کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی اعلیٰ قیادت کی منظوری کے بعد مزید 9 اراکین صوبائی اسمبلی کو آج سندھ کابینہ میں شامل کرلیا گیا۔
دوسرے مرحلے میں 9 رکنی کابینہ کی تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی جہاں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کابینہ کے نئے اراکین سے عہدے کا حلف لیا۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق کابینہ کے نئے وزراء میں منظور وسان، میر حاضر خان بزنجو، امداد پتافی، محمد علی ملکانی، سید ناصر شاہ، سردار محمد بخش مہر، ممتاز حسین جاکھرانی، جام اکرام دھاریجو اور فیاض بٹ شامل ہیں۔
جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سندھ کابینہ میں 9 وزراء کی توسیع کے علاوہ 11 معاونین خصوصی بھی شامل کیے گئے ہیں۔
کابینہ میں مذکورہ توسیع کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی کابینہ کے اراکین کی تعداد 36 ہوگئی ہے جس میں 18 وزراء، 4 مشیر اور 14 معاونین خصوصی شامل ہیں۔