پیر : 24 جنوری 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یوکرائن کے لیے ای یو کا تقریباﹰ سوا ارب یورو کا امدادی پیکیج[/pullquote]

یورپی یونین نے کییف کے لیے ایک اعشاریہ دو ارب یورو کے مالی امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ یورپی کمیشن کی سربراہ ارزولا فان ڈیئر لائن نے برسلز میں صحافیوں کو بتایا کہ یوکرائن کے روس کے ساتھ موجودہ تنازعے میں مدد کے مقصد سے ایک ہنگامی پیکج مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس رقم کی ادائیگی امداد اور ہنگامی قرضے کے طور پر کی جائے گی۔ فان ڈیئر لائن کے بقول اس پیکج کے ذریعے یوکرائن تیزی سے بڑھتی کشیدگی کے دوران اپنی مالی ضروریات کو پورا کر سکے گا۔ انہوں نے یورپی یونین کے ارکان پارلیمان سے اپیل کی کہ اس پیکج کو ہنگامی بنیاد پر منظور کیا جائے، تاکہ جلد سے جلد تعاون کو ممکن بنایا جا سکے۔

[pullquote]ناروے میں طالبان اور مغربی ممالک کے نمائندوں کی ملاقات[/pullquote]

افغان طالبان اور مغربی ممالک کے سفارتکار آج ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں ملاقات کر رہے ہیں۔ اس مذاکراتی عمل میں افغانستان میں جاری انسانی بحران اور خاص طور پر افغان خواتین کی آزادی پر لگائی گئی قدغنوں پر بات چیت کی جائے گی۔ افغان طالبان کا اگست میں اقتدار سنبھالنے کے بعد کسی یورپی ملک کا یہ پہلا دورہ ہے۔ طالبان وفد کی نمائندگی وزیر خارجہ امیر خان متقی کر رہے ہیں۔ طالبان حکام امریکا، فرانس، برطانیہ، جرمنی، اٹلی، ناروے اور یورپی یونین کے مندوبین سے بند دروازوں کے پیچھے بات چیت کریں گے۔ امریکا کی قیادت میں مغربی ممالک کی جانب سے بین الاقوامی امداد روکنے اور افغانستان میں شدید خشک سالی کے بعد لاکھوں افراد بھوک اور شدید غربت میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔

[pullquote]ابوظہبی کی جانب بڑھتے دو بیلسٹک میزائل تباہ کر دیے، یو اے ای[/pullquote]

متحدہ عرب امارات نے ابوظہبی کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائل مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اماراتی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق آج پیر کی صبح دو میزائلوں کے ذریعے ابوظہبی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ یمنی حوثی باغیوں کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ان کی طرف سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر حملے کیے گئے ہیں تاہم اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ گزشتہ ہفتے بھی اماراتی دارالحکومت پر ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا، جس میں تین افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے تھے۔ متحدہ عرب امارات بھی سعودی عرب کی قیادت والے اس فوجی اتحاد میں شامل ہے جو ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے خلاف یمن حکومت کی مدد کر رہا ہے۔

[pullquote]یوکرائن کی صورتحال کوڈرامائی بنانے کی ضرورت نہیں، بوریل[/pullquote]

یورپی یونین، یوکرائن کے دارالحکومت کییف میں تعینات سفارتی عملے کے خاندانوں کو واپس نہیں بلائے گی۔ برسلز میں یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ یوزیپ بوریل نے کہا کہ امریکا کی طرح فی الحال ایسا ہرگز نہیں کیا جائے گا کیونکہ ابھی ایسی کوئی خاص وجہ موجود نہیں ہے۔ بوریل کے مطابق روس کے ساتھ مذاکرات کے دوران یوکرائن کی صورتحال کوڈرامائی رنگ دینے کی ضرورت نہیں۔ بوریل نے یہ بات یورپی یونین کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات سے قبل کہی ہے۔ اس اجلاس میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن ویڈیو لنک کے ذریعے گزشتہ ہفتے اپنے روسی ہم منصب سیرگئی لاوروف سے کی گئی ملاقات کے بارے میں آگاہ کریں گے۔ امریکا اور روس کے وزرائے خارجہ نے بات چیت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا تھا تاہم یوکرائن تنازعے کے حوالے سے کوئی بڑی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

[pullquote]چین کے 39 جنگی طیارے فضائی حدود میں داخل ہوئے، تائیوان[/pullquote]

تائیوان نے اپنی جنوب مغربی فضائی حدود میں 39 چینی جنگی طیاروں کی ایک ساتھ داخل ہونے کی اطلاع دی ہے۔ تائی پے حکومت کے مطابق ان طیاروں میں ایک بمبار طیارہ بھی شامل تھا۔ وزارت دفاع کے ایک بیان میں بتایا گیا کہ چینی طیاروں نے تائیوان کے زیر کنٹرول پراٹاس جزیرے کے شمال مشرق کی جانب پرواز کیا۔ اس تازہ ترین پیش رفت پر بیجنگ کی جانب سے فوری طور پر کوئی رد عمل نہیں آیا ہے۔ چین تائیوان کو اپنا ہی ایک علاقہ سمجھتا ہے۔ بیجنگ حکومت نے اس عزم کا اظہار بھی کیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر طاقت کے ذریعے بھی اس جزیرے کا اپنے ملک میں انضمام کیا جائے گا۔

[pullquote]امریکا کے شہریوں کی رہائی کے بغیر ایران جوہری معاہدہ مشکل ہے، امریکی سفارتکار[/pullquote]

امریکا سن 2015 کے ایران جوہری معاہدے کو بچانے کے لیے اس وقت تک کوئی سمجھوتہ نا کرے جب تک تہران ان چار امریکی شہریوں کو رہا نہیں کر دیتا جسے اس نے یرغمال بنارکھا ہے۔ یہ بات ایران کے لیے امریکا کے خصوصی سفیر رابرٹ میلی نے خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دونوں الگ الگ معاملات ہیں اور دونوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یرغمال بنائے گئے چار بے گناہ امریکیوں کی رہائی کے بغیر جوہری معاہدہ کرنا بہت مشکل ہے۔ حالیہ برسوں کے دوران ایران کی پاسداران انقلاب فوج نے درجنوں دوہری شہریت رکھنے والے اور غیر ملکی شہریوں کو بالخصوص جاسوسی اور سکیورٹی کے حوالے سے الزامات کے تحت گرفتار کر رکھا ہے۔ ایران امریکا کے اس دعوے کی تردید کرتا رہا ہے۔

[pullquote]امریکی سفارتکاروں کے اہل خانہ کو یوکرائن سے واپسی کی ہدایت[/pullquote]

امریکی حکومت نے یوکرائن تنازعے کے تناظر میں کییف میں تعینات اپنے سفارتی عملے میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ واشنگٹن میں امریکی وزارت خارجہ کے مطابق انہیں فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ضرورت نہیں، مگر اس بات کی پیشگی منظوری دے دی گئی ہے۔ تاہم امریکی سفارتی عملے کے اہل خانہ کو کہا گیا ہے کہ وہ یوکرائن چھوڑ دیں۔ اس غیرمعمولی اقدام کی وجہ یوکرائن پر روس کا ممکنہ فوجی حملہ خیال کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح امریکی شہریوں کو روس کا سفر نہ کرنے کی ’سخت ہدایات‘ جاری کی گئی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ وہاں انہیں ’پولیس کی طرف سے ہراساں‘ کیا جاسکتا ہے۔

[pullquote]کورونا وبا یورپ میں جلد ختم ہوسکتی ہے، ڈبلیو ایچ او[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت کے اندازوں کے مطابق براعظم یورپ میں کورونا وبا جلد ختم ہوسکتی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے یورپی حکام نے کہا کہ یہ ’قابل تعریف‘ بات ہے کہ خطہ ’وبائی بیماری کے آخری مرحلے‘ کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق اومیکرون کی لہر کم ہونے کے بعد آبادی میں بڑے پیمانے پر قوت مدافعت پیدا ہوجائے گی، جس کی وجہ ویکسینیشن یا پھر انفیکشن سے صحت یابی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کا اومیکرون ویریئنٹ زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے تاہم اب تک کی تحقیق کے مطابق کورونا وائرس کی ابتدائی قسم کے مقابلے میں اس کے سبب بیماری کی شدت کم ہوتی ہے۔

[pullquote]آرمینیا کے صدر اچانک مستعفی ہوگئے[/pullquote]

آرمینیا کے صدر آرمین سرکیسیان نے حیران کن طور پور استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے دارالحکومت یریوان میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی جذباتی فیصلہ نہیں بلکہ اس کے پیچھے خاص منطق ہے۔ صدر سرکیسیان نے چار سال تک اس عہدے پر کام کرنے کے بعد اب ’محدود اختیارات‘ کو مستعفی ہونے کا جواز قرار دیا۔ نگورنو کاراباخ علاقے پر آذربائیجان کے ساتھ پرتشدد تنازعے کی وجہ سے آرمینیا کچھ عرصے سے سیاسی بحران کا شکار ہے۔ اس معاملے سے نمٹنے کے حوالے سے سرکیسیان اور وزیراعظم نکول پَشِنیان کے درمیان اختلافات پائے جاتے تھے۔

[pullquote]فرانسیسی فیشن ڈیزائنرچیری موگلیئر انتقال کر گئے[/pullquote]

فرانسیسی فیشن ڈیزائنر چیری موگلیئر 73 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ موگلیئر کے ایجنٹ کے مطابق ان کی موت غیر متوقع طور پر ہوئی ہے، کیونکہ وہ آئندہ ہفتے ایک اہم شراکت داری کا اعلان کرنے والے تھے۔ ٹاپ ماڈل جیری ہال، پاپ اسٹار بیونسے، لیڈی گاگا اور ڈیوڈ بووی چیری موگلیئر کے ڈیزائن کردہ ملبوسات زیب تن کر چکے ہیں۔ انہوں نے ستر کی دہائی میں اپنا ایک فیشن لیبل قائم کیا اور خاص طور پر اسی کے عشرے میں ان کے ڈیزائن کردہ ملبوسات کافی بااثر خیال کیے جاتے تھے۔ بعد میں چیری موگلیئر نے ایک پرفیوم برانڈ بھی لانچ کیا۔ وہ بطور ہدایت کار اور مصنف بھی کام کرچکے تھے۔

[pullquote]رافائل نادال آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے[/pullquote]

ہسپانوی ٹینس کھلاڑی رافائل نادال نے میلبورن میں جاری آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ نادال نے فرانسیسی کھلاڑی آدریان مانارینو کے خلاف پہلے سیٹ میں سنسنی خیز جیت حاصل کی۔ انہوں نے مانارینو کو سات – چھ، چھ – دو اور چھ – دو سے شکست دی۔ اس طرح نادال چودھویں مرتبہ آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔ رافائل نادال یہ ٹورنامنٹ جیت کر اکیس گرینڈ سلیم سنگل ٹائٹل جیتنے والے پہلے مرد ٹینس کھلاڑی بن سکتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے