راشن دینے کا جھانسہ دے کرخاتون کی عزت لوٹنے والا ملزم گرفتار

کراچی: پولیس نے راشن دینے کا جھانسہ دےکر غریب خاتون کی عزت لوٹنے والے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بن قاسم پولیس نے راشن دینے کا جھانسہ دے کر غریب خاتون کی عزت لوٹنے والے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا ہے، اس حوالے سے ایس ایچ او بن قاسم ٹاؤن عمران آفریدی نے بتایا کہ پولیس نے متاثرہ خاتون کی نشان دہی پر ملزم پرویز کو گرفتار کر کے خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا ہے۔

متاثرہ خاتون نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا ہے کہ وہ شاہ ٹاؤن نزد نیو اللہ بخش گوٹھ کی رہائشی اور ملازمت کرتی ہوں، 14 نومبر کو میرا رابطہ پرویز اقبال سے ہوا جس سے میں نے اپنے گھر کے لیے راشن مانگا تو اس نے کہا کہ میں خود فون کر کے بلواتا ہوں۔ 16 نومبر بروز منگل پرویز نے مجھ سے فون پر رابطہ کیا اور کہا کہ راشن لینے کے لیے شاہ ٹاؤن آجاؤ جب میں دوپہر بارہ بجے کے قریب شاہ ٹاؤن پہنچی تو پرویز بھی آگیا اور مجھے اپنی موٹر سائیکل پر بٹھا کر اپنے گھر لے گیا اور کہا کہ اوپر چلو میں تمھیں راشن دیتا ہوں جس پر میں اس کے گھر کے اندر جانے سے انکار کر دیا۔

انکار کرنے پر وہ مجھے ایک گلی میں زیر تعمیر مکان پر لے گیا جہاں شٹرنگ لگی ہوئی تھی وہاں وہ مجھے زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا کرفرار ہوگیا اس کے بعد میں روتی پیٹتی اپنے گھر آگئی۔

بعدازاں میں نے اپنے کزن محمد ندیم کے ساتھ پرویز اقبال کی تلاش شروع کردی اور وہ مجھے شاہ ٹاؤن سی این جی پمپ کے قریب دکھائی دیا جس پر میں نے مدد گار 15 پولیس کو کال کی اور انھوں نے موقع پہنچ کر ملزم کو موٹر سائیکل سمیت گرفتار کرلیا۔

پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 473 سال 2021 بجرم دفعہ 376 کے تحت درج کر کے کیس انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے