منگل : 08 فروری 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ویانا میں ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین جوہری مذاکرات کا نیا دور آج سے‌[/pullquote]

امریکا نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کے نتیجے میں تہران کے عالمی طاقتوں کے ساتھ طے کردہ جوہری معاہدے کی بحالی جلد ہی ممکن ہو سکتی ہے۔ واشنگٹن میں محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایک ایسے نئے معاہدے کی قوی امید پیدا ہو گئی ہے، جو ’تمام فریقوں کے اہم ترین خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے‘ طے پایا ہو۔ ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین جوہری مذاکرات کا نیا دور آج منگل سے ویانا میں شروع ہو رہا ہے۔ یہ بات ان مذاکرات کی سربراہی کرنے والی یورپی یونین نے کل پیر کے روز بتائی تھی۔ اب تک تعطل کے شکار جوہری معاہدے کے تحت ایران پرامن سول مقاصد کے لیے اپنا ایٹمی پروگرام جاری رکھ سکتا ہے۔

[pullquote]جرمن وزیر خارجہ کا مشرقی یوکرائن میں سرحدی علاقے کا دورہ[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک بحران زدہ ملک یوکرائن کے دورے پر ہیں۔ اس دورے کے دوسرے روز انہوں نے یوکرائن کے اس سرحدی علاقے کا دورہ کیا، جو روس نواز علحیدگی پسندوں کے زیر قبضہ علاقے اور باقی ماندہ یوکرائن کو علیحدہ کرنے والی ’کنٹیکٹ لائن‘ کی حیثیت رکھتا ہے۔ جرمن وزیر خارجہ اس علاقے میں متاثرین سے گفتگو کر کے ذاتی طور پر صورت حال کا جائزہ لینا چاہتی ہیں۔ بعد میں وہ یورپی سلامتی اور تعاون کی تنظیم او ایس سی ای کے نمائندوں سے بھی ملیں گی، جو دیگر ذمہ داریوں کے علاوہ وہاں جنگ بندی پر عمل درآمد کی نگرانی بھی کر رہے ہیں۔ اپنے دورے کے پہلے روز بیئربوک نے روس کے ساتھ تنازعے میں کییف حکومت کو ایک بار پھر جرمنی کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

[pullquote]چانسلر شولس واشنگٹن میں، جرمن امریکی یکجہتی پر زور[/pullquote]

جرمن چانسلر اولاف شولس اور امریکی صدر جو بائیڈن کی واشنگٹن میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے یوکرائن کے تنازعے کے حوالے سے روس کے خلاف ممکنہ اقدامات سے متعلق اتفاق رائے کا اظہار کیا۔ ملاقات کے بعد وائٹ ہاؤس میں صدر بائیڈن کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چانسلر شولس نے کہا کہ جرمنی اور امریکا روس کے خلاف ممکنہ پابندیوں کے سلسلے میں متفقہ رائے سے اقدامات کریں گے۔ جرمن چانسلر نے تاہم ’نارتھ اسٹریم ٹو‘ نامی پائپ لائن معاہدے سے برلن کے ممکنہ اخراج سے متعلق کوئی واضح بیان نہ دیا۔ صدر بائیڈن نے کہا کہ جرمنی امریکا کے اہم ترین اتحادیوں میں سے ایک ہے اور واشنگٹن کو برلن پر پورا اعتماد ہے۔

[pullquote]قرن افریقہ میں کئی ملین انسانوں کو شدید بھوک کے مسئلے کا سامنا، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کے مطابق قرن افریقہ کے خطے کے 13 ملین انسانوں کو اس وقت خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ اس عالمی پروگرام نے فوری طور پر امداد کی اپیل کی ہے، تا کہ اسی خطے میں ایک دہائی پہلے کی اس قحط سالی جیسے حالات سے بچا جا سکے، جس میں ہزاروں انسان مارے گئے تھے۔ قرن افریقہ کے مشرقی علاقوں کے لیے ورلڈ فوڈ پروگرام کے علاقائی ڈائریکٹر مائیکل ڈنفورڈ کے مطابق اس خطے میں فصلیں تباہ ہو چکی ہیں، مویشی مر رہے ہیں اور خطے میں بھوک بڑھتی ہی جا رہی ہے۔

[pullquote]پولینڈ میں اساتذہ، پولیس اور فوج کے لیے لازمی ویکسینیشن کی شرط معطل[/pullquote]

پولینڈ میں وزارت صحت نے آج منگل کے روز کہا کہ ملک بھر میں اساتذہ، پولیس اور فوج کے اہلکاروں کے لیے مکمل کورونا ویکسینیشن کی ڈیڈ لائن غیر معینہ مدت تک کے لیے معطل کی جا رہی ہے۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق یہ ڈیڈ لائن یکم مارچ کو پورا ہونا تھی تاہم تب تک تمام اساتذہ اور باوردی اہلکاروں کی ویکسینیشن مکمل کرنا ممکن نہیں رہا تھا۔ گزشتہ سال وارسا حکومت نے طبی شعبے کے کارکنوں، پولیس اور فوج کے علاوہ فائر فائٹرز اور اساتذہ کے لیے یکم مارچ 2022ء تک اپنی کورونا ویکسینیشن مکمل کرانا لازمی کر دیا تھا۔ وزارت صحت کے مطابق ویکسینیشن کی موجودہ رفتار کے ساتھ یہ ہدف حاصل کرنا ممکن نہیں رہا تھا۔ پولینڈ کو اس وقت کورونا کی وبا کی پانچویں لہر کیا سامنا ہے۔

[pullquote]فرانسیسی صدر ماسکو میں، یوکرائن کے تنازعے پر بات چیت[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے روس کے دورے کے دوران اپنے ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے یوکرائن کے تنازعے کے حل کے بارے میں مشاورت کی۔ ماکروں نے کہا کہ یوکرائن کے تنازعے کے سفارتی حل کے امکانات موجود ہیں۔ صدر پوٹن سے ملاقات کے بعد ماسکو میں فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ یورپ میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے’ ٹھوس حفاظتی اقدامات‘ کے ذریعے نئے اور اختراعی حل تلاش کیے جانا چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتوں کے دوران یوکرائن، یورپی یونین اور امریکا کو مل کر کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کرنا چاہییں۔ ماکروں کے ساتھ مذاکرات میں پوٹن نے بھی اس بحران کے حل کے لیے پیش رفت میں گنجائش کا عندیہ دیا۔ پوٹن کے مطابق دونوں صدور کی ملاقات مفید، اہم اور ٹھوس حقائق پر مبنی رہی۔

[pullquote]بائیڈن اور ٹرمپ امریکی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں، خامنہ ای[/pullquote]

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کے پیش رو ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام لگایا ہے کہ یہ دونوں اپنے ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ خامنہ ای کا یہ بیان ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی IRNA نے منگل کے روز جاری کیا۔ خامنہ ای نے کہا، ’’امریکا ان دنوں مختلف زاویوں سے نشانہ بن رہا ہے۔ موجودہ صدر بائیڈن اور سابق صدر ٹرمپ نے امریکا کا امیج خراب کرنے میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔‘‘ ایرانی سپریم لیڈر کا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے، جب ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے مذاکرات کا نیا دور آج ہی ویانا میں شروع ہوا ہے۔

[pullquote]سعودی وزیر داخلہ کا پاکستان کا دورہ[/pullquote]

سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے پیر کے روز پاکستان کے ایک روزہ دورے کے دوران صدر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان، وزیر داخلہ شیخ رشید اور فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ علاقائی، بین الاقوامی، اقتصادی اور دفاعی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود اورعمران خان کے درمیان بات چیت کے بعد جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی وزیر اعظم نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے حملوں کی مذمت کی اور مملکت کی سلامتی، خود مختاری اور سرحدی تحفظ کے لیے مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم ہاؤس کے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا کہ عمران خان نے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کے لیے سعودی عرب کا شکریہ بھی ادا کیا۔

[pullquote]امریکی نیشنل آرکائیوز نے ڈونلڈ ٹرمپ کے نام ’محبت نامے‘ محفوظ کر لیے[/pullquote]

اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے عہدے کی مدت کے آخری دنوں میں چند اہم ریاستی دستاویزات غیر قانونی طور پر وائٹ ہاؤس سے اپنی نجی لگژری پراپرٹی ’مار آ لاگو‘ لے گئے تھے۔ واشنگٹن پوسٹ کی اطلاعات کے مطابق نیشنل آرکائیوز کے ملازمین کو جنوری میں ڈبوں میں بند ایسی بہت سی دستاویزات ٹرمپ کی لگژری پراپرٹی سے واپس لانا پڑیں۔ ان میں شمالی کوریائی رہنما کم جونگ اُن اور ٹرمپ کے پیش رو باراک اوباما کے خطوط بھی شامل تھے۔ امریکی قانون کے مطابق ملکی صدر کو اپنے عہدے کی مدت پوری ہونے پر تمام تر دستاویزات نیشنل آرکائیوز کے حوالے کرنا ہوتی ہیں۔ دریں اثناء ٹرمپ کے مشیروں نے کہا ہے کہ 75 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایسا بری نیت سے نہیں کیا تھا۔

[pullquote]یورپی ممالک علیحدگی پسندوں کو پناہ دے رہے ہیں، ایران کا الزام[/pullquote]

ایران نے یورپی ممالک پر علیحدگی پسندوں کو اپنے ہاں پناہ دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ تہران حکومت نے یورپی ممالک کی طرف سے علیحدگی پسند تنظیموں کے رہنماؤں کی حوالگی سے انکار پر پیر کے روز سخت تنقید کی۔ ایران کی طرف سے یہ تنقید ڈنمارک کی ایک عدالت کی طرف سے ایران کی جاسوسی کرنے والے ایک گروہ کے تین اراکین کو سزا سنائے جانے کے بعد سامنے آئی۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سعودی عرب پر ’عرب اسٹرگل موومنٹ فار لبریشن آف اہواز‘ ASMLA کی مالی معاونت کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ ڈنمارک میں سزا پانے والے تینوں ایرانیوں کا تعلق اسی تحریک سے ہے اور تہران حکومت اس تنظیم کو دہشت گرد قرار دیتی ہے۔ گزشتہ جمعہ کو ڈنمارک کی ایک عدالت نے ان تین ایرانی باشندوں کو 2012ء سے 2020ء کے درمیانی عرصے میں سعودی اینٹیلیجنس کے لیے ایران کی جاسوسی کرنے کا مجرم قرار دے دیا تھا۔

[pullquote]تائیوان نے فوکوشیما سے جاپانی مصنوعات کی درآمد پر پابندی ہٹا لی[/pullquote]

تائیوان نے اعلان کیا ہے کہ وہ جاپان کے علاقے فوکوشیما سے غذائی مصنوعات کی درآمد پر گیارہ سال سے عائد پابندی ختم کر رہا ہے۔ مارچ 2011ء میں فوکوشیما دائی ایچی نیوکلیئر پاور پلانٹ کے حادثے کے فوراً بعد تابکار آلودگی کے خدشات کے سبب تائیوان نے فوکوشیما کے علاقے سے غذائی اور زرعی مصنوعات کی درآمد روک دی تھی۔ تائیوان نے یہ فیصلہ ٹرانس اٹلانٹک پارٹنرشپ کے جامع معاہدے کے پیش نظر کیا ہے۔ تائی پے نے گزشتہ برس ستمبر میں ٹوکیو کے قیادت والے اس تجارتی گروپ میں شمولیت کے لیے درخواست دی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے