کراچی کے ڈالمین سٹی مال میں ہم فلمز اور بگ فلمز انٹرٹیمنٹ کے اشتراک سے بننے والی نئی فلم ‘بچانا’ کی مرکزی کاسٹ صنم سعید اور محب مرزا کی بلاگرز اور صحافیوں کے ساتھ ملاقات کا اہتمام کیا
گیا۔
اس موقع پر صحافیوں اور بلاگرز کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔
محب مرزا نے نامہ نگار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس فلم کے لیے بہت پرجوش ہیں۔
انھوں نےکہا کہ یہ فلم ماریشس کے خوبصورت مناظر میں فلمائی گئی ایک ہلکی پھلکی رومانوی کہانی ہے جس میں کوئی سنجیدہ اور پیچیدہ قسم کی گتھیاں نہیں ہیں۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا ان کو نہیں لگتا کہ پاکستانی فلمیں ڈرامے سے مشابہ ہیں تو انھوں نے کہا کہ ہمارے یہاں فلم کا سکرپٹ لکھنے والوں کی کمی ہے اور زیادہ تر فلمیں ڈرامہ بنانے والے ہی بنارہے ہیں۔
بچانا کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اسے ایک فلم ہی کی طرح لکھا اور عکسبند کیا گیا ہے۔
صنم سعید نے نامہ نگار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے سب سے پہلے فلم کی ٹیم دیکھی اور سائن کردیے۔
انھوں نے کہا کہ فلم کے ہدایتکار ناصر خان ان کے دوست ہیں اور محب مرزا کے ساتھ بھی وہ ڈرامے میں بھی کام کرچکی، اس لیے ان کو معلوم تھا کہ ان سب کے ساتھ کام کرنا ایک اچھا تجربہ ہوگا۔
اس سوال کے جواب میں کہ بھارت اور پاکستان میں ابھی تک فلموں کی کہانی ہیرو کے گرد گھومتی ہے، صنم نے کہا کہ اس فلم میں ایسا نہیں ہے، فلم میں ہیرو اور ہیروئن دونوں کا کردار برابر ہے اور جتنا کام محب مرزا کا ہے اتنا ہی ان کا بھی ہے۔
انھوں نے کہا انھیں تھیٹر، ٹی وی اور فلم میں سب سے زیادہ تھیٹر میں کام کرنا اچھا لگتا ہے۔ تھیٹر کے تجربے نے صنم کو فلم میں بھی بہت مدد دی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ان کو تھیٹر میں ڈائیلاگ اور سین کواچھی طرح یاد کرنے کی عادت ہے، اس لیے جب بھی ان کو کوئی سین ری ٹیک کرنا ہوتا تھا تو ان کو سکرپٹ دوبارہ دیکھنے کی ضرورت نہیں ہوتی تھی بلکہ ان کو اپنی لائنیں یاد ہوتی تھیں۔
صنم نے کہا کہ انھیں بالی وڈ سے بھی کئی آفرز ہیں لیکن وقت کی کمی کے باعث وہ انھیں قبول نہ کرسکیں۔ انھوں نے کہاکہ صحیح وقت آنے پر وہ بالی وڈ میں بھی کام کریں گی۔
فلم بچانا کے ہدایتکار ناصر خان ہیں اور اسے بگ فلمز انٹرٹیمنٹ کے رضوان سعید نے پروڈیوس کیا ہے۔فلم کے ڈسٹری بیوٹرز ہم فلمز۔
یہ فلم پاکستان اور بھارت میں 26 فروری کو ایک ساتھ ریلیز کی جارہی ہے۔