جمعرات : 10 جون 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یورپ ابھی کورونا کی وبا کے بحران سے باہر نہیں نکلا، عالمی ادارہ صحت[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے مطابق یورپ ابھی کورونا کی عالمی وبا کے باعث پیدا ہونے والے بحرانی حالات اور خطرات سے باہر نہیں نکلا۔ ڈبلیو ایچ او کے یورپ کے لیے سربراہ ہانس کلُوگے نے آج جمعرات کے روز ڈینش دارالحکومت میں صحافیوں کو بتایا کہ یورپی ممالک میں کورونا انفیکشنز اور اس وائرس کی وجہ سے اموات میں کمی تو آئی ہے، لیکن اس براعظم کے لیے اس وبا سے پیدا ہونے والے خطرات ابھی ختم نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک میں سماجی اجتماعات اور عوامی نقل و حرکت میں اضافہ تو ہونا شروع ہو گیا ہے، مگر یورپ کو اب بھی بہت محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

[pullquote]امریکا غریب ممالک کو کورونا ویکسین کی پانچ سو ملین خوراکیں عطیہ کرے گا[/pullquote]

کورونا وائرس کی عالمی وبا کے خلاف جنگ میں امریکی حکومت اس مرض کے خلاف ویکسین کی پانچ سو ملین خوراکیں حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جو غریب ممالک کو عطیہ کی جائیں گی۔ امریکی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق وائٹ ہاؤس اور جرمن امریکی دوا ساز اداروں فائزر اور بائیو این ٹیک نے اس سلسلے میں ایک دستاویز پر دستخط کر دیے ہیں۔ رپورٹوں کے مطابق سرکاری طور پر امریکا کے ان ارادوں کا اعلان صدر جو بائیڈن انگلینڈ میں کل جمعے کو شروع ہونے والی تین روزہ جی سیون سمٹ میں کریں گے۔

[pullquote]مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیلی فورسز کے ساتھ تصادم، تین فلسطینی مارے گئے[/pullquote]

مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینی علاقے میں ایک چھاپے کے دوران اسرائیلی اسپیشل فورسز کے ارکان کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں تین فلسطینی مارے گئے۔ اسرائیلی سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ آج جمعرات کے روز پیش آیا اور مرنے والوں میں سے ایک عسکریت پسند تنظیم جہاد اسلامی کا رکن تھا اور باقی دو فلسطینی سکیورٹی اہلکار۔ بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ علاقے کے شہر جنین میں یہ چھاپہ ان مشتبہ فلسطینیوں کی گرفتاری کے لیے مارا گیا تھا، جنہوں نے حال ہی میں اسرائیلی دستوں پر حملے کیے تھے۔ فلسطینی خود مختار انتظامیہ کے مطابق فلسطینی سکیورٹی فورسز کے دونوں افسران ممکنہ طور پر غلط فہمی میں مارے گئے۔

[pullquote]بھارت میں کورونا کے باعث ریکارڈ یومیہ ہلاکتیں[/pullquote]

بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کووڈ انیس کے نتیجے میں چھ ہزار ایک سو اڑتالیس ہلاکتیں رپورٹ کی گئیں۔ یہ دنیا بھر میں اس وبا کے دوران کسی ملک میں یومیہ ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ ہے۔ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کی وجہ بھارتی ریاست بہار کی جانب سے کورونا وائرس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد پر کی گئی نظرثانی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس ریاست میں ان ہلاکتوں کو بھی وبائی اموات میں شامل کیا گیا ہے، جو گھروں یا نجی ہسپتالوں میں ہوئیں۔ بہار کے محکمہ صحت نے گزشتہ روز اسی تناظر میں ہلاکتوں کی تعداد میں نظرثانی شدہ اعداد و شمار جاری کیے تھے۔ اس سے قبل امریکا میں بارہ فروری کو کووڈ انیس کے باعث ایک روز میں پانچ ہزار چار سو چوالیس ہلاکتیں ہوئی تھیں۔

[pullquote]یمنی دارالحکومت صنعاء کا ہوائی اڈہ اگلے ہفتے کھول دیے جانے کا امکان[/pullquote]

جنگ زدہ ملک یمن کے دارالحکومت صنعاء کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ ممکنہ طور پر اگلے ہفتے کھول دیا جائے گا۔ ایئر پورٹ ذرائع نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ حوثی باغیوں کے زیر قبضہ اس ہوائی اڈے کو اگلے ہفتے دوبارہ کھول دینے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ حوثی باغیوں نے یمن کی خانہ جنگی کے دوران اس ایئر پورٹ پر دو ہزار چودہ کے اواخر میں قبضہ کر لیا تھا۔ اس انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو کھولنے کے لیے حوثیوں باغیوں کی قیادت سے مذاکرات کی خاطر اسی ہفتے عمان کے ایک وفد نے صنعاء کا دورہ بھی کیا تھا۔

[pullquote]قطر کے الجزیرہ نیٹ ورک پر سائبر حملوں کی کوششیں ناکام[/pullquote]

عرب دنیا میں توجہ سے دیکھے جانے والے قطر کے الجزیرہ ٹیلی وژن نیٹ ورک نے کہا ہے کہ اسے حالیہ دنوں میں سائبر حملوں کا نشانہ بنانے کی کئی کوششیں کی گئیں۔ اس نشریاتی ادارے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں آج جمعرات کے روز کہا گیا کہ الجزیرہ نیٹ ورک کو گزشتہ ہفتے کے دن سے لے کر منگل تک اس کی ویب سائٹ اور دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے سائبر حملوں کا نشانہ بنانے کی مسلسل کوششیں کی گئیں، جو ناکام بنا دی گئیں۔ ہیکرز اس ادارے کے نیوز نیٹ ورک کا الیکٹرانک کنٹرول حاصل کر کے اسے مفلوج بنا دینا چاہتے تھے۔ سائبر حملوں کی کوششوں میں شدت اس وقت آ گئی تھی جب اتوار کے روز اسرائیلی فلسطینی تنازعے سے متعلق ایک دستاویزی فلم نشر کی جانے والی تھی۔

[pullquote]دنیا بھر میں بچوں سے لی جانے والی مشقت میں دو عشروں بعد پھر اضافہ[/pullquote]

دنیا بھر میں بچوں سے لی جانے والی مشقت میں دو عشروں بعد پہلی مرتبہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یہ بات اقوام متحدہ کے بچوں کے امدادی ادارے یونیسیف اور بین الاقوامی ادارہ محنت آئی ایل او کی مشترکہ طور پر تیار کردہ ایک نئی رپورٹ میں کہی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سال دو ہزار بیس کے آغاز پر پوری دنیا میں تقریباﹰ ایک سو ساٹھ ملین بچے بچیاں ایسے تھے، جو محنت مزدوری کرنے پر مجبور تھے۔ اس طرح صرف چار سال کے دوران مشقت پر مجبور بچوں کی تعداد میں آٹھ اعشاریہ چار فیصد اضافہ ہو گیا۔ یونیسیف کی سربراہ کے مطابق بچوں سے لی جانے والی مشقت کے خلاف جنگ کمزور پڑتی جا رہی ہے اور کورونا وائرس کی وبا نے خراب صورت حال کو خراب تر کر دیا ہے۔

[pullquote]ممبئی میں شدید بارشوں کے بعد رہائشی عمارت منہدم، گیارہ افراد ہلاک[/pullquote]

بھارت کے تجارتی مرکز اور ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں مسلسل شدید بارشوں کے باعث ایک کئی منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہو گئی اور گیارہ افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام نے جمعرات کے روز بتایا کہ یہ عمارت بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب منہدم ہو گئی اور اس واقعے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ متعدد مکینوں کو عمارت کے ملبے سے زندہ نکال لیا گیا۔

[pullquote]’ہم اس وقت عالمی تاریخ کے ایک اہم موڑ پر کھڑے ہیں،‘ امریکی صدر بائیڈن[/pullquote]

جو بائیڈن نے امریکی صدر کے طور پر اپنے اولین دورہء یورپ کے آغاز پر جمہوریت کے دفاع کی اپیل کی۔ انہوں نے برطانیہ پہنچنے کے بعد انگلینڈ میں مِلڈن ہال کے مقام پر امریکی فضائی اڈے پر اپنے ہم وطن فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’ہم سب اس وقت عالمی تاریخ کے ایک اہم موڑ پر کھڑے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا کے لیے لازمی ہے کہ وہ عالمی سطح پر اپنے قائدانہ کردار کو یقینی بنائے۔ جو بائیڈن آج برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن سے ملاقات کر رہے ہیں۔ اس کے بعد کل جمعے سے اتوار تک وہ ترقی یافتہ ممالک کے گروپ جی سیون کے سمٹ میں حصہ لیں گے۔ بائیڈن اپنی اہلیہ کے ہمراہ برطانوی ملکہ الزبتھ سے بھی ملیں گے۔ دورہ برطانیہ کے بعد وہ امریکی یورپی سمٹ کے لیے برسلز روانہ ہو جائیں گے۔

[pullquote]روس میں زیر حراست اپوزیشن رہنما ناوالنی کی کئی تنظیموں پر پابندی[/pullquote]

روسی محکمہء انصاف نے زیر حراست اپوزیشن رہنما اور صدر پوٹن کے بڑے ناقد آلیکسی ناوالنی کی قائم کردہ کئی تنظیموں پر پابندی لگا دی ہے۔ ماسکو کی ایک عدالت نے تقریباﹰ بارہ گھنٹے تک سماعت کے بعد اعلان کیا کہ جن تنظیموں کو انتہا پسند قرار دے کر ان پر پابندی لگا دی گئی ہے، ان میں ناوالنی کی قائم کردہ اینٹی کرپشن فاؤنڈیشن ایف بی کے اور اپوزیشن کی کئی علاقائی تنظیمیں بھی شامل ہیں۔ فیصلے کے فوری بعد ناوالنی کے وکلاء نے اپیل دائر کرنے کا اعلان کر دیا۔ ناوالنی کے حامیوں کا دعویٰ ہے کہ کریملن کے مخالف اس رہنما کی گرفتاری اور ان کی قائم کردہ تنظیموں پر لگائی گئی پابندی سیاسی محرکات کا نتیجہ ہیں۔

[pullquote]کینیڈا میں متنازعہ پائپ لائن منصوبہ حتمی طور پر ترک کر دیا گیا[/pullquote]

شمالی امریکا میں تحفظ ماحول کے لیے سرگرم کارکنوں کی کئی سالہ کوششوں کے نتیجے میں ’کی اسٹون ایکس ایل‘ نامی متنازعہ پائپ لائن منصوبے پر اب عمل درآمد نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کی محرک توانائی کے شعبے کی بہت بڑی کمپنی ٹی سی انرجی نے کیلگری میں بتایا کہ کینیڈا کے صوبے البرٹا کی حکومت کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب ’کی اسٹون ایکس ایل‘ پر کام نہیں کیا جائے گا۔ اس مجوزہ منصوبے کی تکمیل دو ہزار تیئیس تک ہونا تھی اور اس کے تحت البرٹا میں خام تیل کے ذخائر میں سے روزانہ تقریباﹰ آٹھ لاکھ تیس ہزار بیرل خام تیل امریکی ریاست ٹیکساس کی ریفائنریوں تک پہنچایا جانا تھا۔ اس منصوبے کی سابق امریکی صدر ٹرمپ نے اجازت دے دی تھی مگر جو بائیڈن نے صدر بننے کے فوری بعد یہ اجازت نامہ منسوخ کر دیا تھا۔

[pullquote]انقرہ حکومت نیٹو سمٹ کے موقع پر ایردوآن بائیڈن ملاقات سے متعلق پرامید[/pullquote]

ترک حکومت نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ ہفتے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی سربراہی کانفرنس کے موقع پر ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور ان کے امریکی ہم منصب جو بائیڈن کے مابین ہونے والی ملاقات کے تعمیری نتائج نکلیں گے۔ ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے انقرہ میں کہا کہ دونوں صدور کی یہ پہلی بالمشافہ ملاقات انتہائی اہم ہو گی۔ اس ملاقات میں شام، افغانستان اور دیگر بحران زدہ خطوں کی صورت حال پر گفتگو کی جائے گی۔ امریکا اور ترکی کے مابین کئی شعبوں میں واضح اختلافات پائے جاتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے