جمعہ : 03 دسمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]طالبان کا خواتین کے حقوق کی حمایت میں حکم نامہ[/pullquote]

افغانستان میں اقتدار میں واپسی کے بعد عسکریت پسند گروہ طالبان نے خواتین کے بعض حقوق کے احترام کی حمایت کی ہے۔ طالبان نے ایک حکم نامے میں ملک کی بعض تنظیموں، مذہبی اسکالرز اور عمائدین کو خواتین کے حقوق کے نفاذ کے لیے سنجیدہ اقدام کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس فرمان کے بقول عورت جائیداد نہیں بلکہ ایک عظیم اور آزاد شخص ہے۔ مثال کے طور پر، کوئی بھی غیر شادی شدہ عورت یا بیوہ کو شادی کے لیے مجبور نہ کرے۔ تاہم نئے حکم نامے میں خواتین کے لیے تعلیم یا کام کرنے کے حقوق کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

[pullquote]متحدہ عرب امارات کا فرانس کو 80 رافائل جنگی طیاروں کا آرڈر[/pullquote]

متحدہ عرب امارات، فرانس سے 14 ارب یورو مالیت کے 80 رافائل جنگی طیارے خرید کرے گا۔ اس معاہدہ کا اعلان فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں کے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران ابوظہبی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زید النہیان کے ساتھ ملاقات کے بعد کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان اربوں یورو کے دیگر معاہدے بھی طے پائے ہیں۔ امارات فرانسیسی دفاعی صنعت کا سب سے بڑا خریدار تصور کیا جاتا ہے۔ نئے آرڈر کے تحت یو اے ای 12 کاراکل ملٹری ٹرانسپورٹ ہیلی کاپٹر بھی خریدے گا، جن کی قیمت 17 ارب یورو سے زائد ہے۔ فرانسیسی صدر خلیجی ممالک کے دو روزہ دورے پر ہیں، متحدہ عرب امارات کے بعد وہ قطر اور سعودی عرب کے لیے روانہ ہوں گے۔

[pullquote]آسٹریا: کارل نیہامر نئے وفاقی چانسلر بنیں گے[/pullquote]

آسٹریا کے موجودہ وزیر داخلہ کارل نیہامر کو وفاقی چانسلر کے عہدے کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے۔ 49 سالہ نیہامر نے اپنی حکومتی سیاسی جماعت آسٹرین پیپلز پارٹی کے اجلاس کے بعد اعلان کیا کہ ان کو چانسلر اور پارٹی کے سربراہ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز سابق چانسلر سباستیان کُرز نے سیاست سے مکمل طور پر کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔ ان کے اس فیصلے نے پارٹی کے اندر بحران پیدا کردیا۔ کُرز کے اعلان کے چند گھنٹے بعد ان کے جانشین الیگزینڈر شِلنبرگ نے بھی اپنے استعفی کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]فلپائنی فوج نے داعش سے منسلک گروہ کے سربراہ کو ہلاک کردیا[/pullquote]

فلپائن میں دہشت گرد تنظیم داعش سے منسلک ایک گروہ کے نئے سربراہ سمیت چار شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ فلپائن کی فوج نے بتایا ہے کہ ملک کے جنوبی حصے میں سرکاری فوجی دستوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں یہ افراد مارے گئے۔ فوج نے لاشوں کی شناخت کے بعد تصدیق کی ہے کہ دولت اسلامیہ گروہ کا سردار عاصم کریندا عرف ابو عظیم اور اس کے ساتھی ہلاک ہوگئے ہیں۔ دہشت گرد گروہ دولت اسلامیہ جنوبی فلپائن میں ہونے والے متعدد بم دھماکوں میں ملوث رہا ہے۔

[pullquote]ایران اور امریکا کا جوہری معاہدے کی بحالی پر ناامیدی کا اظہار[/pullquote]

امریکا اور ایران دونوں ہی نے سن 2015 میں طے ہونے والے ایران جوہری معاہدے کی بحالی پر ناامیدی کا اظہار کیا ہے۔ امریکا کے مطابق دوبارہ مذاکرات کے دوران ایران کے بعض تبصروں نے جوہری معاہدے کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ دوسری جانب تہران کو بھی معاہدے کو دوبارہ بحال کرنے سے متعلق امریکی اور یورپی مذاکرات کاروں کے ارادوں پر شک ہے۔ اسٹاک ہوم میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے کہا کہ ایران کی حالیہ بیان بازی حوصلہ بخش نہیں۔ ادھر ایرانی میڈیا نے ملک کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران سنجیدہ عزم کے ساتھ ویانا گیا تھا، لیکن امریکا اور تین یورپی فریقوں کی مرضی اور ان کے ارادوں کے بارے میں وہ پر امید نہیں ہے۔

[pullquote]ناسا نے نئے کمرشل خلائی اسٹیشن کے لیے فنڈ جاری کردیے[/pullquote]

امریکی اسپیس ایجنسی ناسا نے تین امریکی کمپنیوں کو نئے خلائی اسٹیشن تیار کرنے کا کام سونپا ہے۔ اس منصوبے کے لیے ایمیزون کے بانی جیف بیزوس کی کمپنی بلیو اوریجن کو ایک سو تیس ملین امریکی ڈالر، ٹیکساس کی کمپنی نینوریکس کو ایک سو ساٹھ ڈالر، اور ورجینیا کی کمپنی نورتھروپ گرومین کو ایک سو پچیس عشاریہ چھ ملین ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔ ناسا کے چیف بل نیلسن کے مطابق اس منصوبے کا مقصد ’خلا میں ایسے مقامات کو تیار کرنا ہے جہاں پہنچ کر لوگ رہ اور کام کرسکیں گے‘۔

[pullquote]امریکا میں کورونا وائرس کے خلاف بائیڈن انتظامیہ کے نئے اقدامات[/pullquote]

کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کی امریکا میں تصدیق کے بعد بائیڈن انتظامیہ نے ملک میں داخلے کے قوانین مزید سخت کردیے ہیں۔ آئندہ ہفتے سے امریکا کے لیے روانگی سے پہلے تمام مسافروں کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی، جو چوبیس گھنٹے سے زیادہ پرانی نہ ہو۔ یہ احکامات امریکی شہریوں سمیت دیگر غیر ملکی افراد پر لاگو ہوتے ہیں، پھر چاہے وہ ویکسین لگوا چکے ہوں۔ بغیر کورونا ویکسین لگوائے امریکا میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ امریکی صدر جو بائیڈن چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ افراد کورونا وائرس کی ویکسین یا پھر بوسٹر شاٹس لگوائیں۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے مزید سختی کا مطالبہ[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس کی وبا کی چوتھی لہر پر قابو پانے کے لیے متعارف کرائے گئے حالیہ حکومتی فیصلے کے بعد ڈاکٹروں کی تنظیموں کی جانب سے مزید سخت اقدامات کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ انتہائی طبی نگہداشت کی یونین کے صدر نے ایسے شہریوں کے لیے بھی سماجی رابطے محدود کرنے کی حمایت کی ہے جو کورونا ویکسین لگوا چکے ہیں۔ جرمنی کی میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر کلاؤس رین ہارٹ نے بھی حکومتی اقدامات کو ناکافی قرار دیا ہے۔ گزشتہ روز جرمن ریاستوں اور وفاق کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے سلسلے میں نئی حکمت عملی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس فیصلے کے مطابق ویکسین نہ لگوانے والے افراد کو مختلف پابندیوں کا سامنا کرنا ہو گا اور ایسے افراد اسٹورز، ثقافتی اورتفریحی مقامات میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔

[pullquote]پوپ فرانسس کی قبرص میں مہاجرین سے ملاقات[/pullquote]

پوپ فرانسس قبرص میں آج بروز جمعہ جزیرے کے آرتھوڈوکس چرچ کے سربراہ کے ساتھ ملاقات کر رہے ہیں۔ اس کے بعد جزیرے پر ایک تجارتی میلے کا انعقاد کیا جائے گا۔ پاپائے روم اپنے دورے کے دوسرے روز پناہ کے متلاشی مہاجرین سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات کا اہتمام دارالحکومت نیکوسیا کے مرکز میں واقع کیتھولک چرچ میں کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق عین ممکن ہے کہ پوپ فرانسس ان مہاجرین میں سے بعض افراد کو پناہ فراہم کرنے کے لیے اپنے ساتھ لے جائیں گے۔

[pullquote]بیلاروس کے خلاف یورپی یونین کی نئی پابندیاں نافذ[/pullquote]

یورپی یونین نے بیلاروس کے ساتھ پناہ گزینوں کے تنازعے کے نتیجے میں منسک پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ تازہ پابندیوں کی فہرست میں گیارہ کمپنیوں کو شامل کیا گیا ہے، جن میں بیلاروسی ایئرلائن بیلاویا، شام کی چارٹر کمپنی چام ونگز کے علاوہ ہوٹلوں اور ٹور آپریٹرز شامل ہیں۔ اعلان کے مطابق یورپی یونین میں ان کمپنیوں کے اثاثے منجمد کر دیے جائیں گے۔ ان تازہ پابندیوں میں سترہ اعلیٰ سطحی سیاسی رہنماؤں پر ملک میں داخلے کی پابندی عائد کی گئی ہے۔ امریکا، برطانیہ اور کینیڈا نے بھی یورپی یونین کے ساتھ مشاورت کے بعد نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے