اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں اہم شخصیات کے کیسز کی سماعت کرنے والی احتساب عدالت کے جج کا تبادلہ کردیا گیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصر جاوید رانا کو احتساب عدالت اسلام آباد کا جج تعینات کردیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کی سفارش پر وزارت قانون نے تعیناتی کی منظوری دے دی ہے اور ان کے بطور جج احتساب عدالت کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ناصر جاوید رانا کی تعیناتی 3 سال کے لیے کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت میں سابق صدر آصف علی زرداری ، فریال تالپور، شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل و دیگر کے کیسز احتساب عدالت میں زیر سماعت ہیں۔
اس سے قبل اعظم خان احتساب عدالت میں جج تعینات تھے ، مدت مکمل ہونے پر انہیں اسلام آباد ہائی کورٹ بھیجا گیا تھا۔ بعد ازاں ہائیکورٹ کی سفارش پر وزارت قانون نے جج اعظم خان کو اسپیشل جج سینٹرل تعینات کیا۔