پیر : 31 مئی 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]چین میں ہر شادی شدہ جوڑے کو تین بچوں کی پیدائش کی اجازت[/pullquote]

دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک چین میں کم تر شرح پیدائش اور آبادی کے بوڑھا ہوتے جانے کے سبب شادی شدہ جوڑوں کو اب تین بچوں تک کی پیدائش کی اجازت دے دی گئی ہے۔ سرکاری میڈیا نے آج پیر اکتیس مئی کے روز بتایا کہ اب حکومت نے ماضی کی ’ون چائلڈ پالیسی‘ میں مزید نرمی کا فیصلہ کیا ہے اور عام جوڑوں کو اب تین بچوں تک کی پیدائش کی قانونی اجازت دے دی گئی ہے۔ تقریباﹰ چار عشروں تک نافذ رہنے والی ’صرف ایک بچے کی پیدائش کی سرکاری پالیسی‘ میں حکومت نے پہلی مرتبہ 2016ء میں نرمی کی اور شادی شدہ جوڑوں کو دو بچوں کی پیدائش کی اجازت دے دی گئی تھی۔ اب لیکن ان ضوابط میں مزید نرمی کرتے ہوئے عام جوڑوں کو تین بچوں تک کی پیدائش کی اجازت دے دی گئی ہے۔

[pullquote]روس کی امریکا کو ’ناخوشگوار‘ سگنل کی دھمکی[/pullquote]

روس کی طرف سے امریکا سے کہا گیا ہے کہ ماسکو آنے والے دنوں میں واشنگٹن کو ترتیب وار ’ناخوشگوار سگنل‘ دینے والا ہے۔ اس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ امریکا آئندہ ماہ ہونے والے مجوزہ دو طرفہ اجلاس میں تمام تر امور پر تبادلہ خیال کے لیے تیار نہیں۔ یہ بات روسی نائب وزیر خارجہ سیرگئی ریابکوف کی طرف سے امریکی صدر جو بائیڈن کے اُس بیان کے بعد کہی گئی، جس میں بائیڈن نے کہا تھا کہ وہ جون میں ہونے والی دو طرفہ بات چیت میں اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن پر انسانی حقوق کے احترام کے لیے زور دیں گے۔

[pullquote]شمالی کوریا کی امریکا پر تنقید[/pullquote]

شمالی کوریا نے امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ پر امریکا اور جنوبی کوریا کے مابین اُس منسوخ شدہ معاہدے کے سلسلے میں تنقید کی ہے، جس کے تحت بیلسٹک میزائل بنانے کے حوالے سے جنوبی کوریا پر کچھ حدود عائد کی گئی تھیں۔ پیونگ یانگ میں جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ منسوخی امریکا کی شمالی کوریا مخالف سیاست کا پتا دیتی ہے۔ ساتھ ہی شمالی کوریا نے خود زیادہ طاقت ور میزائل بنانے کا ارادہ بھی ظاہر کیا ہے۔ بیان کے مطابق اب امریکا اور جنوبی کوریا کے پاس شمالی کوریا کو اس کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے سے باز رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

[pullquote]ڈینش سیکرٹ سروس نے یورپی سیاست دانوں کی جاسوسی میں امریکی ’این ایس اے کی مدد کی‘[/pullquote]

یورپی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ڈنمارک کی انٹیلیجنس نے امریکا کے بیرون ملک جاسوسی کرنے والے ادارے این ایس اے کی چوٹی کے یورپی سیاست دانوں کی جاسوسی میں مدد کی۔ ڈنمارک کے نشریاتی ادارے نے ملکی خفیہ سروسز کے حوالے سے بتایا کہ اس جاسوسی کے دوران جرمن چانسلر انگیلا میرکل، وفاقی جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی ایس پی ڈی کے چانسلر کے عہدے کے سابق امیدوار پیئر اشٹائن بروک کی بات چیت سنی گئی۔ اس بارے میں چھان بین یورپی میڈیا اداروں نے خاص طور سے جرمنی کے NDR, WDR اور جرمن روزنامہ ’زُوڈ ڈوئچے سائٹنگ‘ کے ساتھ مل کر کی۔ اس تفتیش کے مطابق ڈنمارک کی خفیہ سروس نے امریکا کی این ایس اے کو 2012ء سے 2014ء تک کوپن ہیگن کے قریب واقع اپنے جاسوسی کے مرکز Sandagergardan کے استعمال کی اجازت دی تھی۔

[pullquote]چین کے جنوبی شہر میں کووڈ انیس کے کیسز میں اچانک غیر معمولی اضافہ، پروازیں منسوخ[/pullquote]

چین کے جنوبی شہر گُوآنگ ژُو میں کووڈ انیس کے صرف 30 مئی کو ہی 18 نئے کیسز کے اندراج کے بعد وہاں آنے جانے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ دریں اثناء نیشنل ہیلتھ اتھارٹی کے تازہ ترین روزانہ اعداد و شمار میں جن 27 نئے کورونا کیسز کو شامل کیا گیا ہے، ان میں سے صرف سات کیسز ایسے تھے، جن میں متاثرہ افراد باہر سے آئے تھے۔ باقی ماندہ نئی انفیکشنز صوبے گُوآنگ ڈونگ میں رجسٹر کی گئی مقامی انفیکشنز تھیں۔ گُوآنگ ژُو کا انٹرنیشنل ایئر پورٹ گزشتہ برس 43.8 ملین مسافروں کی آمد و رفت کے ساتھ کورونا کی عالمی وبا کے دوران بھی دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ رہا تھا۔

[pullquote]اسرائیل میں نیتن یاہو حکومت کے ممکنہ خاتمے کی راہ ہموار[/pullquote]

اسرائیل میں دائیں بازو کے سخت گیر رہنما نفتالی بینٹ ایک مخلوط قومی حکومت بنانے پر رضا مند ہو گئے ہیں۔ اس طرح نیتن یاہو کے بارہ سالہ اقتدار کے خاتمے کی راہ بظاہر ہموار ہو گئی ہے۔ اسرائیل میں دائیں بازو کی چھوٹی لیکن بہت سخت گیر موقف رکھنے والی یمینا پارٹی اور اعتدال پسند جماعت یش ایتید نے 30 مئی اتوار کے روز تصدیق کر دی کہ دونوں جماعتیں مخلوط حکومت کے قیام کے لیے کوشاں ہیں۔ اگر یہ دونوں جماعتیں کامیاب ہو گئیں تو سن 2009 کے بعد پہلی بار وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور ان کی دائیں بازو کی سخت گیر قوم پسند جماعت لیکوڈ پارٹی اقتدار سے باہر ہو جائیں گے۔ یمینا کے رہنما نیفتالی بینٹ نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ وہ اپوزیشن کی جماعت یش ایتید کے رہنما یائر لیپید کے ساتھ مل کر مخلوط قومی حکومت بنائیں گے۔

[pullquote]روس اپنی مغربی سرحدوں پر بیس نئے فوجی یونٹ تعینات کرے گا[/pullquote]

روسی وزیر دفاع سیرگئی شوئیگُو نے آج پیر کے روز ایک بیان میں کہا کہ ان کا ملک رواں سال کے اواخر میں اپنی مغربی سرحدوں پر 20 نئے فوجی دفاعی یونٹ تعینات کر دے گا۔ شوئیگُو کے بقول یہ عسکری تعیناتی مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے اقدامات کا جواب ہو گی۔ انٹرفیکس نیوز ایجنسی کے مطابق شوئیگُو نے اپنے بیان میں کہا، ’’ہم نے یہ فیصلہ اپنے مغربی ساتھی ممالک کے اقدامات کے نتیجے میں کیا ہے۔‘‘

[pullquote]نائجیریا میں مدرسے کے درجنوں طلبہ اغوا کر لیے گئے[/pullquote]

نائجیریا کے مرکزی صوبے نائجر میں 30 مئی اتوار کے روز مسلح حملہ آوروں نے ایک اسلامی مدرسے پر حملہ کر کے تقریباً ڈیڑھ سو طلبہ کو اغوا کر لیا۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں ایک شخص ہلاک بھی ہو گیا۔ حکام کے مطابق جس وقت یہ واقعہ پیش آیا، اس وقت مدرسے میں تقریباً دو سو طلبہ موجود تھے، جس میں سے بیشتر کو اغوا کر لیا گیا۔ اغوا کیے گئے طلبہ کی حتمی تعداد غیر واضح ہے۔ پولیس کے ترجمان واسیُو عابدون کے مطابق مسلح حملہ آور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔ مغوی طلبہ کی بازیابی کے لیے کئی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

[pullquote]جرمن وزیر صحت کورونا کے ٹیسٹنگ مراکز کی سخت نگرانی کے حامی[/pullquote]

وفاقی جرمن وزیر صحت ژینس اشپاہن کے مطابق کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کے مراکز کی سخت تر نگرانی کی ضرورت ہے۔ جرمن ٹیلی وژن پر اپنے ایک بیان میں وزیر صحت نے کہا کہ کورونا ٹیسٹ کی سہولیات فراہم کرنے والے نجی مراکز کا اضافی کنٹرول اشد ضروری ہے۔ اشپاہن کا کہنا تھا کہ وہ برلن میں بیٹھ کر ملک بھر میں کورونا ٹیسٹنگ مراکز کی نگرانی نہیں کر سکتے۔ ایسا کرنا صرف مقامی محکمہ صحت کی سطح پر ہی ممکن ہے۔ جرمن وزیر صحت اس بارے میں آج پیر کو تمام صوبائی وزرائے صحت سے بات چیت بھی کرنے والے ہیں۔ حال ہی میں جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا اور جنوبی صوبے باویریا میں کورونا ٹیسٹنگ مراکز میں بِلنگ سے متعلق فراڈ کے واقعات سامنے آئے تھے۔

[pullquote]قبرص کے پارلیمانی الیکشن میں قدامت پسند حکمران جماعت کی کامیابی[/pullquote]

قبرص میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں قدامت پسند حکمران جماعت DISY ایک بار پھر سب سے طاقت ور جماعت بن کر ابھری ہے۔ ملکی الیکشن کمیشن کے مطابق DISY کو 27 فیصد ووٹ ملے جبکہ کمیونسٹ پارٹی AKEL نے 22 فیصد ووٹ حاصل کر کے حزب اختلاف کی مضبوط ترین پارٹی کے بطور اپنی پارلیمانی حیثیت کا دفاع کیا۔ کٹر قوم پسند جماعت ELAM کو اس بار 6,8 فیصد زیادہ ووٹ ملے۔ حکمران جماعت تاہم اکثریتی ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ اس لیے صدر نیکوس انستاسیادس دوبارہ ایک اقلیتی حکومت کے سربراہ ہوں گے۔

[pullquote]افریقی ملک مالی پر عبوری اقتصادی پابندی لگا دی گئی[/pullquote]

مغربی افریقی ملک مالی میں ایک سال کے اندر اندر دوسری مرتبہ فوجی بغاوت کے بعد مغربی افریقی معاشی اتحاد Ecowas نے فی الحال اس ملک کی رکنیت منجمد کر دی ہے۔ مالی کے بارے میں تبادلہ خیال کے لیے Ecowas میں شامل ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت نے گھانا کے دارالحکومت میں ملاقات کی۔ گھانا کی وزیر خارجہ شرلے آیورکور بوچوے نے اس موقع پر کہا کہ مغربی افریقی معاشی اتحاد میں مالی کی رکنیت فروری 2022ء تک منجمد رہے گی۔ تب تک جمہوری طور پر منتخب حکومت کے قیام کے لیے مختص تاریخ بھی آ جائے گی۔ ایکوواس میں شامل ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت مالی میں سول وزیر اعظم کی فوری تقرری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے