ایم ڈی فلمز کی جانب ایک نئی فیچر فلم ’پرواز ہے جنون‘ بنانے کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں پاک فضائیہ میں موجود ملک کی سلامتی اور بقا کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
فلم کی کہانی پاکستان ایئر فورس کے فائٹر پائلٹ کی زندگیوں کے گرد گھومتی ہے۔ فلم کے مرکزی کرداروں میں پاکستان کے دو مشہور اور پسندیدہ اداکار حمزہ علی عباسی اور عثمان خالد بٹ شامل ہیں جبکہ ہیرویئن یا مرکزی کردار ادا کرنے والی خاتون کا انتخاب ابھی تک نہیں کیا گیا ہے جس کے لیے ناظرین سے ایک انتخابی پول کے زریعے رائے لی جائے گی۔
مرکزی کرداروں کے علاوہ فلم کے زیادہ تر کرادا پاک فضائیہ کے کیڈٹس، فائٹر پائلٹس اور دیگر فوجی عہدیدار ادا کررہے تاکہ فلم کو اصلی سے قریب ترین کا رخ دیا جاسکے۔
پرواز ہے جنون ہدایت کار حسیب حسن کی پہلی فلم ہے۔ حسیب اس سے قبل ہم ٹی وی کی مشہور ڈرامہ سیریل دیاردل اور من مائل کی ہدایات دے چکے ہیں۔ فلم کا اسکرپٹ مشہور ناولسٹ اور ڈرامہ نگار فرحت اشتیاق نے تحریر کیا ہے جن کے کریڈٹ پر ہمسفر، اڈاری اور بن روئے جیسے مشہور ڈرامے موجود ہیں۔
فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے ایم ڈی پروکشن کی مومنہ درید نے کہا کہ ’یہ ہمارے لیے فخر اور اعزاز کی بات ہے کہ ہم یہ فلم بنانے جارہے ہیں اور یہ پاکستان کی پہلی فیچر فلم ہے جسے پاکستانی ایئرفورس کے تعاون سے پیش کیا جارہا ہے۔‘
اس موقع پر ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی کا کہنا تھا کہ ’پاکستان ایئر فورس کے اشتراک سے بنائی جانے والی اس فلم کے زریعے ہم اپنے حقیقی ہیروزکو پیش کرسکیں گے اوربتا سکیں گے کہ ان کی اولولعزمی، قربانی جزبہ، ہمت اور مٹی سے ان کا گہرا تعلق اور وطن سے محبت کیا ہوتی ہے۔‘
پاک فضائیہ کے ڈائریکٹر میڈیا افیئرز ائیر کموڈور سید محمد علی نے کہا کہ یہ فلم نہ صرف پاک فضائیہ کی قربانیوں کو اجاگر کرنے کا ذریعہ بنے گی بلکہ یہ پا کستانی سینما میں ایک تبدیلی کا پیش خیمہ بھی ثابت ہوگی۔
پرواز ہے جنون کی عکسبندی اس سال اکتوبر میں شروع ہوگی جبکہ نمائش اگلے سال عید الضحیٰ پر کی جائے گی جو غالبا ۷ ستمبر یعنی یوم فضائیہ بھی ہوگا۔
فلم کے آفیشل ڈسٹری بیوٹرز ہم فلمزاور مارکیٹنگ پارٹنر ہم نیٹ ورک لمٹید ہیں۔