[pullquote]مہنگائی سے متعلق سوال پر امریکی صدر برہم، صحافی کو گالی دے دی[/pullquote]
امریکی صدر جو بائیڈن مہنگائی سے متعلق سوال پوچھنے پر برہم ہوگئے اور صحافی کو گالی دے ڈالی۔واشنگٹن میں پریس کانفرنس کے اختتام پر صحافی نے امریکی صدر سے پوچھاکہ کیا مہنگائی میں اضافہ وسط مدتی انتخابات میں سیاسی بوجھ کا باعث ہوگا؟اس پر صدر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ نہیں یہ بہت بڑا اثاثہ ہے، زیادہ مہنگائی ہوگی اور ساتھ ہی صحافی کو گالی بھی دے ڈالی۔وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ٹرانسکرپٹ میں بھی امریکی صدر کی گالی موجود ہے۔
[pullquote]کرپشن کے خلاف جنگ تعطل کا شکار ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل[/pullquote]
بدعنوانی پر نظر رکھنے والی عالمی تنظیم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی تازہ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں زیادہ تر ممالک نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران بدعنوانی کی سطح کو کم کرنے کے لیے بہت کم یا کوئی پیش رفت نہیں کی۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے سن 2021 کے انڈکس (سی پی آئی) میں ڈنمارک، نیوزی لینڈ اور فن لینڈ سر فہرست ہیں۔ یہ تینوں وہ ممالک ہیں، جن کو عوامی سطح پر سب سے کم کرپٹ سمجھا جاتا ہے۔ اس انڈکس میں جرمنی دسویں نمبر پر جبکہ پاکستان ایک سو چوبیس نمبر سے گر کر ایک سو چالیس نمبر پر چلا گیا ہے۔
[pullquote]اوسلو مذاکرات کا انعقاد خود ایک کامیابی ہے، طالبان[/pullquote]
افغان طالبان نے ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں مغربی ممالک کے سفارت کاروں کے ساتھ ملاقات کو ایک کامیابی قرار دیا ہے۔ طالبان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا کہ ناروے کی جانب سے فراہم کردہ یہ موقع ایک نمایاں کامیابی ہے کیونکہ وہ دنیا کے ساتھ ایک اسٹیج شیئر کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان ملاقاتوں کے بعد افغانستان کے ساتھ عالمی تعاون ممکن ہو سکے گا۔ بین االاقوامی برادری نے طالبان پر زور دیا ہے کہ وہ خواتین اور انسانی حقوق کی پاسداری یقینی بنائیں اور بین الاقوامی امداد کی بحالی کے لیے ان شرائط پر عملدرآمد لازمی ہوگا۔
[pullquote]مغربی رہنماؤں کا روس سے کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ[/pullquote]
یوکرائن تنازعے پر امریکا، یورپی یونین، جرمنی اور دیگر یورپی ممالک کے رہنماؤں نے روس کو باہمی اتحاد کا اشارہ دیا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے اتحادی ممالک کے ساتھ مکمل اتفاق جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔ ادھر جرمن چانسلر اولاف شولس نے کہا ہے کہ اب اس بات کا انحصار ماسکو پر ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے کی خاطر قدم اٹھائے۔ شولس کے بقول یوکرائن کے خلاف روسی جارحیت کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ یورپی کمیشن کی سربراہ ارزولا فان ڈیئر لائن کے بقول ای یو روس کے خلاف وسیع تر پابنیدوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
[pullquote]کیمرون میں فٹ بال اسٹیڈیم میں بھگدڑ، آٹھ افراد ہلاک[/pullquote]
کیمرون کے اولیمبے فٹ بال اسٹیڈیم میں میچ سے قبل بھگدڑ کے نتجے میں آٹھ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق دارالحکومت میں واقع اس اسٹیڈیم میں تماشائیوں کا ہجوم داخل ہونے کی کوشش تھا کہ اچانک افرتفری پھیل گئی۔ وزارت صحت کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین، چار مرد، ایک بچہ شامل بھی ہے۔ اس حادثے میں کم از کم اڑتیس افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔
[pullquote]استنبول میں شدید برفباری سے نظام زندگی مفلوج[/pullquote]
استنبول میں شدید برفباری کے نتیجے میں نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے۔ سخت سردی میں سڑکوں پر متعدد گاڑیاں اور افراد پھنس گئے۔ ریسکیو عملے کی جانب سے جلد سے جلد ٹریفک کلیئر کرانے اور برف کو ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس دوران کئی شہری اپنی گاڑیاں سڑکوں پر کھڑی کر کے پیدل گھر جانے کے لیے روانہ ہوگئے۔ گزشتہ شب استنبول کے بعض علاقوں میں اسی سینٹی میٹر تک برفباری نوٹ کی گئی۔ خراب موسم کے باعث استنبول ایئرپورٹ پر متعدد پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔
[pullquote]جیمزویب ٹیلی اسکوپ خلا میں اپنی منزل تک پہنچ گیا[/pullquote]
دنیا کی سب سے بڑی خلائی دوربین جیمز ویب ٹیلی اسکوپ زمین سے پندرہ لاکھ کلومیٹر دور خلا میں اپنی منزل تک پہنچ گئی ہے۔ ناسا کے چیف بل نیلسن نے کہا کہ اس طرح وہ کائنات کے بارے میں کئی راز دریافت کرنے کے ایک قدم مزید قریب آ گئے ہیں۔ جیمزویب ٹیلی اسکوپ تیرہ ارب سال قبل کائنات کے ابتدائی ایام کے بارے میں معلومات کی کھوج لگائے گا۔ ماہرین فلکیات امید کرتے ہیں کہ اس دور بین کے ذریعے ستاروں اور کہکشاؤں کی تشکیل کے بارے میں مزید انکشافات سامنے آئیں گے۔
[pullquote]ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش سری لنکا کے خلاف سیریز سے باہر[/pullquote]
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سٹار کھلاڑی ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش سمیت ہیڈ کوچ جسٹن لینگر سری لنکا کے خلاف کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت نہیں کریں گے۔ آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے مطابق تینوں کو مارچ میں پاکستان کے دورے کی تیاری کے لیے وقفہ دیا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر جیورج بیلی نے اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، جے رچرڈسن اور موئسس ہینرکس کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ کی سربراہی میں سری لنکا کے خلاف پانچ میچز کی سیریز گیارہ فروری سے کھیلی جائے گی۔
[pullquote]بورس جانسن کے خلاف ’پارٹی گیٹ‘ کے نئے الزامات[/pullquote]
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن پر اپنی سالگرہ کی تقریب میں کورونا ضوابط کی خلاف ورزی کا انکشاف کیا گیا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق وزیراعظم جانسن نے سال 2020 میں اپنی سالگرہ کی تقریب کے دوران اپنی حکومت کے نافذ کردہ کورورنا ضوابط کی خلاف ورزی کی تھی۔ اس پارٹی میں تیس افراد نے شرکت کی تھی جبکہ اس وقت کورونا وبا کے ضوابط کے تحت صرف چھ افراد کو ایک ساتھ جمع ہونے کی اجازت تھی۔ برطانوی وزیراعظم کے دفتر نے ’پارٹی گیٹ‘ الزامات کے جواب میں بتایا کہ جانسن کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دینے کے لیے عملہ صرف کچھ دیر کے لیے اکٹھا ہوا تھا۔
[pullquote]برکینا فاسو میں فوج کا بغاوت کا اعلان[/pullquote]
مغربی افریقی ملک برکینا فاسو میں فوج نے بغاوت کے اعلان کے بعد ملک کا اقتدار سنبھال لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ فوجی حکام نے سرکاری ٹیلی وژن پر کہا کہ حکومت معزول کر دی گئی ہے اور پارلیمنٹ تحلیل ہوگئی ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ ملک کے سربراہ روک مارک کرسٹیاں کابورے کہاں ہیں۔ دارالحکومت اواگاڈوگو میں سینکڑوں شہری مبینہ فوجی بغاوت کے حق میں جشن منانے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔ اقوام متحدہ، امریکا اور یورپی یونین نے فوج کے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
[pullquote]ایران نے اقوام متحدہ میں حق رائے دہی کے لیے اٹھارہ ملین ڈالر ادا کردیے[/pullquote]
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ووٹنگ کے حق کے لیے ایران نے اپنے حصے کے قرض کا کچھ حصہ ادا کردیا ہے۔ نیویارک میں یو این ہیڈ کوارٹر کے مطابق تہران حکومت نے عالمی ادارے کو اٹھارہ ملین امریکی ڈالر سے زائد رقم ادا کی ہے۔ اقوام متحدہ کے قوانین کے مطابق اگر ممبر ممالک کم از کم اپنی رکنیت کی فیس کے برابر قرضہ دو سال تک ادا نہیں کرتے تو وہ جنرل اسمبلی میں اپنا ووٹنگ کا حق کھو دیں گے۔ رواں ماہ کے آغاز میں ایران، وینزویلا اور کئی دیگر چھوٹے ممالک کے ووٹنگ رائٹس معطل کر دیے گئے تھے۔ جنرل اسمبلی اقوام متحدہ کا بنیادی پالیسی ساز ادارہ ہے جس میں تمام ایک سو ترانوے ممالک کو مساوی ووٹ کا حق حاصل ہے۔
[pullquote]جرمنی میں کورونا ویکسین کے خلاف احتجاج[/pullquote]
جرمنی کے کئی شہروں میں کورونا ویکسین لازمی لگوانے اور وائرس کو روکنے کے حکومتی اقدام کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ پولیس کے مطابق پیر کی شب جنوبی صوبے باویریا میں ایک سو سے زائد اجتماعات منعقد کیے گئے، اور وسطی ریاست تھیورنگیا میں بائیس ہزار افراد نے احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ حکومت کی پالیسی کے حق میں بھی مظاہرے کیے گئے، جس میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لیے چراغا کیا گیا۔ جرمنی میں کورونا پابندیوں کے خلاف ہر ہفتے پیر کی شب مظاہرے ایک معمول بنتے جارہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے کے احتجاج میں ایک لاکھ افراد شریک ہوئے تھے۔