28 جنوری 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]شامی باغی امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ ہیں، روسی وزیر خارجہ[/pullquote]

روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے الزام لگایا ہے کہ مشرقی غوطہ کے باغی امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ ہیں۔ جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شامی باغی زخمیوں اور عام شہریوں کو بھی علاقے سے نکلنے کی اجازت نہیں دے رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے اسد حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔

[pullquote]یمن کی صورت حال ’تباہ کن‘ ہے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ایڈ آپریشنز کے سربراہ جان گِنگ نے یمن کی صورت حال کو ’تباہ کن‘ قرار دیا ہے۔ گنگ کے مطابق یمن کو تین برسوں سے جاری جنگ کے باعث بدترین انسانی بحران، قحط اور ہیضے کی وباء کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اپریل سن 2017 سے اب تک دس لاکھ سے زائد یمنی ہیضے کے مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں جب کہ بائیس ملین سے زائد یمنی شہریوں کو خوراک کی قلت کا سامنا ہے۔ سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد تین برسوں سے یمنی حوثی باغیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس دوران اب تک پندرہ ہزار سے زائد یمنی باشندے ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]لبنانی وزیراعظم پھر سعودی عرب کے دورے پر روانہ[/pullquote]

لبنانی وزیر اعظم سعد الحریری سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچ گئے ہیں۔ گزشتہ برس نومبر میں بھی وہ سعودی عرب کے دورے پر گئے تھے اور اس دوران انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا تھا۔ لبنانی وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق انہیں اس دورے کی دعوت گزشتہ روز ہی بیروت میں سعودی سفیر نے دی تھی۔ بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سعد الحریری دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے علاوہ ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کریں گے۔

[pullquote]افغانستان میں بین الاقوامی امن کانفرنس کا آغاز[/pullquote]

افغان دارالحکومت میں اپنی نوعیت کی دوسری بین الاقوامی امن کانفرنس کا آغاز ہو گیا ہے۔ سخت سکیورٹی کے حصار میں ہونے والے اس اجلاس میں پچیس ممالک کے نمائندے اور تین بین الاقوامی تنظیموں کے وفود شریک ہیں۔ اس کانفرنس کا مقصد افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانا اور سولہ سالہ افغان جنگ کا کسی طریقے سے خاتمہ کرنا بتایا گیا ہے۔ اندازوں کے مطابق افغانستان کا چالیس فیصد تک علاقہ طالبان کے کنٹرول میں ہے۔ اس کانفرنس میں انسداد دہشت گردی کے اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا۔

[pullquote]’جرمن کمپنیوں نے ایرانی وزیر کے جہاز میں پٹرول بھرنے سے انکار کیا تھا‘[/pullquote]

جرمن میڈیا کے مطابق رواں ماہ میونخ سکیورٹی کانفرنس کے دوران برلن حکومت کو ایک پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ایرانی وزیر خارجہ بھی اس کانفرنس میں مدعو تھے لیکن میونخ ایئرپورٹ پر کوئی بھی کمپنی ان کے طیارے میں فیول بھرنے کے لیے تیار نہیں تھی۔ فیول کمپنیوں کا کہنا تھا کہ ایرانی طیارے میں تیل بھرنے سے ایران کے خلاف عائد امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی ہو گی۔ اس صورت حال میں جرمن فوج کو مداخلت کرنا پڑی جس کے بعد جواد ظریف میونخ پہنچے تھے۔ میونخ سکیورٹی کانفرنس کے سربراہ وولف گانگ اشینگر نے میڈیا کو بتایا کہ یہ معاملہ اس حقیقت کا غماز ہے کہ مشکل صورت حال میں ہم ایک دوسرے سے بات چیت بھی نہیں کر سکتے۔

[pullquote]شمالی کوریا شام کو کیمیائی ہتھیار فراہم کر رہا ہے، ماہرین[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ہتھیاروں کے ماہرین کے مطابق شمالی کوریا شام کو ایسے پرزے فراہم کر رہا ہے، جو کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال ہوتے ہیں۔ ان ماہرین کی ایک غیر شائع شدہ رپورٹ امریکی میڈیا نے جاری کی ہے۔ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز اور نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایسے ’کافی نئے ثبوت‘ موجود ہیں، جن سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ شمالی کوریا شام کو بیلسٹک میزائلوں اور کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری میں مدد فراہم کر رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایسا سن دو ہزار آٹھ سے ہو رہا ہے۔ اس رپورٹ میں یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے میزائلوں کے ماہرین شام گئے تھے اور وہ شام کی اہم اسلحہ ساز تنصیبات میں کام کرتے ہوئے بھی دیکھے گئے۔

[pullquote]اسپین پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد میں تین گنا اضافہ[/pullquote]

انسانی حقوق کے لیے سرگرم ایک تنظیم کے مطابق سن دو ہزار سترہ میں بحری راستوں کے ذریعے اسپین پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد میں اُس سے ایک سال قبل کے مقابلے میں تین گنا اضافہ ہوا۔ اس خطرناک سفر کے دوران ڈھائی سو افراد ہلاک بھی ہو گئے۔ اسپین میں انسانی حقوق کے لیے سرگرم تنظیم ’اے پی ڈی ایچ اے‘ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی طور پر اسپین پہنچنے کے لیے سمندری راستے اختیار کرنے اور اپنی زندگیوں کو خطرات میں ڈالنے والے تارکین وطن کو اسپین آنے کے لیے محفوظ راستے فراہم کیے جائیں۔

[pullquote]لندن کے خلاف سکاٹ لینڈ اور ویلز کی اختیارات کی جنگ[/pullquote]

سکاٹ لینڈ اور ویلز کی حکومتوں کے مطابق وہ بریگزٹ کے بعد اختیارات کی تقسیم کے حوالے سے ابھی سے اپنے اپنے علاقائی پارلیمانی اداروں میں چند خاص قانونی مسودے منظوری کے لیے پیش کر دیں گی۔ علاقائی سطح پر ان کوششوں کی وجہ وہ اختیارات ہیں، جو مارچ 2019ء کے آخر تک برطانیہ کے یورپی یونین چھوڑ دینے کے بعد برسلز سے واپس برطانیہ کو مل جائیں گے۔ سکاٹ لینڈ اور ویلز کی علاقائی حکومتیں نہیں چاہتیں کہ یہ اختیارات پھر لندن کے پاس چلے جائیں۔ اس کے برعکس ایڈنبرا اور کارڈیف میں حکومتوں کی خواہش ہے کہ یہ اختیارات انہیں ملنا چاہییں۔ اختیارات کی تقسیم کی یہ نئی جنگ جن شعبوں کو سب سے زیادہ متاثر کرے گی، ان میں زراعت اور ماہی گیری کے شعبے بھی شامل ہیں۔

[pullquote]امریکا جوہری ہتھیاروں سے متعلق معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہا، روسی وزیر خارجہ[/pullquote]

روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا جوہری ہتھیاروں سے متعلق معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہا۔ ان کے مطابق واشنگٹن حکومت جوہری راکٹوں کی تعداد میں اضافہ جاری رکھے ہوئے ہے، جو اس معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ جنیوا میں ان کا ایک خطاب میں کہنا تھا کہ امریکا یورپی افواج کو روس کے خلاف ٹیکٹیکل جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی تربیت بھی دے رہا ہے۔

[pullquote]افغانستان میں پانچ پولیس اہلکار ہلاک، انیس افراد اغوا[/pullquote]

افغان طالبان نے ایک پولیس چوکی پر حملہ کرتے ہوئے کم از کم پانچ پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔ طالبان نے یہ کارروائی افغان صوبہ قندہار میں کی ہے۔ علاقائی پولیس کے ترجمان احمد زئی درانی کے مطابق طالبان نے انیس افراد کو اغوا بھی کر لیا ہے، جن میں عام شہری اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے، جب افغان دارالحکومت میں اپنی نوعیت کی دوسری بین الاقوامی امن کانفرنس جاری ہے۔ سخت سکیورٹی کے حصار میں ہونے والے اس اجلاس میں پچیس ممالک کے نمائندے اور تین بین الاقوامی تنظیموں کے وفود شریک ہیں۔

[pullquote]جرمنی: گزشتہ برس مہاجرين کے خلاف بائیس سو سے زائد حملے[/pullquote]

گزشتہ برس جرمنی ميں مہاجرین کے خلاف انیس سو سے زائد حملے کیے گئے جبکہ تين سو واقعات ميں مہاجر کيمپوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ يہ اعداد و شمار جرمن وزارت داخلہ نے جاری کیے ہیں۔ ان حملوں ميں مجموعی طور پر تين سو کے قريب تارکين وطن زخمی بھی ہوئے۔ دوسری جانب سن دو ہزار سولہ کے مقابلے ميں سن دو ہزار سترہ کے دوران ايسے حملوں کی تعداد ميں ايک تہائی کمی نوٹ کی گئی۔

[pullquote]طالبان کو جائز سیاسی طاقت تسلیم کرنے پر تیار ہیں، اشرف غنی[/pullquote]

افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کو ایک جائز سیاسی طاقت تسلیم کرنے کی پیش کش کی ہے۔ ان کی یہ پیش کش افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے منصوبے کا حصہ ہے۔ افغان صدر کا کہنا تھا کہ وہ جنگ بندی معاہدے کے ساتھ ساتھ طالبان کے قیدیوں کو بھی رہا کرنے پر تیار ہیں۔ افغان صدر ماضی میں بھی متعدد مرتبہ طالبان کو امن مذاکرات کی پیش کش کرتے آئے ہیں۔

[pullquote]روس شام میں ناقابل یقین حد تک ’غیر تعمیری‘ کردار ادا کر رہا ہے، امریکی جنرل[/pullquote]

امریکی جنرل جوزف ووٹل نے منگل کے روز کہا ہے کہ روس شام میں ناقابل یقین حد تک ’غیرتعمیری‘ کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب شامی شہر غوطہ میں ماسکو کا حمایت یافتہ جنگ بندی کا معاہدہ چند گھنٹوں بعد ہی ناکام ہو گیا ہے۔ مشرقی غوطہ میں ایک مرتبہ پھر بمباری کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ امدادی تنظیموں کے مطابق وہ بھی غوطہ سے زخمیوں اور بیماروں کو نکالنے میں ناکام رہی ہیں۔ قبل ازیں روس نے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر مشرقی غوطہ میں روزانہ پانچ گھنٹے فائربندی کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

[pullquote]صدر ٹرمپ کے داماد کو مزید خفیہ معلومات نہیں ملیں گی[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کُشنر کو وائٹ ہاؤس میں ملنے والی روزانہ کی انٹیلی جنس بریفنگ سے خارج کر دیا گیا ہے۔ امریکی سکیورٹی ادارے ایف بی آئی نے انہیں دی گئی عارضی سکیورٹی کلیئرنس کی تجدید نہیں کی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق اس طرح کُشنر کو اب خفیہ دستاویزات تک بھی رسائی حاصل نہیں ہو سکے گی۔ ایف بی آئی کے مطابق کُشنر کے حوالے سے سکیورٹی تحقیقات جاری ہیں اور کوئی حتمی فیصلہ آنے تک مزید چار ہفتے لگ سکتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے