ہفتہ : 22 مئی 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اسرائیلی فلسطینی فائربندی پر عمل درآمد، امداد غزہ پہنچا شروع ہو گئی[/pullquote]

اسرائیل اور فلسطینی جنگجوؤں کے درمیان فائربندی پر عمل درآمد جاری ہے۔ ہفتے کو غزہ پٹی میں امدادی سامان کی فراہمی کا بھی آغاز ہو گیا ہے۔ گیارہ روز تک جاری رہنے والے اس خونریز تنازعے کے دوران ہزاروں بے گھر فلسطینی اب اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہیں۔ دوسری جانب راکٹ حملوں کی بندش کے بعد اسرائیل میں بھی زندگی معمول کی جانب لوٹنا شروع ہو گئی ہے۔ اب بین الاقوامی توجہ غزہ پٹی پر شدید اسرائیلی بمباری کے تناظر میں غزہ میں تعمیر نو پر موکوز ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ کے لیے اٹھارہ اعشاریہ پانچ ملین ڈالر کی ہنگامی امداد پہنچائی جا رہی ہے۔

[pullquote]سامیت دشمن واقعات رونما ہو سکتے ہیں، جرمن حکام[/pullquote]

جرمن پولیس کو ملک میں فلسطینیوں کی حامی ریلیوں میں سامیت مخالف واقعات کے حوالے سے الرٹ کیا گیا ہے۔ ہفتے کو جرمن دارالحکومت برلن میں فلسطینیوں کے حق میں دو بڑی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پوسٹ ڈامر پلاٹس پر نکالی جانے والی ریلی میں قریب دو ہزار افراد شریک ہو سکتے ہیں۔ منتظمین نے اس ریلی کو ’فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف ریلی‘ کا نام دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر تین ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، تاکہ حالات قابو میں رہیں۔ واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطینی جنگجوؤں کے درمیان جمعے کے روز سے فائربندی پر عمل درآمد جاری ہے۔

[pullquote]بائیڈن فلسطینی اسرائیلی فائربندی کے لیے ’دعاگو‘[/pullquote]

امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی فلسطینی فائربندی قائم رہنے کے لیے ’دعاگو‘ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تنازعے کا دیرپا جواب صرف دو ریاستی حل میں پنہاں ہے۔ وائٹ ہاؤس میں صدر جوبائیڈن نے کہا کہ فائربندی کے ذریعے ایک عمدہ موقع پیدا ہوا ہے کہ دو ریاستی حل کی سمت میں آگے بڑھا جائے۔ جوبائیڈن نے کہا کہ حماس ایک دہشت گرد تنظیم ہے تاہم امریکا غزہ پٹی میں رہنے والے فلسطینیوں کی مدد فلسطینی اتھارٹی کے ذریعے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی تعمیر نو کے لیے ایک ’بڑا پیکیج‘ مہیا کیا جائے گا۔

[pullquote]ڈیموکریٹک ریپبلک کانگو کی فضائی حدود میں دو طیارے تصادم سے بال بال بچے[/pullquote]

ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو کے حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ ملکی فضائی حدود میں پرتگالی ایئرلائن ٹی اے پی اور ایتھوپیئن ایئرلائن کے مسافر بردار طیارے تصادم سے بال بال بچے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے وزیرٹرانسپورٹ چروبین اکیڈے سینگا کے ایک حکومتی مراسلے کے حوالے سے بتایا ہے کہ دونوں طیاروں کا اس حد تک قریب آنا پائلٹوں اور زمین پر ڈیموکریٹک ریپبلک کانگو کے لوبوماشی ایئرپورٹ کے حکام کے درمیان کمیونیکشن نہ ہونے کی وجہ سے ہوا۔ ٹی اے پی کا طیارہ لزبن سے موزمبیق جا رہا تھا جب کہ ایتھوپیئن ایئرلائن کا طیارہ ادیس آبابا سے نمیبیا کی جانب محو پرواز تھا۔

[pullquote]شامی مہاجر بستی سے عراقی شہریوں کی واپسی کا آغاز[/pullquote]

عراقی حکومت پہلی بار شام میں قائم ایک مہاجر بستی سے سو عراقی خاندانوں کی واپسی کا عمل شروع کر رہی ہے۔ مشرق وسطیٰ کے لیے اعلیٰ امریکی جنرل فرینک مک کینزی نے اس اقدام کو امید افزا علامت قرار دیتے ہوئیے کہا کہ اس اقدام سے شام میں الہول کیمپ اور دیگر مہاجر بستیوں کی آبادی کم ہو گی۔ یہ بات اہم ہے کہ الہول کی مہاجر بستی کو دہشت گردوں کی بھرتی کا بڑا اڈا تصور کیا جاتا رہا ہے۔ مک کینزی ماضی میں مہاجر بستیوں کو نوجوانوں میں شدت پسندانہ نظریات کے فروغ کا مرکز قرار دیتے رہے ہیں۔

[pullquote]روسی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں حادثہ، ہلاکتیں دس سے زائد ہو گئیں[/pullquote]

جمعے کے روز روس کے ایک واٹر ٹریمنٹ پلانٹ میں پیش آنے والے حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد گیارہ ہو گئی ہے۔ بتایا گیا ہےکہ جمعے کو ویسٹ واٹر ٹریمنٹ پلانٹ کے تالاب سے 20 ملازمین کو آٹھ میٹر کی گہرائی سے نکالا گیا اور ہسپتال منتقل کیا گیا۔ آج ہفتے کو ان میں سے ایک ملازم ہلاک ہو گیا جب کہ اب بھی چار کی حالت تشویش ناک ہے۔ حکام حادثے کی وجوہ جاننے کے لیے تفتیش کر رہے ہیں، تاہم کہا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر حادثہ سیفٹی ہدایات پر عمل نہ کرنے کی بنا پر پیش آیا۔

[pullquote]ہیکرز جرمن ہسپتالوں پر حملہ آور ہو سکتے ہیں، جرمن سائبر سکیورٹی سربراہ[/pullquote]

جرمنی کے سائبر سکیورٹی ادارے بی ایس آئی کے سربراہ نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ ملکی ہسپتال ہیکروں کے حملے کا نشانہ بن سکتے ہیں۔ یہ بات اہم ہی کے ابھی حال ہی میں ہیکروں نے آئرلینڈ ہیلتھ سروس اور ایک امریکی فیول پائن لائن کو نشانہ بنایا تھا۔ آئرلینڈ ہیلتھ سروس نے جمعے کو سائبر حملے کے تناظر میں اپنی آئی ٹی سروسز معطل کی تھیں۔ بی ایس آئی کے سربراہ نے ایک جرمن اخبار سے بات چیت میں کہا کہ گذشتہ پانچ برسوں میں جرمنی میں متعدد ہسپتالوں پر سائبر حملے کیے گئے ہیں۔

[pullquote]میانمار کی فوجی حکومت نے آنگ سان سوچی کی جماعت کو تحلیل کرنے کی دھمکی دے دی[/pullquote]

میانمار کی فوجی حکومت نے دھمکی دی ہے کہ سویلین لیڈر آنگ سان سوچی کی جماعت نیشنل لیگ آف ڈیموکریسی کو تحلیل کیا جا سکتا ہے۔ یونین الیکشن کمیشن کے سربراہ تھین سوئے نے کہا کہ نومبر میں ہوئے عام انتخابات میں بے ضابطگیوں سے متعلق تحقیقات مکمل ہونے کے قریب ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تناظر میں نیشنل لیگ آف ڈیموکریسی کا مستقبل کیا ہو گا یا کیا اسے تحلیل کر دیا جائے گا، اس بابت اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ یہ بات اہم ہے کہ جمعے کے روز الیکشن کمیشن اور مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں انتخابات اصلاحات سے متعلق بات چیت کی گئی۔ تاہم اس ملاقات میں آنگ سان سوچی کی جماعت شامل نہیں ہوئی۔

[pullquote]شامی مہاجرین کی آمد، قبرص کے لیے ’ہنگامی حالت‘[/pullquote]

قبرص کے وزیرداخلہ نیکوس نوریس کے مطابق شام سے مہاجرین کی بڑی تعداد میں آمد کی وجہ سے ملک ’ہنگامی حالت‘ میں ہے۔ انہوں نے یورپی یونین سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے بتایا کہ مہاجروں کے لیے بنائے گئے استقبالیہ مراکز مہاجرین کے سیلاب کا سامنا کر رہے ہیں۔ نوریس نے کہا کہ ان مراکز میں گنجائش سے کہیں زیادہ مہاجرین کی موجودگی کی صورت حال کے تناظر میں انہوں نے یورپی یونین کو تحریری شکل میں مدد کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنوری سے اب تک سیاسی پناہ کی چار ہزار درخواستیں رد کی جا چکی ہیں۔

[pullquote]ایران کے ہاتھوں یوکرائنی طیارے کی ’دہشت گردی‘ تھی، کینیڈین عدالت[/pullquote]

ایک کینیڈین عدالت نے کہا ہے کہ یوکرائنی ایئرلائن کی پرواز پی ایس سیون فائیو ٹو کی تباہی ایران کا دانستہ اور ’دہشت گردانہ‘ عمل تھی۔ اس عدالتی فیصلے کے بعد اس حادثے سے متاثرہ خاندانوں کے لیے ہرجانے کی راہ ہم وار ہو گئی ہے۔ اونٹاریو کی سپریم کورٹ آف جسٹس کے مطابق آٹھ جنوری دو ہزار بیس کو ایرانی دارالحکومت تہران سے پرواز بھرنے کے فوراﹰ بعد دو میزائلوں نے اس طیارے کو نشانہ بنایا۔ عدالت کے مطابق اس مقدمے کی سماعت میں یہ بات ثابت ہوئی کہ اس طیارے کی تباہی ایک ’دانستہ‘ اور ’دہشت گردانہ سرگرمی‘ تھی۔

[pullquote]ترکی میں سول سوسائٹی رہنما عثمان کوالا کی حراست میں توسیع[/pullquote]

ترک سول سوسائٹی رہنما عثمان کوالا نے جمعے کے روز بغیر جرم بتائے اپنی قید کو نازی جرمن دور کے مقدمات سے تشبیہ دی۔ کوالا کی رہائی کی عالمی اپیلوں کے باوجود ان کی حراست میں توسیع کر دی گئی ہے۔ کوالا پچھلے تقریباﹰ چار سال سے استنبول کی ایک انتہائی سکیورٹی والی جیل میں قید ہیں اور اب تک ان پر باقاعدہ طور پر کوئی فردجرم عائد نہیں کی گئی ہے۔ انہیں سن 2016 میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد حراست میں لیا گیا تھا۔ ڈیڑھ برس قبل یورپی عدالت برائے انصاف نے بھی ترکی سے عثمان کوالا کو رہا کرنے کے لیے کہا تھا۔

[pullquote]لیبیا میں مسلح گروہوں کے خاتمے میں ناکامی بڑا خطرہ ہے، عالمی مندوب[/pullquote]

اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے لیبیا ژین کوبیس نے کہا ہے کہ لیبیا میں مسلح گروہوں کے خاتمے میں ناکامی ایک بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے جمعے کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کہا کہ لیبیا میں غیرملکی جنگجوؤں اور مسلح گروہوں کی موجودگی خطے کے استحکام کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے لیبیا کے ہمسایہ ملک چاڈ میں صدر ادریس ڈیبی کے قتل اور تب سے جاری پرتشدد بحران کے تناظر میں کہا کہ لیبیا کی صورت حال کو خطے کی صورت حال سے الگ نہیں دیکھا جا سکتا۔ واضح رہے کہ لیبیا سن 2011 میں معمر قذافی کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے مسلسل شورش کا شکار ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے