نیلی آنکھوں والے بچوں کے قتل کا قانون

آج ایک مرتبہ پھر شدت پسندوں سے مذاکرات کرکے انہیں امن پر قائل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ امریکی تعلیم یافتہ پی ایچ ڈی ڈاکٹر اور قومی سلامتی کے ماہر ہمیں سمجھا رہےہیں کہ یہی پاکستان کے مفاد میں ہے۔ ممکن ہے ایسا ہی ہومگر یہ دیکھنابھی ضروری ہے کہ مذاکرات کے حق میں جو دلائل دیے جا رہے ہیں اُن میں کتنی جان ہے۔ اِن دلائل کا خلاصہ یہ ہے :1) دنیا بھرمیں دہشت گرد تنظیموں سے مذاکرات ہوتے ہیں، شمالی آئر لینڈ اورا سپین کی مثال ہمارے سامنے ہے، جہاں اِن تنظیموں سے مذاکرات کرکے انہیں قومی دھارے میں شامل کیا گیا، آج ان کے نمائندے اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں۔ 2) ریاست میں اتنی صلاحیت نہیں کہ وہ اِن تمام شدت پسند تنظیموں سے نبرد آزما ہو سکے اِس لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہیںجو امن کی ضمانت ہیں۔3) اگر ایک مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل ہو سکتا ہے تو پھر آپریشن کرکے ہزاروں لوگوں کو بے گھر کرنے اور اُن کی جان کو خطرے میں ڈالنے کی کیا ضرورت ہے۔4) افغانستان میں اِس وقتطالبان کی جو حکومت اقتدار میں آئی ہے ہمیں اُس کا فائدہ اٹھانا چاہیے کیونکہ افغان طالبان کا پاکستانی طالبان پر خاصا اثر و رسوخ ہے جس کا ثبوت حالیہ ’جنگ بندی ‘ ہے جوپاکستانی طالبان کی طرف سے ہوئی ہے۔ 5) ویسے بھی کافی عرصے سے پاکستانی طالبان کے ساتھ کوئی امن معاہدہ نہیں ہوا۔

14 نومبر کو عباس ناصر نے روزنامہ ڈان میں ایک کالم لکھا جس میں انہوں نے پہلی دلیل کی دھجیاں اڑا دیں۔ اپنے کالم میں ایک مثال توانہوں نے اسپین کی ہی پیش کی اور بتایا کہ کیسے وہاں کی شدت پسند تنظیم ’ای ٹی اے‘ اور حکومت کے درمیان چالیس برس تک جاری رہنے والی شورش کے بعدمعاہدہ طے پایا تھا۔ اِن چالیس برسوں میں ای ٹی اے کی دہشت گردی کی وجہ سے کل ملا کر آٹھ سو ہلاکتیں ہوئیں جن میں زیادہ تر تعداد اسپین کے سیکورٹی اہلکاروں اور خود ای ٹی اے کے جنگجوؤں کی تھیں۔ ای ٹی اے نے کبھی نہتے شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا، ای ٹی اے اور پولیس کے درمیان ایک قسم کا ان کہا معاہدہ تھا جس کے تحت اگر کسی حملے میں شہریوں کی ہلاکت کا اندیشہ ہوتا تو ای ٹی اے پہلے پولیس کو اُس کی خفیہ تنبیہ جاری کرتی تاکہ عام لوگوں کی ہلاکت نہ ہو۔ شمالی آئر لینڈ کی جنگجو تنظیم آئی آر اے کا حال بھی ایسا ہی تھا، وہاں ستّر بر س تک شورش رہی، کل ملا کر تین ہزار افراد مارے گئے جن میں اکثریت جنگجوؤں، سیکورٹی اہلکاروں اور اُن لوگوں کی تھی جنہیں ’غدار ‘ کہہ کر مار دیا جاتا تھا۔ عام اور نہتے شہری بہت کم تعداد میں ہلاک ہوئے اور اس کی وجہ بھی وہی ان کہا معاہدہ تھا جو آئی آر اے اور پولیس کے درمیان ہوا تھا۔ا سپین اور شمالی آئر لینڈ میں ایک بات یہ بھی مشترک تھی کہ دہشت گردوں کے ساتھ امن معاہدہ کرتے وقت ریاست نے اُن کے ہتھیاروں کی تخفیف کو یقینی بنایا اور اِس عمل کی تصدیق غیر جانبدار عالمی مبصرین سے کروائی۔اسپین اور شمالی آئر لینڈکی دہشت گردی پاکستان کے سامنے بچوں کا کھیل لگتی ہے۔یہاں نہتے شہریوں کو چُن چُن کر نشانہ بنایا گیا۔ اِن شدت پسند تنظیموں سے درجنوں امن معاہدے ہوئے مگر نتیجہ صفر بٹا صفر نکلا۔ آج اگر دوبارہ ایسا کوئی معاہدہ ہوتا ہےتو اُس کا نتیجہ کیسے مختلف نکلے گا؟

امن مذاکرات اُس صورت میں کیے جاسکتے ہیں جب ریاست یہ سمجھے کہ وہ شدت پسندوں سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔ پاکستان کے معاملے میں یہ بات درست نہیں۔ پاک فوج نے ماضی میں کئی آپریشن کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ جب چاہے اِن گروہوں کا قلع قمع کرسکتی ہے۔ تیسری دلیل میں بھی دم نہیں۔اگر یہ مسئلہ مذاکرات سے حل ہونا ہوتا تو اب تک ہو چکا ہوتا اور اِس کے نہ حل ہونے کی وجہ شدت پسندوں کے مطالبات کی نوعیت ہے۔ ریاست اگراُن مطالبات کو تسلیم کر لے گی، تو آئین اور قانون کے جن اصولوں پر ریاست قائم ہے، وہی زمین بوس ہو جائیں گے، پھر کسی قسم کے معاہدے کی حیثیت باقی رہے گا اور نہ ضرورت۔ چوتھی دلیل میں قدرے وزن ہے، افغان طالبان ہمیں یقین دلا رہے ہیں کہ اُن کے پاکستانی پیٹی بند بھائی اب اچھے بچے بن کے رہیں گے کیونکہ یہ اچھے بچے افغان طالبان کو اپنا رہبر مانتے ہیں۔ مگر دودھ کا جلا چھاچھ بھی پھونک پھونک کر پیتا ہے۔ ہم جس تنظیم سے امن مذاکرات کرنے کے لیے بے چین ہیں، صرف چھ ماہ پہلے تک اس پر را کی فنڈنگ اور مدد کا الزام لگاتے تھے، اشرف غنی کی حکومت نے، جس سے ہم خاصے نالاں تھے، اُن جنگجوؤں کی اکثریت کو پکڑ کر جیلوں میں بند کر رکھا تھا جنہوں نے پاکستانی پولیس، فوج اور شہریوں پر حملے کیے تھے، مگر آج وہ لوگ رہا ہو چکے، اب وہ بھارتی ایجنٹ بھی نہیں رہے۔ یہ تمام متضاد باتیں بیک وقت کیسے درست ہو سکتی ہیں؟ خدا ہی بہتر جانتا ہے۔

چلیے فرض کرتےہیں کہ ایک آئیدیل صورتحال بن جاتی ہے، سب جنگجو ہتھیار پھینک کر آئین اور قانون کے دائرے میں آ جاتے ہیں۔ اُس کے بعد کیا ہوگا؟ وہ ہزاروں بے گناہ شہری جن کے پیارے گزشتہ 14 برسوں میں بم دھماکوں میں مارے گئے وہ کیا کریں گے ؟ کیا ریاست کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ یکطرفہ طور پر ہزاروں لوگوں کا خون معاف کردے ؟ قران کی کون سی آیت اور آئین کی کون سی شق ریاست کو یہ اختیار دیتی ہے کہ وہ کسی معصوم شخص کےقتل کو اپنے طور پر معاف کردے الّا یہ کہ تعداد ہزاروں میں ہو؟ دنیا بھر میں اِس قسم کا اختیار کسی پارلیمان کو اُس وقت تک حاصل نہیں ہوتا جب تک کوئی جماعت انتخابات میں عوام سے اِس ضمن میں خصوصی مینڈیٹ نہ حاصل کرلے کہ وہ برسر اقتدار آ کر شدت پسندوں کیلئے عام معافی کا اعلان کرے گی۔کسی بھی پارلیمان کے پاس عمومی قانون سازی کے اختیارات تو ہوتے ہیں مگر لامحدود اختیارات نہیں ہوتے۔ مثلاً دنیا کی کوئی پارلیمان یہ قانون منظور نہیں کر سکتی کہ نیلی آنکھوں والے بچوں کو پیدا ہوتے ہی قتل کر دیا جائے گا حالانکہ پارلیمان کے پاس قانون سازی کا لا محدود اختیارہوتا ہے ۔ یہ قانون صرف اسی صورت میں منظور ہو سکتا ہے اگر کوئی جماعت اپنے منشور میں یہ بات لکھے اوراسی انتخابی نعرے کی بنیاد پر واضح اکثریت سے عوامی تائید حاصل کر لے۔ اُس کے بعد شاید وہ نیلی آنکھوں والے بچوں کے قتل کا قانون منظور کرنے کے قابل ہو سکے۔ ہماری پارلیمان کے پاس فی الحال ایسا کوئی اختیار نہیں!

بشکریہ جنگ

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے