گجرات: نواحی گاؤں نیو نوشہرہ میں گجرات میں دیور اور بھابھی پراسرار طور پر زندہ جل کر ہلاک ہوگئے اور نعیم نامی شخص نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کے بھائی ندیم نے اس کی بیوی کو زندہ جلانے کے بعد خودسوزی کرلی۔
آئی بی سی کے مطابق گجرات میں دیور اور بھائی پر اسرار طور پر زندہ جل گئے اور ان کی موت ایک معمہ بن گئی ہے۔
زندہ جل جانے والی صبیحہ نامی خاتون کے شوہر نعیم مرزا نے الزام عائد کیا ہے کہ گھریلو ناچاقی کے باعث میرے بھائی ندیم نے پہلے میری بیوی صبیحہ کو پٹرول چھڑک کر آگ لگائی پھر خود کو بھی جلا ڈالا۔ دونوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دونوں ہی دم توڑ گئے۔
مدعی نعیم مرزا نے مرحوم بھائی کے خلاف مقدمہ بھی درج کرادیا ہے ۔ دوسری جانب پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ مدعی نعیم مرزا کی بیوی صبیحہ کے اپنے دیور ندیم کے ساتھ نامناسب تعلقات تھے جس پر نعیم نے اپنے بھائی اور بیوی کو کمرے میں بند کرکے دونوں کو زندہ جلا ڈالا تاہم ابھی کیس کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور بہت جلد مقتولین کی موت کے پہلو واضح ہوجائیں گے۔