گوجرانوالہ: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک اسلام آباد پہنچ کر ختم نہیں ہوگی، اگلے 10 ماہ تک جاری رہے گی۔
گوجرانوالہ میں لانگ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں 26 سال عوام میں سیاست کرکے یہاں تک پہنچا ہوں، لیکن باقی سارے سیاست دان فوجی نرسری میں پلے ہوئے ہیں، ذوالفقار علی بھٹو 8 سال ایوب خان کا وزیر رہا اور نواز شریف جنرل جیلانی کے گھر میں سریا لگاتے لگاتے وزیراعظم بن گیا۔
عمران خان نے پوچھا کہ جب امریکا نے دھمکی دی کہ عمران خان کو ہٹاؤ، ملک کا وزیراعظم میں تھا، تو وہ کسے پیغام دے رہا تھا، ارشد شریف کا منہ کون بند کرنا چاہتا تھا، کون صحافیوں کو دھکمیاں دے رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چوروں کی غلامی سے موت اچھی ہے، میں کبھی اس حکومت کو تسلیم نہیں کروں گا، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ اسلام آباد پہنچ کر ہماری تحریک ختم ہوجائے گی، یہ تحریک اگلے 10 ماہ تک چلتی رہے گی، جب تک الیکشن نہ ہوجائیں، ہم میچ جیت چکے ہیں، ان کے پلے کچھ نہیں ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں نے اپنی حکومت میں پوری کوشش کی کہ کسی طرح 30 سال سے ملک کو لوٹنے والے چوروں کو سزا ہو لیکن خفیہ ہاتھ تھے جس کی وجہ سے انہیں سزا نہیں ہوتی تھی، ہم کچھ نہیں کر سکے کیونکہ نیب میرے ہاتھ میں نہیں تھا، جو نیب کو کنٹرول کر رہے تھے انہوں نے ان چوروں کو بچایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر اسٹیبلشمنٹ نے نیوٹرل ہونے کا فیصلہ کرلیا تو کیا چیز اسے شفاف الکیشن کرانے سے روک رہی ہے، کس نے ان چوروں کو ہمارے اوپر مسلط کیا، ان کے سارے کیسز ختم ہونا شروع ہوئے، این آر او ملنے لگا، اس کا ذمہ دار کون ہے؟۔