وزیراعظم کا پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے اور بجلی کی قیمت میں 5 روپے کمی کا اعلان

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے اپنے خطاب میں پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی سستی کرنے کا اعلان کردیا۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں آج بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہیں۔ اگر حکومت ہر مہینے 70 ارب روپے کی سبسڈی نہ دے تو پاکستان میں آج پیٹرول کی قیمت 220 روپے فی لیٹر ہو۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے سمری بھیجی جس میں کہا گیا کہ 10 روپے فی لیٹر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھانی پڑے گی کیوں کہ دنیا میں تیل مہنگا ہوچکا ہے، لیکن میں آپ کو خوشخبری سنانا چاہتا ہوں کہ بجائے 10 روپے بڑھانے کے ، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ 10 روپے پیٹرول اور ڈیزل کو ہم کم کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے 5 روپے فی یونٹ بجلی سستی کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اس اقدام سے 20 سے 50 فیصد تک بجلی کے بل کم ہوجائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ بجٹ سے قبل پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

[pullquote]’آصف زرداری اور نوازشریف کے جمہوری دور میں 400 ڈرون حملے ہوئے‘[/pullquote]

عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیاکی صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے، بدلتی صورتحال کے اثرات پاکستان پر بھی اثر انداز ہو رہے ہیں، خارجہ پالیسی اپنے ملک کے مفادات کیلئے ہونی چاہیے، جب سے سیاست شروع کی تو خواہش تھی پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی ہو۔

انہوں نے کہا کہ آزاد قوم کا مطلب ہوتا ہے وہ پالیسی ہو جو قوم کے مفاد میں ہو، امریکا کی دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کا کوئی لینا دینا نہیں تھا، ہمیں امریکا کی دہشتگردی کےخلاف جنگ میں شامل نہیں ہونا چاہیے تھا، بدقسمتی سے وہ خارجہ پالیسی پاکستانیوں کےفائدے کیلئے نہیں تھی، 80 ہزار پاکستانیوں کی جانیں گئیں، شرمناک بات یہ تھی کہ ایک ملک کسی ملک کیلئے جنگ کر رہا ہے اور اسی پر بمباری ہو رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ فوجی آمر تو چاہتے ہیں کہ دنیا ان کو مانے اور تسلیم کرے لیکن حیران کن طور پر مشرف کے دور میں صرف 10 ڈرون حملے ہوئے جبکہ آصف زرداری اور نوازشریف کے جمہوری دور میں 400 ڈرون حملے ہوئے، یہ توجمہوری حکومتیں تھیں انہیں امریکا کو کہنا چاہیے تھا کہ بچے اور عورتیں مر رہے ہیں، امریکی صحافی نے لکھا کہ زرداری نےکہا ڈرون حملوں میں بےگناہوں کےمرنےسےکوئی فرق نہیں پڑتا۔

دورہ روس کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ روس جانے کا مقصد گندم اور گیس کی درآمد کے معاہدے کرنا تھا۔

[pullquote]’ایک صحافی نے لکھا کہ عمران خان کی بیوی گھر چھوڑ کر چلی گئی ہے‘[/pullquote]

وزیراعظم نے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) ترمیمی آرڈیننس کے حوالے سے کہا کہ یہ قانون 2016 میں بنایا گیا، ہم صرف اس میں کچھ ترامیم کرنے جا رہے ہیں، اس قانون پر کافی شور مچا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس قانون کو لانے کا مقصد یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر جس طرح کا گند آرہا ہے کہ اسے کنٹرول کرنا ضروری ہے، چائلڈ پورنوگرافی کی بھرمار ہے، ایسا مواد کسی مہذب دنیا کے سوشل میڈیا پر نہیں جیسا ہمارے ہاں موجود ہے۔ سوشل میڈیا پر وزیراعظم کو بھی نہیں بخشا جارہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایک صحافی نے لکھا کہ عمران خان کی بیوی گھر چھوڑ کر چلی گئی ہے، وزیر اعظم کے ساتھ ایسا ہو رہا ہے سوچیں عام لوگوں کےساتھ کیا ہوتا ہوگا، کہا جا رہا ہے کہ آزادی صحافت پر پابندی لگ گئی ہے لیکن ایسا کچھ نہیں، یہ جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے ہے، حقیقی صحافی تو اس قانون سے خوش ہوں گے۔

عمران خان نے کہا کہ جب ایک صحافی نے نواز شریف کے خلاف لکھا تو نواز شریف نے اسے 3 دن بند کردیا، میں نےساری زندگی تنقید دیکھی ہے، اچھی صحافت معاشرے کا اثاثہ ہیں، تنقید ہمیں آگاہ کرتی ہے، آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کیلئے کہا گیا کہ جادو اور ستاروں کےذریعےچناگیا، آزادی صحافت پر پابندی کی بے بنیاد باتیں پھیلائی جارہی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے