جمعہ : 18 فروری 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بیلاروس کے صدر لوکاشینکو روسی ہم منصب پوٹن سے بات چیت کے لیے ماسکو پہنچ گئے[/pullquote]

بیلاروس کے رہنما الیگزینڈر لوکاشینکو روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ ملک میں روسی فوج کی موجودگی سے متعلق بات چیت کے لیے ماسکو پہنچ گئے ہیں۔ منسک حکومت کے مطابق دونوں رہنما بیلاروس میں روسی فوج کی موجودگی کے دورانیے پر گفتگو کریں گے۔ دونوں ممالک مشترکہ فوجی مشقوں میں مصروف ہیں، جو اتوار تک جاری رہیں گی۔ روس ان فوجی مشقوں کو یوکرائنی سرحد کے قریب فوجی موجودگی کی وجہ بتاتا ہے۔ تاہم مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کا کہنا ہے کہ روس یوکرائن پر حملہ کرنا چاہتا ہے۔

[pullquote]جرمنی اومیکرون کے نکتہء عروج سے آگے بڑھ چکا، وزیرصحت[/pullquote]

جرمن وزیرصحت کارل لاؤٹرباخ نے کہا ہے کہ جرمنی کورونا وائرس کی اومیکرون قسم کے نکتہء عروج سے آگے بڑھ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس وائرس کے پھیلاؤ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کارگر رہے۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ابھی اس سلسلے میں ضوابط میں نرمی خطرناک ہو سکتی ہے۔ دارالحکومت برلن میں صحافیوں سے بات چیت میں لاؤٹربرخ نے کہا کہ ابھی جرمنی میں ساٹھ برس سے زائد عمر کے 12 فیصد افراد نے ویکسینشن نہیں لگوائی ہے۔ بدھ کے روز جرمن چانسلر اولاف شولس نے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر طے کیا تھا کہ جرمنی میں تین مراحل میں 20 مارچ تک کورونا سے متعلقہ ضوابط نرم کر دیے جائیں گے۔

[pullquote]یوکرائنی تنازعہ، امریکی و روسی وزرائے خارجہ کی ایک اور ملاقات[/pullquote]

امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلکن اگلے ہفتے اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق روس نے ملاقات کی امریکی پیش کش قبول کی ہے اور یہ ملاقات آنے والے ہفتے کے اختتام پر ہو گی۔ محکمہ خارجہ کی ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ اگر روس اس ملاقات سے قبل یوکرائن پر حملہ کرتا ہے، تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ وہ کبھی سفارت کاری میں سنجیدہ نہیں تھا۔ جمعے کو روسی وزارت دفاع نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ فوجی مشقوں کے اختتام پر روس یوکرائنی سرحد سے اپنی فوج ہٹا لے گا۔

[pullquote]امریکی اسپیکر پلوسی کی فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات[/pullquote]

امریکی ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر نیلسی پلوسی نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی۔ محمود عباس کے دفتر کے مطابق اس ملاقات میں دو ریاستی حل کے لیے مذاکراتی عمل کے احیاء پر بات چیت کی گئی۔ حالیہ چند برسوں میں کسی اہم امریکی عہدیدار کی صدر محمود عباس سے یہ پہلی ملاقات تھی۔ 86 سالہ صدر عباس نے امریکا سے مطالبہ کیا کہ وہ یک طرفہ اسرائیلی اقدامات کو روکے تاکہ دو ریاستی حل کے سلسلے میں پیش رفت ہو سکے۔ فلسطینی صدر مقبوضہ علاقوں میں نئی یہودی بستیوں کی تعمیر کو مذاکراتی عمل میں سب سے بڑا رخنہ قرار دیتے ہیں۔

[pullquote]میکسیکن حکام نے ایک روز میں ایک ہزار سے زائد تارکین وطن روکے[/pullquote]

میکسیکن حکام نے ایک دن میں ایک ہزار سے زائد تارکین وطن کو امریکا کی جانب سے جانے سے روکا۔ میکسیکن حکومت نے بغیر دستاویزات امریکا میں داخلے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کر رکھا ہے۔ حکام کے مطابق بارہ سو چھیاسٹھ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جن کا تعلق کئی ممالک اور براعظموں سے ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پکڑے گئے ان افراد میں سے 741 مرد اور322 خواتین ہیں جب کہ 203 نابالغ ہیں۔ امریکا میکسیکو اور دیگر وسطی امریکی ممالک پر دباؤ بڑھا رہا ہے کہ وہ غیرقانونی تارکین وطن کی امریکا میں داخلے کی کوششوں کا انسداد کریں۔

[pullquote]جی ٹوئنٹی وزرائے خزانہ کا اجلاس، یوکرائنی تنازعہ اور مہنگائی بڑا مسئلہ[/pullquote]

جی ٹوئنٹی وزرائے خزانہ کے اجلاس میں یوکرائنی تنازعے اور عالمی وبا کے بعد افراط زر جیسے موضوعات پر بات چیت ہوئی۔ عالمی رہنماؤں کے مطابق یوکرائنی تنازعہ عالمی وبا کے بعد اقتصادی بحالی کے عمل کو متاثر کر سکتا ہے۔ جی ٹوئنٹی وزرائے خزانہ اجلاس میں یوکرائن پر ممکنہ روسی حملے کا موضوع چھایا رہا۔ روئٹرز کے مطابق وزرائے خزانہ کے اجلاس میں طے کیا گیا کہ عالمی وبا کے بعد اقتصادی بحالی کے عمل کو تیز بنانے کے لیے تمام موجودہ وسائل اور طریقے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ جی ٹوئنٹی وزرائے خزانہ اجلاس جمعے کے روز اختتام پذیر ہوا۔

[pullquote]روس سرد جنگ والے مطالبات کر رہا ہے، جرمنی کا الزام[/pullquote]

جرمنی نے الزام عائد کیا ہے کہ روس سرد جنگ دور کے مطالبات کے ذریعے یورپی سلامتی کو خطرات کا شکار کر رہا ہے۔ جنوبی جرمن شہر میونخ میں عالمی سکیورٹی کانفرنس میں شرکت سے قبل جرمن وزیرخارجہ انالینا بیئربوک نے کہا کہ یوکرائن کے ساتھ کشیدگی میں کمی کے لیے ماسکو حکومت کو سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ بیئربوک کا کہنا تھا کہ یوکرائنی سرحد پر غیرمعمولی تعداد میں فوجیوں کی تعیناتی اور سرد جنگ کے دور کے مطالبات کے ذریعے روس یورپ میں امن کے بنیادی اصولوں کو ہدف بنا رہا ہے۔ جرمن شہر میونخ میں تین روزہ عالمی سکیورٹی کانفرنس منعقد ہو رہی ہے، جس میں یوکرائنی تنازعہ بنیادی موضوع ہو گا۔

[pullquote]ملاوی میں پولیو کی وبا[/pullquote]

افریقی ملک ملاوی میں پولیو ٹائپ ون کا ایک کیس تشخیص کیا گیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں میں براعظم افریقہ میں پولیو کا یہ پہلا کیس ہے۔ اسی تناظر میں ملاوی میں وائلڈ پولیو ٹائپ ون وبائی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق لیبارٹری تجزیوں سے واضح ہوتا ہے کہ پولیو کی اس قسم کا تعلق پاکستانی صوبے سندھ میں پھیلے پولیو وائرس سے ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ پولیو کی وبا اب بھی پاکستان اور افغانستان میں موجود ہے۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان سے آنے والے اس وائرس کے باوجود فی الحال براعظم افریقہ سے پولیو فری سرٹیفیکیشن واپس نہیں لی جا رہی ہے۔

[pullquote]سن 2008 گجرات بم دھماکے، 38 ملزمان کو موت کی سزا[/pullquote]

بھارت کی ایک عدالت نے سن 2008 کے گجرات بم دھماکوں میں ملوث ہونے کے جرم میں 38 افراد کا سزائے موت سنا دی ہے۔ بھارتی ریاست گجرات کے دارالحکومت احمد آباد میں سن 2008 میں ہونے والے ان دھماکوں میں 56 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں مارکیٹوں، بسوں اور دیگر عوامی مقامات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان حملوں میں ذمہ داری بھارتی مسلم عسکری تنظیم انڈین مجاہدین نے قبول کی تھی۔ جمعے کے روز عدالت میں 49 افراد پر ان بم حملوں سے تعلق کا جرم ثابت ہوا، جن میں سے 38 کو سزائے موت سنائی گئی۔

[pullquote]فرانس نے مالی سے اپنی فوج واپس بلانے کا باقاعدہ اعلان کر دیا[/pullquote]

قریب ایک دہائی تک مالی میں مسلم شدت پسندوں کے ساتھ جنگ کے بعد بلآخر فرانسیسی حکومت نے اس افریقی ملک سے اپنے مکمل فوجی انخلا کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان مالی میں فوجی حکومت کے ساتھ فرانسیسی تعلقات کے کھچاؤ کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ فرانس نے سن 2013 میں مالی کے شمالی حصوں میں مسلم شدت پسندوں کی پیش قدمی روکنے کے لیے اپنی فوج بھیجی تھی۔ تاہم شدت پسندوں کے خلاف فرانسیسی فوج کی ابتدائی کامیابیوں کے بعد مالی میں فرانسیسی فوج کی موجودگی مقامی سطح پر تنقید کی زد میں آتی چلی گئی۔

[pullquote]کرکٹ ٹیسٹ، جنوبی افریقہ کے خلاف نیوزی لینڈ بڑی فتح کی جانب گامزن[/pullquote]

جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جا رہے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن نیوزی لینڈ نے ایک بڑی فتح کے لیے راہ ہم وار کر لی ہے۔ کھیل کے دوسرے دن نیوزی لینڈ نے 387 رنز کی برتری حاصل کی جب کے جنوبی افریقہ کی تین وکٹیں فقط 34 رنز پر گرا دیں۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم تیسرے روز کا کھیل 34 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے شروع کر رہی ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے