفتے کے روز کووڈ انیس کے کم از کم اٹھارہ مریضوں کی ہلاکت کے پس منظر میں آج کہی گئی۔ آتش زدگی کا یہ واقعہ ریاست گجرات کے ایک ہسپتال کے کورونا وارڈ میں پیش آیا تھا۔ بھارتی حکومت اس وقت ملکی ریلوے، فضائیہ اور بحریہ سمیت ہر قسم کے ذرائع ترسیل بروئےکار لاتے ہوئے کورونا کی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں آکسیجن ٹینکرز پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ بھارتی ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی جانیں بچانے کے لیے اہم ترین سہولیات خاص طور پر آکسیجن سلنڈرز کی شدید قلت ہے۔

[pullquote]وینزویلا میں کارکنوں کی کم از کم اجرت میں تین گنا اضافہ[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں مزدوروں کی کم از کم ماہانہ اجرت میں تین گنا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ملکی وزیر محنت ایڈوآرڈو پینیاٹے نے یہ اعلان مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر دارالحکومت کراکس میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مزدوروں کی کم از کم اجرات میں اس اضافے کی ایک بڑی وجہ اس ملک میں انتہائی زیادہ حد تک مہنگائی ہے۔ وینزویلا میں کم از کم اجرت پانے والے مزدور اپنی کمائی سے ایک کلو گوشت بھی نہیں خرید سکتے۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے