[pullquote]کل سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر آئے گا[/pullquote]
ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سربراہ پروفیسر جاوید اقبال نے کہا ہے کہ کل سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر آئے گا۔ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے مطابق سورج کل دوپہر 2 بج کر 18 منٹ پر خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا جبکہ سورج کل دوپہر 2 بج کر 18 منٹ پر 90 درجے پر ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ سورج عین اوپر آنے پر خانہ کعبہ کا سایہ ختم ہوجائے گا۔ڈائریکٹرانسٹیٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ افریقا، یورپ، چین، روس اور مشرقی ایشیا کیلئے قبلے کی درست سمت تعین کی جاسکے گی۔
[pullquote]امریکا کی طرف سے فلسطینیوں کے لیے مالی امداد اور یروشلم میں اپنا قونصل خانہ کھولنے کا اعلان[/pullquote]
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکا فلسطینیوں کے ساتھ اپنے تعلقات کی بحالی کے لیے یروشلم میں دوبارہ اپنا قونصل خانہ کھولے گا، ساتھ ہی جنگ کے باعث تباہ حال غزہ میں تعمیر نو کے لیے کئی ملین ڈالرز بطور امداد فراہم کرے گا۔ یہ اعلان سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسی کے خاتمے کی علامت ہے جنہوں نے نہ صرف فلسطینیوں کے لیے سفارتی مشن کو 2019ء میں بند کر دیا تھا بلکہ فلسطینی اتھارٹی کے لیے امریکی امداد بھی روک دی تھی۔ انٹونی بلنکن نے رملہ میں فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کے ساتھ ملاقات میں دو ریاستوں کے قیام کو ہی مشرق وسطیٰ تنازعے کا طویل المدتی حل قرار دیا۔ بلنکن مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہیں اور اسرائیل اور فلسطینی علاقوں کے بعد اب مصر پہنچ گئے ہیں۔
[pullquote]واٹس ایپ نے بھارتی حکومت کے نئے قوانین کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا[/pullquote]
انٹرنیٹ میسیجنگ سروس واٹس ایپ نے بھارتی حکومت کے نئے قواعد کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ آج بدھ کے دن سے لاگو ہونے والے قواعد کے تحت اس میسیجنگ پلیٹ فارم کو یہ یقینی بنانا ہو گا کہ واٹس ایپ پر کسی بھی پیغام کو بھیجنے والے کی شناخت ظاہر ہو سکے۔ فیس بُک کی ملکیتی اس کمپنی نے دہلی ہائیکورٹ میں دائر کیے گئے کیس میں ان قواعد کو بھارتی آئین میں دیے گئے پرائیویسی کے حق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ بھارتی حکومت نے رواں برس فروری میں فیس بک، گوگل، ٹوئیٹر اور واٹس ایپ جیسے انٹرنیٹ پلیٹ فارمز کے لیے نئے قواعد وضوابط جاری کیے تھے۔
[pullquote]ویکسین کی ناکافی فراہمی، یورپی یونین نے آسٹرا زینیکا پر کیس کر دیا[/pullquote]
یورپی یونین نے کووڈ ویکسین تیار کرنے والی کمپنی آسٹرا زینیکا کی طرف سے طے شدہ معاہدے کے برعکس دیگر ممالک کو ویکسین کی فراہمی میں اولیت دینے کے خلاف یورپی عدالت میں کیس کر دیا ہے۔ یورپی بلاک نے اس برطانوی سویڈش کمپنی پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے برطانیہ اور دیگر ممالک کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے یورپی یونین کو ویکسین کی فراہمی میں تاخیر کی۔ معاہدے کے تحت آسٹرا زینیکا کو سال 2021ء کے دوران 300 ملین ٹیکے فراہم کرنا تھے جن میں 100 ملین کا اضافہ بھی ممکن ہے۔ تاہم سال کی پہلی سہ ماہی میں صرف 30 ملین ٹیکے فراہم کیے گئے ہیں۔
[pullquote]شام کے صدارتی انتخابات غیر منصفانہ ہیں:مغربی ممالک[/pullquote]
جرمنی، فرانس، اٹلی، برطانیہ اور امریکا نے شام میں ہونے والے صدارتی انتخابات کو غیر منصفانہ اور غیر شفاف قرار دیتے ہوئے انہیں رد کر دیا ہے۔ ان ممالک کے وزرائے خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان کے مطابق شام میں ہونے والے ’دھوکہ دہی پر مبنی‘ انتخابات ملک میں جاری تنازعے کے کسی سیاسی حل کی طرف پیشرفت کی نمائندگی نہیں کرتے۔ شام میں صدارتی انتخابات کے لیے آج ووٹنگ ہو رہی ہے۔ ان انتخابات میں صدر بشارالاسد کی کامیابی یقینی قرار دی جا رہی ہے۔ ملک بدر اپوزیشن سیاستدانوں کو انتخابی قوانین کی ایک شق کے تحت انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہے۔
[pullquote]امریکی صدر اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات کے لیے تیار[/pullquote]
امریکی صدر جو بائیڈن نے آئندہ ماہ جنیوا میں ہونے والے سربراہی اجلاس کے موقع پر اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے ملاقات پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ ایسی صورت میں یہ دونوں کی بطور صدر پہلی بالمشافہ ملاقات ہو گی، ایک ایسے وقت میں جب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق اس ملاقات میں امریکا اور روس کے درمیان تعلقات مستحکم بنانے پر بھی بات ہو گی۔
[pullquote]جرمنی میں کورونا کیسز کی تعداد میں خاطر خواہ کمی[/pullquote]
جرمنی میں سات دنوں کے دوران ہر ایک لاکھ کی آبادی میں نئے یومیہ کورونا کیسز کی تعداد 50 سے نیچے آ گئی ہے۔ گزشتہ برس اکتوبر کے بعد ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے۔ جرمنی میں متعدی امراض سے متعلق ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق گزشتہ سات دنوں کے دوران اوسطاﹰ یومیہ تعداد 46.8 رہی۔ جرمنی کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2,626 نئے کورونا کیسز سامنے آئے۔ ایک ہفتہ قبل یہ تعداد 11,040 تھی۔ تاہم پیر کے روز چھٹی کے سبب ٹیسٹ نہ ہونا بھی ہفتہ بھر کی اوسط تعداد میں اس کمی کی ایک وجہ ہو سکتی ہے۔
[pullquote]مالی: فوجی بغاوت کے قائد نے صدر اور وزیر اعظم کو برطرف کر دیا[/pullquote]
مالی میں فوجی بغاوت کے قائد اسیمی غویتا نے گزشتہ برس قائم کی گئی عبوری حکومت کے صدر اور وزیر اعظم کو برطرف کر دیا ہے۔ غویتا نے اس اقدام کی وجہ نئی حکومت میں وزراء کی شمولیت کے حوالے سے ان سے کوئی صلاح و مشورہ نہ کیا جانا بتائی ہے۔ غویتا کے مطابق یہ عبوری حکومت کے معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ گزشتہ برس فوجی بغاوت کے بعد یہ معاہدہ فوج نے تیار کیا تھا جس میں مالی میں سویلین حکومت کی واپسی کے حوالے سے ضابطے طے کیے گئے تھے۔ کابینہ میں رد و بدل کے بعد گزشتہ روز عبوری صدر اور وزیر اعظم کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ بین الاقوامی برادری نے صدر، وزیر اعظم اور دیگر رہنماؤں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی تھی۔
[pullquote]بھارت کے مشرقی ساحلی علاقوں میں سمندری طوفان کے سبب لاکھوں افراد محفوظ مقامات پر منتقل[/pullquote]
یاس نامی سمندری طوفان نے بھارت کے مشرقی ساحلی علاقوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ اسی سبب 11 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا۔ یہ طوفان آج صبح بھارتی ساحلی علاقوں سے ٹکرایا مگر اس سے قبل ہی بھارتی ریاستوں اڑیسہ اور مغربی بنگال میں شدید بارشوں اور طوفانی ہواؤں کے سبب کم از کم دو افراد کی ہلاکت ہوئی اور متعدد گھروں کو نقصان پہنچا۔ بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کے بعد اب اس طوفان کی شدت میں کمی کی توقع ہے۔