اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں الیکشن ایکٹ میں مزید ترمیم کا بل متفقہ طور پر منظور کرلیاگیا۔ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے الیکشن ایکٹ میں مزید ترمیم کا بل 2017 پیش کیا تھا۔
الیکشن ایکٹ میں مزید ترمیمی بل 2017 میں تجویز دی گئی کہ بل کے تحت ختم نبوت کے حوالے سے سیون بی اور سیون سی کی شقیں شامل کی جائیں۔
وزیرقانون زاہد حامد کا کہنا تھا کہ سیون سی اور سیون بی کا اصل مسودہ اب بھی قائم ہے، میں عاشق رسول ہوں، 2 حج سمیت کئی عمرے کرچکا ہوںاس لیے ختم نبوت کے حوالے سے شقوں میں تبدیلی کا سوچ بھی نہیں سکتاجبکہ 2002 کے انتخابات سے قبل حکومت نے الیکشن آرڈر نافذ کیا تھا۔
زاہد حامد کے بیان پر احسن اقبال نے کہا کہ کسی بھی شخص کا ایمان اللہ اور اس کے بندے کا معاملہ ہوتا ہے، کیا ہم گلی گلی جا کر بتائیں کہ ہم مسلمان ہیں، جس پر شیخ رشید احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال کو کچھ بھی معلوم نہیں اور وہ اٹھ کر باتیں کرنا شروع ہوگئے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ زاہد حامد نے یہ بیان اپنی صوابدید پر دیاہےاور انہیں کسی نے نہیں کہا کہ وہ بیان دیں، اسپیکر صاحب میں آپ کی رولنگ چاہوں گا، ایک وزیر کچھ کہہ رہاہے جبکہ دوسرا کچھ اور اگر کوئی احمدی یا مرزائی ہے تو اسے بتانا ہوگا کہ وہ کون ہے۔