بدھ : 08 دسمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت کے ملٹری چیف کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، متعدد افراد ہلاک[/pullquote]

بھارتی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر، جس میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف بپن راوت سوار تھے، حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔ اس حادثے میں کم از کم سات افراد کی ہلاکتوں کا بتایا گیا ہے۔ تاہم ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ ابھی تک یہ نہیں بتایا گیا کہ حادثے میں بھارتی فوج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف بپن راوت زخمی ہوئے یا نہیں۔ چیف آف ڈیفنس اسٹاف بپن راوت بھارتی فوج کے سب سے سینئر افسر ہیں۔ وہ وزارت دفاع کے مشیر کے فرائض بھی سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ برس بطور آرمی چیف ریٹائرمنٹ کے بعد یہ نیا عہدہ سنبھالا تھا۔ بھارتی ایئر فورس نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

[pullquote]اولاف شولس جرمنی کے نئے چانسلر منتخب ہو گئے[/pullquote]

سوشل ڈیموکریٹ اولاف شولس واضح اکثریت سے جرمنی کے نئے چانسلر منتخب ہو گئے ہیں۔ وہ اس عہدے کے لیے واحد امیدوار تھے۔ اس کے ساتھ ہی خاتون رہنما انگیلا میرکل کا سولہ سالہ دور اقتدار بھی اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔ جرمنی کی نئی مخلوط حکومت یورپی اتحاد کی حامی ہے اور ماحول دوست سرمایہ کاری میں اضافہ چاہتی ہے۔ تریسٹھ سالہ شولس میرکل کی سبکدوش ہونے والی حکومت میں بطور وائس چانسلر اور وزیر خزانہ خدمات انجام دے چکے ہیں۔ نئے وزراء بھی آج ہی اپنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیں گے۔

[pullquote]برونڈی کی جیل میں آگ لگنے سے متعدد افراد ہلاک[/pullquote]

مشرقی افریقی ملک برونڈی کی ایک جیل میں آگ لگنے سے کم از کم 38 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق گنجائش سے زیادہ بھری اس جیل میں پیش آنے والے اس واقعے میں تقریبا 70 افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔ دارالحکومت گیتیگا کی سینٹرل جیل میں منگل کی صبح، جس وقت یہ واقعہ پیش آیا، اس وقت زیادہ تر قیدی سو رہے تھے۔ ابھی تک آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔

[pullquote]امریکی روسی ویڈیو سربراہی اجلاس میں اختلافات[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرائن پر فوجی حملے کی صورت میں اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن کو سخت اقتصادی پابندیوں کی دھمکی دی ہے۔ جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق منگل کو ہونے والے ویڈیو سربراہی اجلاس میں صدر بائیڈن نے امریکی موقف کو واضح طور پر بیان کیا ہے۔ دوسری جانب روسی صدر نے اس ضمانت کا مطالبہ کیا ہے کہ نیٹو اتحاد مشرق کی جانب مزید توسیع سے باز رہے۔ تاہم صدر بائیڈن نے اس حوالے سے کوئی یقین دہانی نہیں کروائی ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق مستقبل قریب میں روس یوکرائن تنازعہ مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔

[pullquote]خاشقجی قتل کا ملزم گرفتار، رپورٹ[/pullquote]

فرانسیسی پولیس نے پیرس میں قاتل اسکواڈ کے ایک اُس مشتبہ رکن کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کا ذمہ دار ہے۔ جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق 33 سالہ شخص کو روئیسی ہوائی اڈے پر اُس وقت گرفتار کیا گیا، جب وہ ریاض جانے والی پرواز میں سوار ہونے والا تھا۔ جمال خاشقجی کو سن 2018 میں استنبول کے سعودی قونصل خانے میں ریاض کی خصوصی کمانڈ کے ذریعے قتل کر دیا گیا تھا۔ دوسری جانب سعودی حکومت کے خلاف الزامات کے باوجود فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے گزشتہ ہفتے جدہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔

[pullquote]اسرائیل نے غزہ پٹی پر ’’آہنی دیوار‘‘ مکمل کر لی[/pullquote]

اسرائیل نے غزہ پٹی کے ساتھ ساتھ 65 کلومیٹر طویل ایک ’’آہنی دیوار‘‘ کی تعمیر مکمل کر لی ہے۔ اسرائیلی وزارت دفاع کے مطابق فلسطینی سرزمین پر باڑ لگانے کا کام ساڑھے تین سال بعد مکمل ہو گیا ہے۔ اسرائیل کے مطابق اس ’’آہنی دیوار‘‘ نے غزہ پٹی کی حکمران جماعت حماس کی اسرائیل میں گھسنے کی صلاحیت چھین لی ہے۔ چھ میٹر اونچی سرحدی باڑ میں سرنگوں کا پتہ لگانے کے لیے زیر زمین سینسرز، ریڈار سسٹم، کیمرے اور گارڈ روم شامل ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ اس دیوار کی تعمیر کے لیے 1200 سے زائد کارکنوں نے تقریباً دو لاکھ بیس ہزار ٹن کنکریٹ اور ایک لاکھ چالیس ہزار ٹن لوہا اور اسٹیل استعمال کیا ہے۔

[pullquote]اومیکرون کے کم خطرناک ہونے کے اشارے[/pullquote]

امریکا کے معروف امیونولوجسٹ انتھونی فوکی نے اپنے اس جائزے کا اعادہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون دیگر اقسام کے مقابلے میں کم خطرناک ہے۔ صدر جو بائیڈن کے طبی مشیر کا کہنا تھا کہ اومیکرون پہلے سے موجود وائرس ڈیلٹا سے مزید ’’بدتر‘‘ نہیں ہے اور یہ بات ’’تقریباﹰ یقینی‘‘ ہے۔ دوسری جانب جرمن سرکردہ وائرولوجسٹ اور حکومتی مشیر کرسٹیان ڈروسٹن کے مطابق نئی قسم زیادہ ’’تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت‘‘ رکھتی ہے اور شاید اس کے لیے ویکسین کو ایڈجسٹ کرنے کی ضرورت پڑے۔ ان کے مطابق اس کے لیے نئی ویکسین اپریل میں استعمال کی جا سکتی ہے۔

[pullquote]آسٹریلیا بھی سرمائی کھیلوں میں سفارت کار چین نہیں بھیجے گا[/pullquote]

آسٹریلیا بھی بیجنگ 2022ء کے سرمائی اولمپکس کے امریکی سفارتی بائیکاٹ میں شامل ہو گیا ہے۔ آسٹریلیا اور چین کے مابین متعدد معاملات کے حوالے سے اختلافات پائے جاتے ہیں۔ چین نے آسٹریلیا کے اس فیصلے پر بھی شدید تنقید کی تھی، جس کے تحت اس نے امریکا سے جوہری آبدوزیں خریدنی ہیں۔ آسٹریلوی حکومت کے مطابق وہ سرمائی اولمپکس کا سفارتی بائیکاٹ چین میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی وجہ سے کر رہی ہے۔ تاہم آسٹریلیا کے کھلاڑی ان کھیلوں میں ضرور شریک ہوں گے۔ گزشتہ روز چین نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ کھیلوں اور سیاست کو الگ الگ رکھا جائے۔

[pullquote]اولاف شولس جرمن چانسلر کا عہدہ سنبھالنے کے لیے تیار[/pullquote]

آج بدھ کے روز پارلیمانی اجلاس میں جرمنی کے نئے وفاقی چانسلر کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔ اس عہدے کے واحد امیدوار سوشل ڈیموکریٹ اولاف شولس ہیں، جو اپنی ایس پی ڈی، گرینز اور لبرل ایف ڈی پی کے درمیان مخلوط حکومت کی قیادت کرنا چاہتے ہیں۔ آج شولس کا انتخاب یقینی ہے اور اس کے ساتھ ہی خاتون رہنما انگیلا میرکل کا سولہ سالہ دور اقتدار ختم ہو جائے گا۔ نئے چانسلر کے بعد نئے وزراء بھی آج ہی اپنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیں گے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے