یوسف رضا گیلانی کا اپوزیشن لیڈر سینیٹ کےعہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان

اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔

پیپلزپارٹی کے سینیٹر اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے بطور اپوزیشن لیڈر مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔ اس حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ میں نے بطور اپوزیشن لیڈراپنا استعفی پارٹی کو جمع کروا دیا ہے۔

سینیٹ کے اجلاس میں نقطہ اعتراض اٹھاتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کے ترمیمی بل کے حوالے سے میری ذات سے متعلق باتیں کی جارہی ہیں، کہا گیا کہ میں نے اس معاملے میں حکومت کا ساتھ دیا، ان بیانات کے بعد میں اپوزیشن لیڈر نہیں رہنا چاہتا، اس لئے اس معاملے پر استعفی دے دیا ہے اور اپنا استعفی پارٹی لیڈر شپ کو دیا ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مجھے اسٹیٹ بینک کے ترمیمی بل کا ایجنڈا تاخیر سے موصول ہوا، اجلاس کے لیے میرے آفس میں مسیج آیا لیکن یہ نہیں بتایا کہ ایجنڈے میں اسٹیٹ بینک کا بل موجود ہے، آپ نے یہ بل کمیٹی کو بھی نہیں بھیجا، چئیرمین ہاؤس کی نمائندگی کرتا ہے ناں کہ حکومت کی، چئیرمین اور اسپیکر کو ایوان میں متنازعہ نہیں ہونا چاہیئے، ووٹنگ کے دوران آپ نے 30 منٹ کا اجلاس ملتوی کیا، آپ نے یہ کرکے حکومت کے لیے سہولت کاری کی، آپ کو ایسا نہیں کرنا چاہئیے تھا۔

[pullquote]یوسف گیلانی شریف آدمی ہیں استعفیٰ تو بلاول یا زرداری کا بنتا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات[/pullquote]

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے سینیٹ میں اپوزیشن کی شکست اور اسٹیٹ بینک بل منظور ہونے پر بلاول یا آصف زرداری سے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ‏یوسف رضا گیلانی شریف آدمی ہیں استعفیٰ تو بلاول کا بنتا ہے یا آصف زرداری کا، جن کے کہنے پر پیپلز پارٹی کے سینیٹرز تشریف نہیں لائے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی کی سینئر لیڈرشپ اپنی جماعتوں کی لیڈرشپ کے کرتوتوں سے پریشان بھی ہے اور شرمندہ بھی، بہرحال ان جماعتوں میں تبدیلیوں کا سفر خوش آئند ہے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد آج ریٹائر ہو رہے ہیں، انھوں نے اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو لے کر جو تاریخی اسٹینڈ لیا اس سے ان کی عزت و تکریم میں بہت اضافہ ہوا، ایسے وقت میں جب ہندوستان کی عدلیہ شدت پسندوں کے ہاتھوں بے بس نظر آتی ہے، جسٹس گلزار جیسے ججز نے اقلیتوں کو سہارا دیا اور آزادانہ فیصلے دئیے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ اس سال سپریم کورٹ میں 5 ججز ریٹائر ہو رہے ہیں، پارلیمان کو نئے ججز کی تعیناتی کیلئےآئینی ترمیم پر غور کرنا چاہئے، اگر پارلیمان سپریم کورٹ میں تعیناتیوں کو آزادانہ اور شفاف بناتی ہے تو یہ بہت بڑا کام ہوگا، سیاسی جماعتیں اپنےاختلافات کو پس پشت ڈال کر اس اہم ترمیم کیلئے سرجوڑیں۔

[pullquote]شاہ محمود نے یوسف رضا گیلانی کے استعفےکی بات کو کھیل قرار دے دیا[/pullquote]

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کے استعفےکی بات کو کھیل قرار دے دیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ استعفےکی بات کرنا بھی کھیل ہے جو کھیلا جارہا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ انہیں ایجنڈے کی بروقت اطلاع نہیں ملی جب کہ گیلانی کے آفس سے اطلاعات ملی ہیں کہ دو روز پہلے معلومات آگئی تھیں کہ اہم بل آرہا ہے۔

خیال رہےکہ اسٹیٹ بینک ترمیمی بل پر سینیٹ میں حکومت کو فائدہ پہنچانے کے الزام پر یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہےکہ سینیٹ میں اسٹیٹ بینک ترمیمی بل پر اپوزیشن کو ایک ووٹ سے شکست ہوئی تھی اور اس دوران ایوان میں یوسف رضا گیلانی کی عدم حاضری پر اپوزیشن کی بعض جماعتوں نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا جب کہ حکومتی وزرا نے گیلانی کا شکریہ ادا کیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے