کراچی: نسلہ ٹاور گرانے کا عمل تیز، مزید مشینری اور عملہ طلب

سپریم کورٹ کے حکم پر شارع فیصل پر واقع نسلہ ٹاور کو گرانے کا عمل تیز کر دیا گیا ہے اور غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی عمارت کو گرانے کے لیے مزید مشینری اور عملہ طلب کر لیا گیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سماعت کے دوران نسلہ ٹاور گرانے سے متعلق کمشنر کراچی کی رپورٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں حکم دیا تھا کہ ابھی جاؤ اور سارے شہر کی مشینری اور اسٹاف کے ساتھ نسلہ ٹاور گرا دو۔

سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرتے ہوئے کمشنر کراچی فوری طور پر شارع فیصل پر واقع نسلہ ٹاور پہنچے اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نسلہ ٹاور گرانے کا کام شروع کیا گیا تھا تاہم حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے کام روک دیا گیا تھا، سپریم کورٹ کا بھی یہی حکم تھا کہ جان و مال کا نقصان نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ نسلہ ٹاور کی دسویں منزل توڑ دی گئی ہے جبکہ گیارہویں منزل پر کام شروع ہے، سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ نسلہ ٹاور گرانے کا کام تیز کیا جائے۔

کمشنر کراچی نے ہدایت کی کہ اب اس کو اسپیڈ اپ کیا جائے گا تاکہ جلد از جلد گرا دیا جائے، نسلہ ٹاور کو اندر سے توڑنے کا کام جاری ہے جبکہ باہر سے توڑنے کا کام آج شام شروع کیا جائے گا، سامان پہنچا دیا گیا ہے۔

محمد اقبال میمن کا کہنا تھا کنفیوژن تھی کہ کنٹرول ڈیٹونیشن سے گرایا جائے لیکن اب کنفیوژن دورہو گئی ہے، اب نسلہ ٹاور کو روایتی طریقے سے مزدور اور مشینیں لگا کر تو ڑا جائے گا اور بہت جلد نسلہ ٹاور کو گرا دیا جائے گا۔

[pullquote]سارے شہر کی مشینری لیکر جاؤ اور نسلہ ٹاور گراؤ: چیف جسٹس کا حکم[/pullquote]

کراچی: چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کمشنر کراچی کی رپورٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سارے شہر کی مشینری اور اسٹاف لیکر آؤ اور نسلہ ٹاور گرا دو۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نسلہ ٹاور گرانے سے متعلق سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کمشنر کراچی کی رپورٹ پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

کمشنر کراچی نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے نسلہ ٹاور پر آپریشن کا آغاز کر دیا ہے جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کتنی بلڈنگ گری، کتنا کام ہوا ہے، ہمیں اس کا بتائیں، جھوٹ مت بولیں۔

کمشنر کراچی نے چیف جسٹس پاکستان سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ سر میری بات سنیں، جس پر جسٹس قاضی امین نے کہا کہ کیا آپ اپنے گھر میں کھڑے ہیں، یہ طریقہ ہے عدالت سے بات کرنے کا۔

جسٹس قاضی امین کا کمشنر کراچی سے کہنا تھا کہ زیادہ اسمارٹ بننے کی کوشش نا کریں۔

کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ سر میں عمارت گرانے کی کوشش کررہا ہوں، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ کوشش کو چھوڑیں، یہاں سے سیدھا جیل جائیں۔

کمشنر کراچی کا چیف جسٹس سے کہنا تھا سر میں کچھ آپ کو سمجھانے کی کوشش کررہا ہوں، جس پر جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ ہم سمجھ رہے ہیں لیکن آپ نہیں سمجھ رہے، صرف ٹائم پاس کررہے ہیں۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے کمشنر کراچی سے متعلق استفسار کیا کہ یہ کس گریڈ کا افسر ہے جس پر ایڈوکیٹ جنرل نے بتایا کہ کمشنر کراچی گریڈ 21 کا افسر ہے۔

جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ کیا گریڈ 21کے آفسر کا کورٹ میں بات کرنے کا یہ طریقہ ہوتا ہے، جاؤ اور سارے شہر کی مشینری اور اسٹاف لے کر نسلہ ٹاور گراؤ۔

[pullquote]تجوری ہائٹس کو گرانے کا کام جاری ہے: کمشنر کراچی[/pullquote]

چیف جسٹس آف سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ تجوری ہائٹس کو بھی اب تک مسمار نہیں کیا گیا، جس پر کمشنر کراچی نے بتایا کہ تجوری ہائٹس کو گرانے کا کام جاری ہے۔

سپریم کورٹ کا کہنا تھا اگر آپریشن چل رہا ہے تو تصاویر کے ساتھ دوپہر تک رپورٹ پیش کریں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے