خیبرپختونخوا میں 20 لاکھ ایکڑ زمین بنجرپڑی ہے ۔خیبرپختونخوا میں سیم و تھور اور بنجر زمینوں پر ہریالی لانے اور جنگلات میں اضافہ کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے بلین ٹری سونامی منصوبہ شروع کیا گیا۔ منصوبہ کے تحت اب تک 80 کروڑ کے قریب پودے لگائے جاچکے ہیں۔
ڈبلیو ڈبلیوایف کی رپورٹ کے مطابق خشک سالی کے باعث ان پودوں میں سے10 فیصد ضائع ہوچکے ہیں۔بلین ٹری سونامی کے حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے پر اب تک ساڑھے چار ارب روپے کی لاگت آئی ہےجس سے جنگلات میں 2 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
کنزرویٹر ساؤتھ ریجن ، شفقت منیر کا کہناہے کہ صوبے میں 20 لاکھ ایکڑ زمین بنجر پڑی ہے۔ حکومت نے ایسے علاقے جہاں پر سخت موسمی حالات اور رسائی مشکل ہو وہاں پر ایم آئی سیون ہیلی کاپٹر کے ذریعے بیج گرائےجا رہے ہیں ۔
حکام کے مطابق 21 مارچ سے 27 مارچ تک ہیلی کاپٹر کے ذریعے پلوسہ، کیکر اور دیار سمیت مختلف اقسام کے 22 سے 25 ٹن بیج صوبے کے تین ریجنز میں پھینکےجائیں گے ۔
چیف کنزرویٹر خیبرپختونخوا ، صدیق خٹک کے مطابق سب سےزیادہ پودے ڈی آئی خان اور چترال میں لگائے گئے ہیں۔جنگلات کے تحفظ کے لیے متعلقہ مقامات پر باڑ لگائی جا رہی ہے تاہم جبکہ کاروباری مقاصد کے لئے درختوں کے کٹاؤ پر پابندی عائد ہے۔