نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز منسوخ کردی گئی ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ون ڈے میچ کے آغاز میں تاخیر ہوئی تھی جس کے حوالے سے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ شاید کورونا کی وجہ سے کھلاڑیوں کو ہوٹل میں ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پھر یہ خبر سامنے آئی کہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے میچ منسوخ کیا گیا ہے تاہم اب اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے دورہ پاکستان ختم کردیا ہے اور اس کی وجہ سکیورٹی خدشات بتایا ہے۔
واضح رہے کہ میچ آج دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونا تھا۔ شائقین کو بھی اب تک اسٹیڈیم کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔
[pullquote]نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سکیورٹی خدشات کے سبب اسٹیڈیم آنے سے منع کیا، خبر ایجنسی[/pullquote]
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیوزی لینڈکی ٹیم نے سکیورٹی خدشات کےسبب راولپنڈی میں پہلے ون ڈےمیچ کیلئے اسٹیڈیم آنے سے انکار کردیا جس کے بعد میچ منسوخ کیا گیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق سکیورٹی حکام، پی سی بی نےکئی گھنٹوں تک نیوزی لینڈکرکٹ ٹیم کو قائل کرنےکی کوشش کیں لیکن نیوزی لینڈ ٹیم کو منانے کی کوششیں ناکام رہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر وزیراعظم عمران خان اور نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن سے بھی بات کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ آج شام پریس کانفرنس کریں گے جس میں بعض اہم معاملات پر گفتگو کی جائے گی۔
[pullquote]خبر مزید اپ ڈیٹ کی جارہی ہے[/pullquote]
[pullquote]پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے آج راولپنڈی میں کھیلا جائے گا[/pullquote]
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
دونوں ملکوں کے درمیان ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی جبکہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث ایس او پیز کے تحت 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
18سال بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان میں ون ڈے میچ کھیلنے کے لیے تیار ہے ،دونوں ٹیموں نے میچ سے قبل تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔
کیوی ٹیم کے لیے بری خبر یہ ہے کہ ان کے وکٹ کیپر ٹام بلنڈل انجری کی وجہ سے ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں ، دوسری جانب گرین شرٹس نے آنے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم میں3 لیگ اسپنر شاداب خان ،زاہد محمود اور عثمان قادر کو شامل کیا ہے۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے 2003میں آخری بار پاکستان کا دورہ کیا تھا اس وقت پاکستان ٹیم نے 5 ایک روزہ میچز کی سیریز میں کیوی ٹیم کو کلین سوئپ کیا تھا۔
اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 107ون ڈے انٹر نیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 55میں پاکستان ٹیم اور 48میچز میں کیوی ٹیم فاتح رہی ، ایک میچ برابر اور تین میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی خاص بات یہ ہے پاکستان ٹیم یہاں نیوزی لینڈ کے خلاف اب تک ناقابل شکست رہی ہے ،تین ایک روزہ میچز میں فتح پاکستان ٹیم کے حصہ میں آئی۔
نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم ان دنوں آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر ہے جبکہ پاکستان رینکنگ میں چھٹے نمبر پر موجود ہے لیکن اگر پاکستان ٹیم نے 2003کی تاریخ دہراتے ہوئے سیریز میں کلین سوئپ کیا تو پاکستان ٹیم ایک درجے ترقی کے ساتھ پانچویں اور کیوی ٹیم دوسرے نمبر پر چلی جائے گی ۔
اس کے علاوہ سیریز کے نتائج کچھ بھی ہوں دونوں ٹیموں کی رینکنگ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
واضح رہے کہ میچ آج دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔