سابق وزیراعظم نوازشریف لندن سے وطن واپس پہنچ گئے

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف لندن سے وطن واپس پہنچ گئے جہاں سے وہ قافلے کی صورت میں پنجاب ہاؤس کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔
میڈیاکے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف پی آئی اے کی پرواز پی کے 786 کے ذریعے صبح 7:45 پر اسلام آباد پہنچے، اس موقع پر سابق وزیر اعظم کے استقبال کے لیے مشیر ہوابازی سردار مہتاب، وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق، گورنر خیبر پختونخوااقبال ظفر جھگڑا، طلال چوہدری، پرویزرشید، لیگی رہنما اورکارکنان بھی موجود تھے، نوازشریف کا قافلہ ایئرپورٹ سے پنجاب ہاؤس کے لیے روانہ ہوا جب کہ اس موقع سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف آج پنجاب ہاؤس میں مصروف دن گزاریں گے جہاں قانونی ماہرین کی ٹیم کچھ دیر بعد نواز شریف سے ملاقات کرے گی جس میں 26 ستمبر کواحتساب عدالت میں پیشی کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی، اس کے علاوہ آج پنجاب ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں احتساب ریفرینسز کے حوالے سے تمام قانونی اور آئینی پہلوؤں پر بھی غورکیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سنیئر قیادت بھی آج نواز شریف کے ساتھ ملاقات کرے گی جس میں ملک کی اہم مجموعی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جب کہ اجلاس میں سینیٹ سے منظور آئینی ترمیم کے بعد پارٹی صدارت کا معاملہ بھی زیرغورآئے گا۔
واضح رہے کہ نواز شریف اہلیہ کلثوم نواز کی تیمارداری کے لیے لندن میں موجود تھے جب کہ ہیتھرو ائیرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ اہلیہ کی تیمارداری کے لیے لندن آیا تھا، ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا کہ لندن میں بیٹھا رہوں گا اور واپس پاکستان نہیں جاؤں گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے