اسلام آباد: یوم آزادی پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں سمیت 40 شہروں میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کےمطابق یوم آزادی پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اہم شہروں میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے 40 شہروں میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، فیصل آباد، سبی، سرگودھا اور سکھر میں بھی موبائل فون سروس بند رہے گی جب کہ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں بھی موبائل فون سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق موبائل فون سروس صبح 6 سے دوپہر 2 بجے تک بند رہے گی جس کے لیے پی ٹی اے کو باضابطہ ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہےکہ موبائل فون سروس سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کا مقصد یوم آزادی پر صبح کے اوقات میں ہونے والی پریڈ اور دیگر تقریبات کو محفوظ بنانا ہے۔