چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے ضمنی انتخابات میں رکاوٹ ڈالنے والے افراد کو فوری طور پر گرفتار کرنے کی ہدایت کر دی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنرپولنگ کےعمل کی خود نگرانی کر رہےہیں، ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ بغیر وقفےشام 5 بجے تک جاری رہےگی۔
دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولنگ میں مداخلت اور ہنگامہ آرائی کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتارکیا جائے۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ اگرکوئی سرکاری ملازم دھاندلی میں ملوث پایاگیا تو گرفتارکیا جائے اور کسی قسم کی نرمی نہ کی جائے، پولنگ کو ہر صورت یقینی اور پرامن بنایا جائے۔
چیف الیکشن کمشنر نے عوام کو بھی پیغام دیا ہے کہ عوام بلاخوف و خطر ووٹ ڈالنے آئیں۔
[pullquote]ضمنی انتخابات: قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں پولنگ کا عمل جاری[/pullquote]
قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہوچکا ہے۔
صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
کراچی، ملتان، مردان، چارسدہ، پشاور، فیصل آباد اور ننکانہ سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی الیکشن ہورہے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی کی نشستوں پی پی 139 شیخوپورہ، پی پی 209 خانیوال اور پی پی241 بہاولنگر میں بھی ضمنی انتخابات میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔
قومی اسمبلی کی7 نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان خود امیدوار ہیں جبکہ ملتان کے حلقے این اے 157 پر شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہربانو پی ٹی آئی کی امیدوار ہیں جن کا مقابلہ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے سے ہے۔
قومی اسمبلی کی آٹھوں نشستیں پی ٹی آئی کے ارکان کے استعفوں کے باعث خالی ہوئی تھی۔
تمام حلقوں کی سکیورٹی کے لیے پولیس، رینجرز اور پاک فوج کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور پولنگ والے حلقوں میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔