عورت مارچ کےنام پر دینی اقدار کا تمسخر اڑایا جاتا ہے : وزیر مذہبی امور

وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ عورت مارچ کےنام پر دینی اقدار کا تمسخر اڑایا جاتا ہے۔

میں نے اس معاملے پر وزیراعظم کو خط لکھا ہے، میں خواتین پر ظلم کےخلاف آوازاٹھانےکا مخالف نہیں، جو نعرے لگائے گئے، بینر اٹھائے گئے وہ اخلاق سے گرے ہوئے تھے۔

وزیرمذہبی امور نور الحق قادری نے مزید کہا کہ سب کوپتا ہےکہ کونسے نعرے ہیں جو مذہبی اقدار کے منافی ہیں، وزیراعظم کو رنجیدہ خاطر ہوکر خط لکھا ہے، میں نہیں چاہتا کہ یہ کوئی انتہا پسند ملک ہو، وزیر اعظم سے کہا ہے خواتین کے بنیادی مسائل اجاگر کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ عورت مارچ کے منشور سےکیاکرنا، مجھےان کے نعروں پر اعتراض ہے، عورت مارچ والوں کے کچھ نعرے فوٹو شاپ تھے لیکن کچھ قابل اعتراض تھے، اسلام کا جو میانہ روی کا فلسفہ ہے میں اس کے ساتھ چلنے والا آدمی ہوں، ہم تنوع کے خلاف نہیں، دین اور معاشرتی اقدار پر حملوں کے خلاف ہیں۔

[pullquote]عورت مارچ پر پابندی کیلئے وزیر مذہبی امور کے خط پر شیری رحمان کا اظہار تشویش[/pullquote]

وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے 8 مارچ کو عورت مارچ پر پابندی عائد کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا ہے اور عورت مارچ کی جگہ یومِ حجاب منانے کی تجویز دے دی ہے۔

اس معاملے پر پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور کا خط حیران کن ہے،‏ پاکستان میں خواتین کے حجاب کا دن منانے پر کسی نے پابندی نہیں لگائی، آپ نہتی عورتوں کے مارچ پر پابندی لگا کر کیا ثابت کریں گے؟

انہوں نے کہا کہ ایک طرف ہم بھارت کے رویے کی مذمت کرتے ہیں دوسری طرف آپ نہتی خواتین کے عورت مارچ پر پابندی کی باتیں کر رہے ہیں، آپ عورتوں کے عالمی دن پر ہی ان کی آزادی اور حقوق سلب کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔

[pullquote]وفاقی وزیر مذہبی امور کا عورت مارچ پر پابندی عائد کرنے کیلئے وزیراعظم کو خط[/pullquote]

وفاقی وزیربرائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے 8 مارچ کو عورت مارچ پر پابندی عائد کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا۔

رپورٹس کے مطابق پیر نورالحق قادری نےوزیراعظم عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں 8 مارچ کو عورت مارچ پر پابندی عائد کرنے اور اس دن عالمی یوم حجاب منانے کی تجویز دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نور الحق قادری کی جانب سے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ یوم خواتین پر عورت مارچ یا کسی بھی عنوان سے اسلامی شعائر، اقدار اور حجاب کا تمسخر اڑانے کی اجازت نہ دی جائے۔

خط میں تجویز دی گئی ہے کہ دنیا کو حجاب ڈے پر مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مسلم خواتین سے لباس کی وجہ سے کیے جانیوالے امتیازی سلوک کی طرف متوجہ کیا جائے جبکہ بین الاقوامی برادری سے بھارتی حکومت کے اس رویے کو ختم کرانے کا مطالبہ کیا جائے۔

وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو عالمی یوم حجاب منانے سے متعلق لکھے گئے خط کی کاپی صدر مملکت کو بھی ارسال کی ہے۔

یاد رہے 8مارچ کو عالمی سطح پر یوم خواتین منایا جا تا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے