کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں اردو ون پکچرز اور فلم والا پکچرز کی جانب سے فلم ’ایکٹر ان لا‘ کی تعارفی تقریب منعقد کی گئی۔
فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں بھارت کے معروف اداکار اوم پوری ایک اہم کردا ادا کررہے ہیں۔
فلم کے ہیرو فواد مصطفیٰ اور ہیروئن مہوش حیات ہیں، جبکہ فلم کی پروڈیوسر فضہ علی مرزا اور ہدایتکار نبیل قریشی ہیں۔ یہ دونوں اس سے قبل فلم نامعلوم افراد بھی بناچکے ہیں جس نے کافی مقبولیت حاصل کی تھی۔
اس موقع پر اوم پوری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلم کا سکرپٹ بہت عمدہ اور اچھوتا ہے اور ان کوخوشی ہے کہ وہ ایک باصلاحیت ٹیم کے ساتھ کام کررہے ہیں، جو انتہائی پروفیشنل طریقے سے کام کررہی ہے۔
انھوں نے کہ وہ اس مرتبہ چوتھی بار پاکستان آئے ہیں۔
آخرمیں انھوں نے کہا کہ انھیں پاکستان میں ہر طبقے سے جومحبت ملی وہ بیان نہیں کرسکتے اور اتنی دعائیں ملی ہیں کہ ان کا دل چاہتاہے کہ وہ اور بہتر کام کریں۔
جب نمائندہ نے اوم پوری سے سوال کیا کہ سکرپٹ میں وہ کیا چیز تھی جس نے ان کو اس فلم میں کام کرنے کے لیے پاکستان آنے پر مجبور کیا تو انھوں نے کہا کہ فلم کا سکرپٹ بہت جاندار ہے اور اس فلم میں ایک ایکٹر (اداکار) اور لائر ( وکیل ) کی زندگی کی مماثلت دکھائی گئی ہے اور فلم کا نام بھی اسی مناسبت سے ہے۔ اس سے آگے ان کو فلم کے پروڈیوسر اور ہدایتکار نے بتانے نہیں دیا اور مائک ان کےہاتھ سے لے لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ فلم کی کہانی کو راز رکھنا چاہتے ہیں۔
ایک موقع پر اوم پوری نے کہا کہ اس فلم کو بھارت میں بھی ریلیز ہونا چاہیے۔
صحافیوں نے اوم پوری سے پاکستانی فنکارں کے ساتھ بھارت میں سلوک کے حوالے سے بھی سوالات کیے جس کا انھوں نے بڑے تحمل سے جواب دیا اور کہا کہ وہ ممبئی میں پاکستانی فنکاروں کے ساتھ اس سلوک کی مذمت کرتے ہیں، اور کہا کہ وہاں کی حکومت کو شر پسندوں سے ڈرنا نہیں چاہیے ۔
فلم کے ہدایتکار نبیل قریشی نے کہا کہ ایکٹر ان لا ایک مزاحیہ فلم ہے لیکن اس میں لوگوں کے لیے ایک پیغام موجود ہے اور ان کی پچھلی فلم کی طرح اس فلم کا موضوع بھی ہماری زندگیوں سے جڑا ہوگا۔
فہد مصظفٰٰی کا کہنا تھا کہ فلم کی کہانی ان ہی کے گرد گھومتی ہے اور امید ہے کہ لوگوں کو پسند آئے گی، جبکہ مہوش حیات نے کہا کہ وہ اس ٹیم کے ساتھ کام کرنے پر بہت خوش ہیں، اور خاص طور پر اوم پوری کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے فخر کی بات ہے۔
میڈیا میں آنے والی خبروں کے حوالے سے جب فلم کی پروڈیسر فضہ علی مرزا سے سوال کیا گیا کہ کیا اس فلم کے لیے پہلے ماہرہ خان کو پیشکش کی گئی تھی لیکن ان کی جانب سے تاریخیں نہ دینے کی صورت میں مہوش حیات کو کاسٹ کرلیا گیا جس پر فضہ علی کا کہنا تھا کہ انھوں نے کبھی بھی ماہرہ خان کو اس فلم کی پیشکش نہیں کی۔
فلم کی تمام عکس بندی پاکستان میں ہوگی۔
یہ فلم عید الاضحیٰ پر پاکستان بھرمیں ریلیز کردی جائے گی ۔
تقریب کی پبلک ریلیشننگ کی زمہ داری سٹار لنکس پی آر اینڈ ایونٹس نے ادا کیں۔
تقریب کی پبلک ریلیشننگ کی زمہ داری سٹار لنکس پی آر اینڈ ایونٹس نے ادا کی۔