لاہور: پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ لاہور کے ایک سرکاری ہسپتال میں ایک جعلی ڈاکٹر دماغ کے آپریشنز کرتی رہی ہیں، جس سے محکمہ صحت کی خراب کارکردگی ظاہر ہوتی ہے.
پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی گئی تحریک التواء میں رکن صوبائی اسمبلی امجد علی جاوید کا کہنا تھا کہ نام نہاد نیوروسرجن ڈاکٹر مائما لاہور کے سروسز ہسپتال میں 8 ماہ تک سرجریز کرتی رہی ہیں.
مذکورہ ڈاکٹر کے جعلی ہونے کا علم اُس وقت ہوا جب ہسپتال کے نیوروسرجری وارڈ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر رضوان مسعود بٹ نے وارڈ کے راؤنڈ کے دوران ان سے کچھ سوالات کیے، جن کا جواب دینے سے وہ قاصر رہیں.
شک ہونے پر پروفیسر مسعود بٹ نے ہسپتال انتظامیہ کو الرٹ کیا، جنھوں نے مذکورہ ڈاکٹر کی تعلیمی اسناد تصدیق کے لیے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور دیگر تعلیمی اداروں میں بھجوائیں اور اس طرح معلوم ہوا کہ یہ اسناد جعلی تھیں.
تحریک التواء میں دعویٰ کیا گیا کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) کے ڈاکٹر جعفر نے مذکورہ خاتون کو اپنی منگیتر کہہ کر متعارف کروایا اور ہسپتال میں اُن کے بحیثیت ہاؤس آفیسر انتخاب کے لیے اپنے اثر و رسوخ کو استعمال کیا، جہاں انھوں نے سرجن پروفیسر ڈاکٹر جاوید گردیزی کی زیرِ نگرانی 3 ماہ تک نیورو سرجری وارڈ میں کام کیا.
اس کے بعد ان کا تبادلہ نیوروسرجری ڈپارٹمنٹ میں کردیا گیا جہاں انھوں نے متعدد مریضوں کے آپریشن کیے.
تحریک التواء میں کہا گیا کہ اگرچہ ڈاکٹر جعفر اور خاتون مائما کو ان کی ملازمتوں سے برطرف کردیا گیا لیکن اس صورتحال نے محکمہ صحت کی انتظامیہ کی کارکردگی اور محکمے کے امور پر ان کی گرفت کے حوالے سے ایک بڑا سوالیہ نشان کھڑا کردیا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس معاملے کو مکمل طور پر اسمبلی میں زیرِ بحث لائے جانے کی ضرورت ہے.
اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال نے مذکورہ تحریک کوملتوی کردیا کیونکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق اورپارلیمانی سیکریٹری برائے صحت خواجہ عمران نذیر دونوں ہی اسمبلی میں موجود نہیں تھے.
نمائندہ نے سلمان رفیق سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن انھوں نے فون کال اور ٹیکسٹ میسجز کا کوئی جواب نہیں دیا.
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے، جو ایک مہینے میں رپورٹ پیش کرے گی جسے حکام بالا کی اجازت کے بعد عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا.
پارلیمانی سیکریٹریوں کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ سیکریٹری آف ہائیر ایجوکیشن و پارلیمانی امور کے علاوہ تمام سیکریٹریز اسمبلی سے غائب تھے اور اس وجہ سے اسپیکر کو کم از کم 20 تحاریک التواء ملتوی کرنا پڑیں.