جمعرات : 27 مئی 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا وائرس کس طرح پھیلا، بائیڈن کا ملکی انٹیلیجنس کو تین ماہ میں رپورٹ دینے کا حکم[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن نے ملکی انٹیلیجنس ایجنسیوں کو حکم دیا ہے کہ وہ اس بارے میں انہیں تین ماہ کے اندر رپورٹ پیش کریں کہ آیا کورونا وائرس کا آغاز چین میں کسی جانور سے ہوا یا ایسا وہاں کسی لیبارٹری میں حادثے کے سبب ہوا۔ قبل ازیں امریکی وال اسٹریٹ جرنل نے انٹیلیجنس ذرائع کے حوالے سے لکھا تھا کہ کورونا کی وبا شروع ہونے سے قبل ہی نومبر 2019ء میں چینی شہر ووہان کی ایک لیبارٹری کے تین سائنسدانوں کو کورونا کی علامات کے ساتھ ہسپتال داخل کرایا گیا تھا۔ چین نے اس رپورٹ کو رد کر دیا ہے۔

[pullquote]جرمنی میں مسلمانوں اور مساجد پر حملوں میں نمایاں کمی[/pullquote]

جرمنی میں رواں سال مسلمانوں، مساجد اور مسلمانوں کے دیگر اداروں پر حملوں میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جرمنی کی بائیں بازو کی جماعت ’ڈی لنکے‘ کے پارلیمانی دھڑے کی درخواست پر وفاقی جرمن حکومت کی طرف سے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں جرمنی میں آباد مسلمانوں، ان کی عبادت گاہوں یعنی مساجد اور ان کے دیگر اداروں پر ہونے والے حملوں کی تعداد 91 رہی جبکہ اس سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں گزشتہ برس کی آخری سہ ماہی کے دوران ایسے واقعات کی تعداد 197 ریکارڈ کی گئی تھی۔ گزشتہ برس کی پہلی سہ ماہی میں اسلام دشمن رجحان کے ضمن میں 275 حملے دیکھنے میں آئے تھے۔

[pullquote]فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی حق تلفیوں کے معاملے پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا اجلاس[/pullquote]

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل آج فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی ’منظم‘ حق تلفیوں اور حالیہ جنگ میں غزہ کی صورتحال سے متعلق معاملات پر غور کر رہی ہے۔ 47 رکنی کونسل کا یہ اجلاس پاکستان کے بطور اسلامی تعاون تنظیم کے کوارڈینیٹر، کی درخواست پر بلایا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے کئی دہائیوں پر محیط اس تنازعے میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں اور ان کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔ کئی دیگر رہنماؤں کے علاوہ فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی بھی اس اجلاس سے خطاب کریں گے۔

[pullquote]انٹونی بلنکن نے مشرق وسطیٰ کا اپنا دورہ مکمل کر لیا[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے بعد مشرق وسطٰی کا اپنا پہلا دورہ مکمل کر لیا ہے۔ بلنکن نے اس دورے کے دوران اسرائیلی، فلسطینی، مصری اور اردن کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ ان کے اس دورے کا مقصد اسرائیل اور حماس کے درمیان ہونے والی جنگ بندی پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی راہ ہموار کرنا تھا۔ انہوں نے فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کے ساتھ ملاقات میں مشرق وسطیٰ امن کے لیے دو ریاستی حل کو ناگزیر قرار دیا تھا۔

[pullquote]نائجیریا میں کشتی حادثہ، 150 سے زائد افراد ڈوب گئے[/pullquote]

نائجیریا کے شِمال مغربی حصے میں ایک کشتی حادثے کے نتیجے میں 150 سے زائد افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ حکام کے مطابق لکڑی سے بنی ایک کشتی ملک کی وسطی ریاست نائجر سے شمال مغربی ریاست کیبی جا رہی تھی اور اس پر 180 مسافر سوار تھے۔ اب تک صرف 20 افراد کو بچایا گیا ہے جبکہ چار لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ ایک مقامی ضلعی منتظم عبداللہ بخاری وارا کے بقول اس کشتی میں سونے کی ایک کان سے لائی گئی ریت کی بوریاں بھی لادی گئی تھیں۔

[pullquote]سلامتی کونسل کی طرف سے مالی کے صدر اور وزیر اعظم کی گرفتاری کی مذمت[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مالی کی فوج کی طرف سے عبوری صدر اور وزیر اعظم کی گرفتاری کی متفقہ طور پر مذمت کی ہے۔ سلامتی کونسل کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں ان رہنماؤں کی فوری رہائی اور ملک میں سویلین حکومت کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ مالی کے صدر اور وزیراعظم کو پیر کے روز فوجی کرنل اسیمی غویتا نے گرفتار کر لیا تھا۔ غویتا ہی کی سربراہی میں گزشتہ برس مالی میں فوجی بغاوت ہوئی تھی۔ غویتا نے الزام عائد کیا ہے کہ عبوری صدر اور وزیراعظم سویلین حکومت کو اقتدار کی منتقلی کے عمل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے تھے۔

[pullquote]بھارت میں کورونا انفیکشن کا تیز رفتار پھیلاؤ جاری[/pullquote]

بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے مزید 211,298 کیسز سامنے آئے ہیں۔ اسی دوران کووڈ انیس کے سبب مزید 3,847 اموات بھی ہوئی ہیں۔ اس جنوب ایشیائی ملک میں کورونا کی وبا اب تک 27.37 ملین افراد کو متاثر کر چکی ہے جبکہ اس کے سبب ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 315,235 تک پہنچ چکی ہے۔ امریکا کے بعد بھارت کورونا کی وبا سے دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ عالمی سطح پر کورونا وائرس کے انفیکشن کا شکار ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 16 کروڑ 84 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 35 لاکھ کے قریب ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے