اتوار : 30 مئی2021 کی اہم ترین عالمی خبریں | 30.05.2021 | 08:00

[pullquote]اسرائیلی وزیر خارجہ مصر پہنچ گئے[/pullquote]

اسرائیلی وزیر خارجہ گابی اشکینازی مصری دارالحکومت قاہرہ کا دورہ کر رہے ہیں، جہاں وہ اپنے مصری ہم منصب سامع شُکری کے ساتھ ملاقات میں حماس کے ساتھ ’مستقل جنگ بندی‘ کو ممکن بنانے پر بات چیت کریں گے۔ گزشتہ تیرہ برس میں کسی اسرائیلی وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورہ مصر ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنما غزہ پٹی میں انسانی امداد پہنچانے کے علاوہ اس علاقے کی بحالی اور تعمیر نو کے حوالے سے حکمت عملی وضع کرنے کی کوشش بھی کریں گے۔ حماس جنگجوؤں اور اسرائیلی افواج کے مابین گیارہ روزہ جنگ کے بعد فریقین میں عبوری سیز فائر میں مصر کی ثالثی کلیدی ثابت ہوئی تھی۔

[pullquote]شام کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کا ارادہ نہیں، قطر[/pullquote]

قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا ہے کہ قطر شام کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب شام میں گزشتہ ہفتے منعقد ہونے والے صدارتی انتخابات میں بشار الاسد چوتھی مدت کے صدر منتخب کیے گئے ہیں۔ تاہم اپوزیشن اور مغربی ممالک نے الیکشن کی شفافیت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ خلیجی ممالک میں سعودی عرب سمیت قطر ایسے ممالک میں شامل ہے، جو شام میں گزشتہ ایک دہائی سے جاری خانہ جنگی میں اپوزیشن کی حمایت کر رہے ہیں۔

[pullquote]برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے شادی کر لی[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اپنے منگیتر کیری سائمنڈز کے ساتھ شادی کر لی ہے۔ ان کے دفتر کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ شادی کی ایک سادہ سی تقریب ہفتے کے دن ویسٹ منسٹر کیتھیڈرل میں منعقد کی گئی، جس میں چیدہ چیدہ شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا۔ شادی کی اس تقریب کو آخری وقت تک خفیہ رکھا گیا اور اطلاعات ہیں کہ جانسن کے قدامت پسند پارٹی سے تعلق رکھنے والے قریبی ساتھیوں کو بھی آخری وقت تک اس تقریب کے بارے میں علم نہیں تھا۔ چھپن سالہ جانسن اور تینتس سالہ کیری سائمنڈز سن دو ہزار انیس سے 10 ڈاوننگ سٹریٹ میں اکٹھے رہ رہے ہیں۔

[pullquote]افغانستان، مارٹر حملے کی زد میں آکر شادی کی تقریب میں شامل سات افراد ہلاک[/pullquote]

شمالی افغانستان میں شادی کی ایک تقریب کے دوران وہاں مارٹر گولہ گرنے کی وجہ سے کم ازکم سات افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ مقامی پولیس نے بتایا ہے کہ ہلاک شدگان میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ کاپیسا صوبے کے محکمہ پولیس کے ترجمان کے مطابق طالبان نے تگاب ضلع میں ایک سکیورٹی چیک پوائنٹ کو نشانہ بنایا اور اس دوران ایک مارٹر گولہ ایک رہائشی علاقے میں جا گرا، جہاں شادی کی تقریب منعقد کی جا رہی تھی۔ تاہم طالبان نے اس الزام کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مارٹر حملے پولیس کی طرف سے کیے گئے تھے، جن میں سے ایک سویلین علاقے میں جا گرا۔

[pullquote]بیلاروس کی اپوزیشن سے عالمی سطح پر اظہار یک جہتی[/pullquote]

پولینڈ اور لیتھوانیا میں سینکڑوں افراد نے ہمسایہ ملک بیلاروس میں اپوزیشن کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے مظاہروں کا انعقاد کیا ہے۔ ان مظاہرین کا کہنا تھا کہ منسک حکومت کے اُس منحرف صحافی کو رہا کیا جائے، جسے اس کی گرل فرینڈ کے ساتھ حراست میں لیا گیا ہے۔ رائن ایئر کے ایک جہاز کو منسک میں زبردستی اتار کر ان دونوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اس گرفتاری پر عالمی سطح پر تنقید کی جا رہی ہے جبکہ یورپی یونین نے ہوائی کمپنیوں سے کہا ہے کہ وہ بیلاروس کی فضائی حدود استعمال کرنے سے گریز کریں۔

[pullquote]کورونا وائرس کی پالیسیوں پر برازیل میں صدر کے خلاف مظاہرے[/pullquote]

برازیل میں ہزاروں مظاہرین نے حکومت کی کووڈ پالیسیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کیا گیا ہے۔ درجنوں شہروں میں ہونے والے ان مظاہروں میں عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے میں ناکامی پر صدر کا مواخذہ کیا جائے۔ ان مظاہرین کے مطابق کورونا ویکسین کو بروقت آرڈر نا کیا گیا، جس کی وجہ سے صورتحال خراب ہوئی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ سوشل ویلفیئر کی مد میں ملکی بجٹ بڑھایا جائے۔

[pullquote]ویت نام میں کووڈ انیس کی نئی خطرناک قسم دریافت[/pullquote]

ویت نام میں کورونا وائرس کی ایک نئی تبدیل شدہ شکل دریافت ہوئی ہے، جسے انتہائی خطرناک قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ نئی شکل بھارتی اور برطانوی کورونا وائرس کی نئی اقسام کی ملاپ سے وجود میں آئی ہے۔ ویت نامی وزرات صحت نے کہا ہے کہ اس نئے تبدیل شدہ کورونا وائرس کا جینیاتی کوڈ جلد ہی دستیاب ہو جائے گا۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ وائرس ہوا کے ذریعے پھیلنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ جنوری سن دو ہزار بیس میں کورونا وائرس کی عالمی وبا پھوٹی تھی، جس کے بعد سے اس وائرس کی متعدد تبدیل شدہ شکلیں سامنے آ چکی ہیں۔

[pullquote]یورپی یونین میں روسی ویکسین کی منظوری دی جائے، جرمن ریاستی سربراہ[/pullquote]

یورپی یونین کی طرف سے کووڈ انیس کی روسی ویکسین اسپٹنک فائیو کی متوقع منظوری ستمبر سے قبل ممکن نہیں ہو گی جس کی وجہ اس ویکسین سے متعلق مناسب ڈیٹا نہ ہونا ہے۔ جرمن روزنامے بلڈ ام زونٹاگ نے یہ بات وفاقی حکومتی ذرائع کے حوالے سے بتائی ہے۔ دوسری طرف جرمن صوبے باویریا کے وزیر اعلیٰ مارکوس زوئڈر نے کہا ہے یورپی میڈیسن ایجنسی کو اس ویکیسن کے استعمال کی منظوری جلد از جلد دینا چاہیے۔ باویریا کے پاس آپشن کے کہ وہ اس روسی ویکسین کی ڈھائی ملین خوراکیں خرید سکے۔

[pullquote]سعودی عرب نے حوثی باغیوں کے حملوں کی تردید کر دی[/pullquote]

سعودی سربراہی میں قائم عسکری اتحاد نے حوثی باغیوں کے اس دعوے کو رد کر دیا ہے کہ اس کے جنگجو کامیاب پیش قدمی کرتے ہوئے سعودی عرب کی سرحدوں میں داخل ہو گئے۔ یمنی باغیوں کے ٹیلی وژن پر دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کارروائی میں اسّی سے زائد سعودی فوجیوں اور سوڈان سے تعلق رکھنے والے ’کرائے کے قاتلوں‘ کو ہلاک یا زخمی جبکہ درجنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ تاہم سعودی میڈیا نے جازان کے سرحدی علاقے میں یمنی باغیوں کے ان حملوں کے دعوؤں کو جعلی اور بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ سعودی فوجی کمانڈر ترکی المالکی نے کہا کہ اپنی ناکامیاں چھپانے کی خاطر یہ باغی ’خیالی کامیابیاں‘ حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں۔

[pullquote]نائجر میں جنگجوؤں کا حملہ، کم ازکم آٹھ افراد مارے گئے[/pullquote]

افریقی ملک نائجر میں جنگجوؤں کے ایک منظم حملے کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد مارے گئے۔ مقامی حکام نے بتایا کہ نائیجریا کے انتہا پسند گروپ بوکو حرام سے الگ ہونے والے ’مغربی افریقہ میں اسلامک اسٹیٹ‘ گروپ نے یہ کارروائی سر انجام دی۔ بتایا گیا ہے کہ پندرہ گاڑیوں پر سوار ہو کر آنے والے ان حملہ آوروں نے نائیجریا سے متصل جنوب مشرقی نائجر میں واقع دیفا نامی علاقے میں ایک منظم حملہ کیا، جس میں چار سکیورٹی اہلکار بھی مارے گئے۔ حکومتی بیان کے مطابق ’دہشت گردوں‘ کے اس حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔

[pullquote]افغانستان میں دھماکا، چار افراد ہلاک[/pullquote]

افغان صوبے کاپیسا میں سڑک کنارے نصب ایک بم کے دھماکے میں ایک منی وین میں سوار چار افراد ہلاک جبکہ گیارہ زخمی ہو گئے۔ البیرونی یونیورسٹی کی اس منی وین میں اسٹودنٹس اور اساتذہ سوار تھے۔ پولیس حکام کے مطابق یہ حملہ ایک ریموٹ کنٹرول بم سے کیا گیا۔ فوری طور پر کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ گزشتہ برس نومبر میں کابل یونیورسٹی میں ایک پرتشدد حملہ کیا گیا تھا، جس کی ذمہ داری ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے قبول کی تھی۔

[pullquote]چیمپئنز لیگ کا فائنل، چیلسی نے مانچسٹر سٹی کو ہرا دیا[/pullquote]

چیمپئنز لیگ کے فائنل میچ میں انگلش کلب چیلسی نے اپنے ہم وطن کلب مانچسٹر سٹی کو ایک صفرسے مات دے کر یہ اہم یورپی ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ ہفتے کی رات پرتگال کے شہر پروٹو میں کھیلے گئے اس میچ کا واحد گول بیالسیوں منٹ میں کائی ہائیورٹس نے کیا۔ چیلسی نے دوسری مرتبہ چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل جیتا ہے۔ اگر مانچسٹر سٹی یہ میچ جیت جاتی تو اس کا یہ پہلا ٹائٹل ہوتا۔ چیلسی کی اس کامیابی کو کلب کے جرمن کوچ تھوماس ٹوخل کی بہترین منصوبہ بندی قرار دیا جا رہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے