30 مارچ 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یوکرینی مہاجرین کی تعداد چار ملین سے تجاوز کر گئی، عالمی ادارہ برائے مہاجرین[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے مطابق یوکرین پر روسی فوجی حملے کے بعد مختلف یورپی ممالک میں بطور مہاجر پناہ لینے والے یوکرینی شہریوں کی تعداد اب چار ملین سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔ یہ بات اس عالمی ادارے کی طرف سے آج بدھ کے روز ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں بتائی گئی۔ یو این ایچ سی آر نے کہا کہ چوبیس فروری سے جاری جنگ کے باعث اب تک چالیس لاکھ انیس ہزار سے زائد شہری یوکرین سے رخصت ہو چکے ہیں۔ ان میں سے سب سے بڑی تعداد نے ہمسایہ پولینڈ کا رخ کیا، جو تیئیس لاکھ سے زیادہ بنتی ہے۔

[pullquote]یوکرین کی جنگ کے باعث دنیا افغانستان کو فراموش نہ کرے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام یو این ڈی پی کے سربراہ نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ یوکرین کی جنگ کے باعث افغانستان کی صورت حال کو فراموش نہ کرے۔ اس ادارے کے سربراہ آخِم شٹائنر نے یہ اپیل افغانستان کے اپنے دو روزہ دورے کے دوران آج بدھ کے روز کی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا کی توجہ یوکرین میں جاری جنگ پر مرکوز ہے تاہم ضروری ہے کہ افغانستان کے ساتھ عملی اظہار یکجہتی بھی جاری رکھا جائے۔

[pullquote]سعودی عسکری اتحاد کی یمن میں جنگ بندی پیشکش پر عمل درآمد شروع، باغیوں کا انکار[/pullquote]

یمن کی کئی سالوں سے جاری خانہ جنگی میں سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد نے حوثی باغیوں کے خلاف فائر بندی کی یک طرفہ پیشکش کر دی۔ اس پیشکش پر آج بدھ کے دن سے عمل درآمد بھی شروع ہو گیا۔ ایران نواز حوثی باغیوں نے تاہم اس جنگ بندی کی پیشکش کو مسترد کر دیا ہے۔ یمن کے حوثی باغی کافی عرصے سے ملکی دارالحکومت صنعاء اور کئی دیگر علاقوں پر قابض ہیں، جن کے خلاف سعودی عسکری اتحاد کی طرف سے طویل عرصے سے حملے بھی کیے جاتے رہے ہیں۔ سعودی عسکری اتحاد کی قیادت کے مطابق اس فائر بندی کی پیشکش عنقریب شروع ہونے والے رمضان کے اسلامی مہینے کے پیش نظر کی گئی اور اس پر مقامی وقت کے مطابق آج صبح چھ بجے سے عمل بھی شروع ہو گیا۔

[pullquote]یوکرینی جنگ کے یورپی معیشت پر شدید اثرات مرتب ہو رہے ہیں، جرمن ماہرین اقتصادیات[/pullquote]

جرمن حکومت کی مشاورت کرنے والے ماہرین اقتصادیات نے برلن حکومت کو خبردار کیا ہے کہ روس کے یوکرین پر فوجی حملے کے باعث توانائی کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کے یورپ کی معیشت پر شدید اثرات مرتب ہوں گے۔ ان ماہرین کی کونسل نے کہا کہ اب جرمن معیشت میں نمو کی شرح 1.8 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔ پہلے یہ شرح 4.6 فیصد تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

[pullquote]کانگو میں ہیلی کاپٹر حادثے میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے چھ پاکستانیوں سمیت آٹھ اہلکار ہلاک[/pullquote]

ڈیموکریٹک ریپبلک کانگو میں اقوام متحدہ کے امن دستوں کے زیر استعمال ایک ہیلی کاپٹر کی تباہی کے نتیجے میں آٹھ امن فوجی ہلاک ہو گئے۔ یہ ہیلی کاپٹر بھی پاکستانی تھا اور ہلاک شدگان میں سے چھ کا تعلق بھی پاکستانی فوج سے ہی تھا۔ باقی دو میں سے ایک روسی اور دوسرا سربیا کا ایک فوجی اہلکار تھا۔ اس افریقی ملک میں عالمی ادارے کے فوجی امن مشن کے ایک بیان کے مطابق اب تک یہ واضح نہیں کہ یہ ہیلی کاپٹر کیوں کریش ہوا۔ کانگو کی فوج نے تاہم کہا ہے کہ اس پوما ہیلی کاپٹر کو مبینہ طور پر ملکی باغیوں نے مار گرایا، جن کا اس علاقے پر کنٹرول ہے، جہاں یہ ہیلی کاپٹر کریش ہوا۔

[pullquote]روسی وزیر خارجہ یوکرین اور افغانستان سے متعلق مذاکرات کے لیے چین میں[/pullquote]

روسی وزير خارجہ سیرگئی لاوروف یوکرین پر روسی فوجی حملے کے بعد سے پہلی مرتبہ چین کے دورے پر ہیں۔ وہ افغانستان کی صورت حال سے متعلق دو روزہ مذاکرات کے لیے چینی صوبے اُن ہُوئی کے دارالحکومت پہنچے ہیں۔ ان مذاکرات میں چین، امریکہ، کابل میں طالبان کی حکومت اور چند ہمسایہ ممالک کے نمائندے بھی شرکت کر رہے ہیں۔ لاوروف اس دورے کے دوران چینی ہم منصب وانگ یی سے بھی ملیں گے، جس دوران یوکرین کی جنگ کے موضوع پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ دورہ چین کے بعد روسی وزیر خارجہ بھارت جائیں گے۔

[pullquote]امریکہ میں پچاس سال سے زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین کا دوسرا بوسٹر لگانے کی اجازت[/pullquote]

امریکہ کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایجنسی نے پچاس سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو کورونا وائرس کے خلاف ویکسین کا دوسرا بوسٹر انجیکشن لگانے کی اجازت دے دی ہے۔ اس محکمے کے مطابق یہ فیصلہ اس عمر کے افراد کے جسمانی مدافعتی نظام کو کورونا وائرس کے اومیکرون ویریئنٹ کے باعث ممکنہ خطرات کے پیش نظر کیا گیا۔ ایسے امریکی شہریوں کو یہ دوسرا بوسٹر بائیو این ٹیک یا موڈیرنا نامی دوا ساز کمپنیوں کی تیار کردہ ویکسین کا لگایا جائے گا۔

[pullquote]ترکی میں روسی اور یوکرینی وفود کے مابین ممکنہ فائر بندی کے لیے بات چیت ’تعمیری‘ رہی[/pullquote]

ترک شہر استنبول میں کل منگل کے روز روسی اور یوکرینی وفود کے مابین ممکنہ جنگ بندی کے لیے ہونے والی بات چیت ’تعمیری‘ رہی۔ اس مکالمت کے اختتام پر روسی وفد کی طرف سے کہا گیا کہ بات چیت تعمیری رہی۔ یوکرینی وفد کے مطابق اس مکالمت میں اتنی پیش رفت ہوئی ہے کہ یوکرین میں جنگ بندی کے مقصد کے تحت اب روسی اور یوکرینی صدور کی ملاقات کی تیاریاں شروع کی جا سکتی ہیں۔ فروری کے اواخر میں یوکرین پر روسی فوجی حملے کے آغاز کے بعد سے روسی صدر پوٹن اور یوکرینی صدر زیلنسکی کے مابین تاحال کوئی براہ راست رابطہ نہیں ہوا۔ ترکی کی میزبانی میں استنبول میں روسی یوکرینی مذاکرات تقریباﹰ چار گھنٹے تک جاری رہے۔

[pullquote]جرمنی میں مسلم شدت پسندوں کے خلاف تحقیقات میں کمی کا رجحان[/pullquote]

جرمنی میں وفاقی دفتر استغاثہ کی جانب سے مشتبہ مسلم شدت پسندوں اور مذہبی انتہا پسندوں کے خلاف چھان بین کے واقعات میں کمی ہوئی ہے۔ جرمنی میں اسلام اور تارکین وطن کی آمد کی مخالفت کرنے والی دائیں بازو کی سیاسی جماعت اے ایف ڈی کے ایک سیاست دان مارٹن ہَیس کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں یہ بات برلن حکومت کی طرف سے بدھ کے روز کہی گئی۔ حکومتی موقف کے مطابق ملک میں ان مشتبہ شدت پسند مسلمانوں کی تعداد میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے، جن کے خلاف وفاقی دفتر استغاثہ نے تحقیقات کیں یا کر رہا ہے۔ 2020 میں ایسے مشتبہ افراد کی تعداد 381 رہی تھی جبکہ 2021 میں یہ تعداد کم ہو کر 258 ہو گئی تھی۔

[pullquote]اسرائیل میں مسلح شخص کی فائرنگ سے پانچ افراد ہلاک[/pullquote]

اسرائیل میں تل ابیب کے نواح میں ایک مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد مارے گئے۔ یہ حملہ کل منگل کے روز چھوٹے سے ساحلی شہر بینی بیراک میں کیا گیا، جہاں مقامی آبادی میں انتہائی قدامت پسند یہودیوں کی اکثریت ہے۔ مرنے والوں میں سے چار الٹرا آرتھوڈوکس یہودی تھے اور پانچواں ایک پولیس اہلکار۔ سیاہ لباس میں ملبوس حملہ آور نے پیدل چلتے ہوئے قریب سے گزرنے والی گاڑیوں اور راہگیروں پر فائرنگ شروع کر دی تھی۔ وہ خود بھی گولی لگنے سے مارا گیا مگر یہ واضح نہیں کہ اسے گولی کس نے ماری۔ اسرائیلی پولیس نے بتایا کہ حملہ آور ایک چھبیس سالہ فلسطینی تھا، جس کا تعلق ویسٹ بینک کے علاقے سے تھا۔ یہ حملہ اسرائیل میں ایک ہفتے کے دوران اپنی نوعیت کا تیسرا خونریز حملہ ہے۔

[pullquote]نائجیریا میں مسلح گروہ کے مسافر ریل گاڑی پر حملے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک[/pullquote]

نائجیریا میں ایک مسافر ریل گاڑی پر کیے جانے والے حملے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ ملکی حکام نے بتایا کہ یہ حملہ پیر اور منگل کی درمیانی رات کیا گیا۔ جس مسافر ٹرین کو نشانہ بنایا گیا، وہ دارالحکومت آبوجہ اور شمال مغربی شہر کادونا کے درمیان سفر میں تھی اور اس میں تقریباﹰ ایک ہزار مسافر سوار تھے۔ حملہ آوروں نے پہلے ریلوے لائن پر بم دھماکہ کر کے اسے نقصان پہنچایا اور پھر ریل گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ ملکی فوج کے مطابق یہ حملہ بھاری ہتھیاروں سے مسلح مقامی پیشہ ور مجرموں کے منظم گروہوں میں سے ایک نے کیا۔

[pullquote]سری لنکا میں توانائی کا بحران سنگین تر، بجلی کی روزانہ لوڈ شیڈنگ اب دس گھنٹے[/pullquote]

سری لنکا نے آج بدھ کے دن سے ملک بھر میں بجلی کی روزانہ 10 گھنٹے بندش کے فیصلے پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ سرکاری انتظام میں کام کرنے والے بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے نگران ادارے نے کیا، جس کی وجہ ملک میں توانائی کا سنگین تر ہو جانے والا بحران بنا۔ یکم مارچ سے ملک میں روزانہ سات گھنٹے کی پاور لوڈ شیڈنگ پہلے ہی جاری تھی۔ توانائی کے شدید بحران کی وجہ ملک میں ایندھن کی شدید قلت کے ساتھ ساتھ بارشیں نہ ہونا بھی ہے۔ سری لنکا میں 40 فیصد بجلی آبی بجلی گھروں کی مدد سے پیدا کی جاتی ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے