حیدرآباد کی سڑک کے حوالے سے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ میڈیا بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ حیدرآباد کی سڑک کے لیے چیف سیکریٹری نے کنٹونمنٹ بورڈ سے زمین کا حصول ممکن بنایا، حیسکو کو پیسے جمع کروائے لیکن انہوں نے کھمبے نہیں ہٹائے۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہم نےسوچا کہ سڑک بنا دیتے ہیں پھر حیسکو پر پریشر آئے گا، ایسا ہی ہوا میڈیا پر آنے کے بعد ایک دن میں 25 کھمبے ہٹا دیے گئے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ اس سڑک کا کام مکمل ہونےکے بعد حیدرآباد کے لوگوں کو بہت آسانی ہو گی، یہ سب گرینڈ پلان تھا۔
واضح رہے کہ حیدرآباد میں سڑک کے بیچوں بیچ بے ترتیب کھمبے نصب تھے جنہیں ہٹائے بغیر سڑک بنا دی گئی تھی۔
اس صورتِ حال پر حیسکو کے ترجمان نے کہا تھا کہ کسی بھی سڑک کی تعمیر کے لیے ہمارے دیے گئے نشانات لگائے جاتے ہیں، کھمبے ہٹائے جانے کے بعد سڑک کی تعمیر کا کام کرنا ہوتا ہے، لیکن وجہ سمجھ نہیں آئی کہ کھمبے ہٹانے سے قبل متعلقہ محکموں نے سڑک کیوں بنا دی؟