ملک میں مون سون بارشوں کا آغاز، مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق

ملک کے مختلف شہروں میں مون سو ن بارشوں کا آغاز ہوگیا جبکہ شدید بارشوں کے باعث چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا سمیت آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔

بارش کے باعث کئی علاقوں بارش کا پانی جمع ہوگیا جبکہ بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

[pullquote]سیالکوٹ میں سب سے زیادہ 193 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی[/pullquote]

لاہو رمیں آج پھر بادل جم کر برسے جس کے باعث نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔

اس کے علاوہ پنجاب کے شہروں کامونکی، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین،گجرات، جہلم ، سرگودھا، گوجرانوالا سمیت دیگر شہروں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔

صوبے کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ پنجاب بھر میں سیالکوٹ میں سب سے زیادہ 193 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

پنجاب میں مختلف علاقوں میں مکانات کی چھتیں گرنے کے واقعات بھی پیش آئے جن میں جانی اور مالی نقصانات بھی ہوئے۔

چونیاں میں چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے جبکہ ڈسکہ اور سمبڑیال میں مکانات کی چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔

اس کے علاوہ منڈی بہاؤ الدین میں کرنٹ لگنے سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔

[pullquote]صوبہ سندھ میں بارشوں کی صورتحال[/pullquote]

صوبہ سندھ کے شہروں حیدرآباد، ٹنڈوالہار، ٹھٹھہ، میرپورخاص، مٹیاری اور بدین میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔

حیدرآباد شہرمیں بارش کی بوندیں پڑتے ہی شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔

تلسی داس، اسٹیشن روڈ، قاضی عبدالقیوم روڈ، فقیر کا پڑ، پھلیلی نیو کلاتھ مارکیٹ روڈ کے علاقوں میں پانی بھرگیا جبکہ قاسم آباد، لطیف آباد کے نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہے۔

بارش کے باعث حیسکو ریجن کے 4 سوسے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے اور صوبے کی بڑی آبادی بجلی سے محروم ہوگئی۔

آزاد کشمیر کے مختلف حصوں اور خیبرپختونخوا کے علاقوں ایبٹ آباد، سوات اور دیر میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے