پیر : 10 مئی 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران نے سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات کی تصدیق کردی[/pullquote]

ایران کی جانب سے پہلی مرتبہ خطے میں اپنے حریف ملک سعودی عرب کے ساتھ براہ راست مذاکرات کی تصدیق کی گئی ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق یہ بات چیت دوطرفہ اور علاقائی امور پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک نے سن 2016 سے سفارتی تعلقات منقطع کر رکھے ہیں۔ سعودی عرب اور ایران اپنے مسلکی اور سیاسی اختلافات کے باعث خطے میں اپنا اپنا اثرورسوخ بڑھانے کے لیے کوششیں زور لگاتے آئے ہیں۔ دنوں ممالک مبینہ طور پر یمن، شام اور عراق میں متحارب عسکری قوتوں کی پشت پناہی کرتے ہیں۔

[pullquote]مشرقی یروشلم میں تازہ جھڑپیں، سینکڑوں مظاہرین زخمی[/pullquote]

مشرقی یروشلم میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان آج پیر کو تازہ جھڑپوں کے نتیجے میں سینکڑوں افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ مسجد الاقصیٰ کے قریب پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا جبکہ فلسطینی مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا ۔ طبی رضاکاروں کے مطابق ان پرتشدد جھڑپوں میں کم ازکم ایک سو اسی فلسطینی زخمی ہوگئے، جن میں سے اسی کے قریب ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ یہ جھڑپیں یہودی گروپوں کی طرف سے سالانہ ‘یروشلم ڈے پریڈ’ سے کچھ دیر قبل پیش آئی ہیں۔ یہ ریلی سن 1967 میں اسرائیل کے مشرقی یروشلم پر قبضے کی یاد میں نکالی جاتی ہے۔

[pullquote]افغان طالبان کی طرف سے عید پر تین روزہ جنگ بندی کا اعلان[/pullquote]

افغانستان میں طالبان نے عیدالفطر کے موقع پر تین روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ اعلان کے چند گھنٹے بعد ہی جنوبی صوبے زابل صوبے میں ایک بس پر بم حملے کیا گیا، جس میں کم از کم گیارہ لوگ مارےگئے۔ طالبان کے مطابق جنگ بندی عید کا چاند نظر آنے کے بعد سے شروع ہوگی۔ افغان حکومت نے اس اعلان پر ابھی تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ اس سے پہلے ایک بیان میں افغان طالبان نےکابل میں لڑکیوں کے ایک اسکول پر حملے میں ملوث ہونے سے انکار کیا۔ اس بم حملے میں کم از کم پچاس جانیں ضائع ہو ئیں جن میں اکثریت بچیوں کی تھی۔

[pullquote]ایران کی کربلا میں اپنے قونصل خانے پر حملے کی مذمت[/pullquote]

ایران نے عراقی شہر کربلا میں اپنے قونصل خانے پر حالیہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ عراقی حکومت پر اپنے ملک میں سفارتی مقامات کو سنبھالنے کی بین الاقوامی ذمہ داری ہے، جو کہ کربلا میں پوری نہیں کی گئی۔ کربلا میں گزشتہ روز ایک مظاہرے کے دوران بعض مشتعل افراد نے ایرانی قونصلیٹ پر حملہ کردیا تھا۔ عراقی پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ کی گئی، جس میں دس افراد زخمی ہوگئے۔

[pullquote]اٹلی: دوہزار سے زائد مہاجرین بحیرہ روم کے جزیرے پر پہنچ گئے[/pullquote]

بحیرہ روم میں کشتیوں کے ذریعے اٹلی پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ ہفتے کے اواخر میں متعدد کشتیوں میں سوار تقریباﹰ چودہ سو پناہ گزین اطالوی جزیرے لامپے ڈوسا تک پہنچے تھے۔ تاہم اطالوی سرکاری ریڈیو کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لامپے ڈوسا پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد اکیس سو سے تجاوز کر چکی ہے۔ لامپے ڈوسا کا چھوٹا سا جزیرہ شمالی افریقہ اور سِسلی کے درمیان واقع ہے۔ پچھلے چند ہفتوں کے دوران سمندری ریسکیو کارکنان نے خبردار کیا تھا کہ لیبیا سے بڑی تعداد میں ربڑ اور لکڑی کی چھوٹی کشتیوں میں سوار مہاجرین یورپ پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

[pullquote]آنگ سان سوچی چوبیس مئی کو عدالت میں پیش ہوں گی، وکیل[/pullquote]

میانمار کی نظر بند رہنما آنگ سان سوچی کے خلاف زیرالتوا مقدمات کی سماعت کے لیے جج نے ان کو براہ راست پیش عدالت ہونے کا حکم دیا ہے۔ سوچی کے وکیل کے مطابق وہ چوبیس مئی کو عدالت میں حاضر ہوں گی۔ اس سے پہلے سوچی ویڈیو کانفرنس کے ذریعے عدالتی کارروائی میں شرکت کرتی رہی ہیں۔ لیکن پیر کے روز جج نے ان کی رہائش گاہ کے قریب ایک خصوصی عدالتی کمرے میں تمام مقدمات کی سماعت کے احکامات جاری کیے ہیں۔ میانمار میں پہلی فروری کو فوج نے منتخب جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار اپنے ہاتھ میں لیا تھا۔ تب سے فوجی حکام نے نوبل انعام یافتہ رہنما آنگ سان سوچی پر متعدد مقدمات قائم کرکے انہیں زیر حراست رکھا ہوا ہے۔

[pullquote]امریکا: کولاراڈو میں فائرنگ، سات افراد ہلاک[/pullquote]

امریکی ریاست کولاراڈو کے شہر کولاراڈو اسپرنگس کے قریب سالگرہ ایک کی تقریب میں ایک شخص نے فائرنگ کرکے کم از کم سات افراد ہلاک کردیے ہیں۔ یہ واقعہ اتوار کے روز پیش آیا جب مشتبہ حملہ آور نے اپنی گرل فرینڈ سمیت دیگر افراد پر گولیاں چلا دیں۔ جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو وہاں چھ لاشیں پائی گئیں جبکہ ایک شدید زخمی شخص بعد میں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ واردات کے بعد حملہ آور نے خود کو بھی گولی مار دی۔ اس واردات کے اصل مقصد اور حملہ آور کی شناخت کے حوالے سے تفصیلات ابھی جاری نہیں کی گئی ہیں۔

[pullquote]جرمنی: اولاف شولس سوشل ڈیموکریٹس کے چانسلر امیدوار ہوں گے[/pullquote]

جرمنی کی سوشل ڈیموکریٹک جماعت نے ستمبر کو عام انتخابات میں چانسلر کے عہدے کے لیے اولاف شولس کا انتخاب کرلیا ہے۔ ایس پی ڈی نے یہ فیصلہ اتوار کو پارٹی کے آن لائن اجلاس میں کیا۔ اولاف شولس اس وقت چانسلر میرکل کی حکومت میں وزیر خزانہ کے عہدے پر فائز ہیں۔ ان کی جماعت ایس پی ڈی نے اپنے انتخابی پروگرام میں سماجی مساوات اور ماحولیاتی تحفظ کو ترجیح دی ہے۔ تاہم رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق سوشل ڈیموکریٹس کی عامی حمایت فی الحال چانسلر میرکل کی جماعت سی ڈی یو اور گرین پارٹی سے کافی کم ہے۔

[pullquote]صومالیہ، خودکش دھماکے سے چھ افراد ہلاک[/pullquote]

صومالیہ کے دارالحکومت موغا دیشو میں ایک خودکش بمبار نے پولیس اسٹیشن پر حملہ کر دیا ہے، جس میں پولیس کے مطابق کم از کم چھ افراد ہلاک مارے گئے ہیں۔ پولیس کے ترجمان صادق علی ادین نے بتایا کہ خودکش بمبار نے اتوار کی شب موغادیشو کے وبیری ضلع میں واقع ایک پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا۔ اس حملے میں چھ لوگ زخمی بھی ہیں۔ القاعدہ سے منسلک مسلح گروہ الشباب نے اس حملے کی ذمہ داری لی ہے۔ موغادیشو میں برسرپیکار الشباب گروہ اکثر سکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتا رہا ہے۔

[pullquote]امریکی پائپ لائن پر ’سائبر حملہ‘[/pullquote]

امریکی ریاست جیورجیا میں ڈارک سائڈ نامی ایک جرائم پیشہ گروہ نے کولونیئل نامی پائپ لائن کے نیٹ ورک پر ممکنہ طور پر سائبر حملہ کیا ہے۔ تفتیشی اہلکاروں کے مطابق یہ گروہ بڑے اداروں کے سسٹم ہیک کر کے بھاری تاوان کا مطالبہ کرتا ہے اور پھر ’رابن ہوڈ‘ کی طرح تاوان کی رقم سے خیراتی اداروں کی مدد کرتا ہے۔ اس سائبر حملے کی وجہ سے گزشتہ تین روز سے کولونیئل پائپ لائن سے ایندھن کی ترسیل کا نیٹ ورک شدید متاثر ہوچکا ہے۔ یہ کمپنی امریکا کی مشرقی ساحلی پٹی کی ریاستوں کو پینتالیس فیصد ایندھن فراہم کرتی ہے۔ کولونیل کمپنی کے مطابق ہیکرز نے ان کے نیٹ ورک سسٹم پر سائبر حملہ کیا ہے۔ عام طور پر ہیکرز انکریپٹڈ ڈیٹا کے ساتھ کمپیوٹر سسٹم لاک کرتے ہیں اور پھر بڑے تاوان کے بدلے اس کو بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

[pullquote]اسرائیل مشرقی یروشلم میں ’تحمل‘ سے کام لے، اقوام متحدہ[/pullquote]

مشرقی یروشلم شہر کے علاقے شیخ جراح میں گزشتہ تین روز سے جاری جھڑپوں میں کم ازکم تین سو فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جبکہ بعض اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے بھی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اقوام متحدہ نے اسرائیل سے ’تحمل‘ کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تازہ جھڑپوں کے بعد اسرائیلی وزارت انصاف نے مشرقی یروشلم سے فلسطینیوں کی ممکنہ جبری بے دخلی سے متعلق سماعت مؤخر کر دی ہے۔ وزارت انصاف کے مطابق سماعت کی نئی تاریخ آئندہ تیس دن میں طے کی جائے گی۔ دوسری جانب اسرائیلی حکومت نے آج پیر کو یہودی گروپوں کو سالانہ ‘یروشلم ڈے پریڈ’ کی اجازت دے دی ہے، جس سے کشیدگی میں اضافے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے