ہفتہ : 17 مارچ 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]شی جن پنگ ’تاحیات‘ چینی صدر منتخب[/pullquote]

چین کی نیشنل پیپلز کانگریس نے شی جن پنگ کو دوسری مدت کے لیے بھی صدر چن لیا ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق کانگریس کے سبھی دو ہزار نو سو ستر افراد نے شی کے حق میں ووٹ دیا۔ گزشتہ اتوار کے دن چینی کانگریس نے صدر اور نائب صدر کے عہدے کی مدت ختم کرنے کا قانون منظور کیا تھا، اس لیے اب شی جن پنگ تاحیات چینی صدر رہ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ شی کے انتہائی قریبی ساتھی وانگ چی شان کو تاحیات نائب صدر بنا دیا گیا ہے۔

[pullquote]کابل میں ایک اور خود کش حملہ[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل میں ہفتے کے دن ہوئے ایک تازہ کار بم حملے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جبکہ متعدد ديگر زخمی ہو گئے ہیں۔ طالبان باغیوں نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران کابل میں ہونے والا یہ چوتھا خود کش حملہ ہے۔ یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے، جب طالبان پر دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ سولہ سالہ خانہ جنگی کے خاتمے کی خاطر افغان صدر سے مذاکراتی عمل شروع کریں۔ حالیہ عرصے میں طالبان نے اپنے حملوں میں تیزی پیدا کر دی ہے۔

[pullquote]فلسطینی نے اسرائیلی فوجیوں پر گاڑی چڑھا دی[/pullquote]

مغربی کنارے کے فلسطینی علاقے میں ایک فلسطینی شخص نے اسرائیلی فوجیوں پر گاڑی چڑھا دی۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اس حملے میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک جب کہ دیگر دو زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ آج بروز ہفتہ مغربی کنارے کے فلسطینی شہر جنین میں پیش آیا۔ مقبوضہ علاقوں میں اس طرح کے واقعات ماضی میں بھی رونما ہوتے رہے ہیں۔

[pullquote]شام، جنگ زدہ علاقوں سے ہزاروں افراد کا انخلا[/pullquote]

شامی علاقے مشرقی غوطہ اور عفرین میں جاری فوجی کارروائیوں میں شدت کے نتیجے میں ہزاروں افراد محفوظ علاقوں میں منتقل ہو گئے ہیں۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق مشرقی غوطہ میں پھنسے چوبیس سو سے زائد شہریوں کا انخلاء ممکن ہو چکا ہے جبکہ عفرین سے پندرہ ہزار افراد کو نکالا جا چکا ہے۔ دوسری طرف مشرقی غوطہ میں روسی بمباری کے نتیجے میں گزشتہ روز 80 شہری مارے گئے۔ وسط فروری میں شروع ہونے والی ان کارروائیوں میں اب تک تیرہ سو پچاس افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ چار لاکھ نفوس ابھی تک مشرقی غوطہ میں پھنسے ہوئے ہیں۔

[pullquote]انگیلا میرکل کی فرانسیسی صدر سے ملاقات[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ یورو زون کو مستحکم بنانے کے لیے اس میں اصلاحات ضروری ہیں۔ انہوں نے جمعے کے دن پیرس میں فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں سے ملاقات کے بعد کہا کہ اگر یورپی ممالک متحد رہیں تو وہ ناقابل شکست بن جائیں گے۔ اس موقع پر ماکروں نے کہا کہ وہ جون میں ہونے والی یورپی یونین کی سمٹ سے قبل اصلاحاتی منصوبہ جات کو حتمی شکل دے دینا چاہیے۔ میرکل اور ماکروں نے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ عالمی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

[pullquote]جاسوس پر حملے کا حکم پوٹن نے دیا، برطانوی وزیر خارجہ[/pullquote]

کریملن نے اُن برطانوی الزامات کو ’دھچکے کا باعث اور ناقابل معافی‘ قرار دے دیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ سابق روسی جاسوس اور ان کی بیٹی پر حملے کا حکم صدر ولادیمیر پوٹن نے دیا تھا۔ گزشتہ روز برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے یہ الزام عائد کیا تھا، جس پر ماسکو حکومت کی طرف سے شدید ردعمل ظاہر کیا گیا ہے۔ یہ تنازعہ لندن اور ماسکو حکومتوں کے مابین کشیدگی کا باعث بن چکا ہے جبکہ جرمنی اور امریکا سمیت دیگر اتحادی ممالک نے برطانیہ کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]امریکا، اینڈریو مکابی کو برطرف کر دیا گیا[/pullquote]

امریکی خفیہ ادارے ایف بی آئی کے سابق نائب سربراہ اینڈریو میکابی کو ریٹائرمنٹ کے دو دن قبل ہی اپنے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ امریکی اٹارنی جنرل جیف سیشنز کے مطابق میکابی نے متعدد مواقع پر غیر قانونی طور پر میڈیا کو معلومات فراہم کیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ ٹرمپ ماضی میں بھی میکابی کو سخت تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میکابی ان کی انتظامیہ کے خلاف بغض رکھتے تھے۔

[pullquote]سلوواکیہ میں مظاہرے، حکومت پر دباؤ بڑھ گیا[/pullquote]

سلوواکیہ کے دارالحکومت براٹسلاوا اور دیگر شہروں میں حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان مظاہرین نے مقتول صحافی جان کوشک کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے ملک میں کہا کہ قبل ازوقت انتخابات کا انعقاد کیا جائے۔ ستائیس سالہ کوشک اور ان کی منگیتر کو گزشتہ ماہ ہی ان کے گھر میں گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ تحقیقاتی صحافی کوشک اعلیٰ حکومتی ایوانوں میں بدعنوانی اور ملکی سیاستدانوں اور مافیا گروہوں کے مابین مبینہ تعلقات پر کام کر رہے تھے۔ اس پیشرفت کے نتیجے میں وزیر اعظم رابرٹ فیکو استعفیٰ بھی دے چکے ہیں۔

[pullquote]فٹ بال ورلڈ کپ میں ویڈیو ٹیکنالوجی کا استعمال ہو گا[/pullquote]

فٹ بال کے منتظم عالمی ادارے فیفا نے تصدیق کر دی ہے کہ رواں برس روس میں منعقد کیے جا رہے عالمی کپ میں ’ویڈیو اسسٹنٹ ریفری‘ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے پینلٹی کک دیے جانے اور ریڈ کارڈ دکھائے جانے کے فیصلوں میں ویڈیو فوٹیج سے مدد حاصل کی جائے گی۔ ناقدین کے مطابق اس ٹیکنالوجی کی مدد سے کھیل میں زیادہ شفافیت پیدا ہو سکے گی۔ اس مرتبہ ورلڈ کپ فٹ بال چودہ جون تا پندرہ جولائی روس میں منعقد کیا جا رہا ہے۔

[pullquote]روس نے بھی برطانوی سفارتکار بیدخل کر دیے[/pullquote]

ماسکو حکومت نے تیئس برطانوی سفارتکاروں کو ملک بدر کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ لندن حکومت کی طرف سے ’جارحانہ‘ اقدامات کی وجہ سے روس میں برٹش کونسل کی تمام تر سرگرمیوں کو بھی روک دیا گیا ہے۔ سابق روسی ڈبل ایجنٹ اور ان کی بیٹی پر برطانیہ میں ہوئے کیمیکل حملے کے باعث دونوں ممالک کے مابین کشیدگی اور ’لفظی جنگ‘ میں شدت آتی جا رہی ہے۔ قبل ازیں برطانوی وزیر اعظم ٹيريزا مے نے بھی تیئس روسی سفارتکاروں کو برطانیہ سے بیدخل کیا تھا۔

[pullquote]مشرقی غوطہ میں تازہ بمباری، مزید تیس شہری ہلاک[/pullquote]

شامی علاقے مشرقی غوطہ میں روسی اور شامی بمباری کے نتیجے میں کم ازکم مزيد تیس شہری مارے گئے ہیں۔ سیریئن آبزرویٹری نے ہفتے کے دن بتایا کہ زملکا کے مقام پر کی گئی اس فضائی کارروائی میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ آبزرویٹری کے مطابق باغیوں کے زیر قبضہ دمشق کے اس نواحی علاقے سے مزید دس ہزار افراد کو نکال لیا گیا ہے۔ شامی فوج نے چار لاکھ نفوس کی آبادی والے اس علاقے کا محاصرہ کر رکھا ہے جبکہ اس کی بازیابی کا آپریشن اٹھارہ فروری کو شروع کیا گیا تھا۔ شامی حکومت کا دعویٰ کہ اب تک مشرقی غوطہ کا ایک تہائی حصہ بازیاب کرایا جا چکا ہے۔

[pullquote]مہاجرین کی کشتی ڈوب گئی، مزید چودہ مہاجرین مارے گئے[/pullquote]

بحیرہ ایجيئن میں مہاجرین کی ايک کشتی کے ساتھ پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں کم از کم چودہ مہاجرین ہلاک ہو گئے ہیں۔ یونانی پولیس نے بتایا ہے کہ ترکی سے یونان جانے والی ایک کشتی ہفتے کی علی الصبح ڈوب گئی۔ بتایا گیا ہے کہ اس کشتی میں تقریبا چودہ افراد سوار تھے۔ پولیس کے مطابق آٹھ لاشوں کو نکال لیا گیا ہے۔ ہلاک شدگان میں چار بچے بھی شامل ہیں۔

[pullquote]فلپائن میں طیارہ گھر پر گر گیا، دس افراد ہلاک ہو گئے[/pullquote]

فلپائن میں ایک طیارہ کریش ہونے کی وجہ سے دس افراد مارے گئے ہیں۔ حکام نے ہفتے کے دن بتایا کہ دو انجن والا ایک چھوٹا سا طیارہ شمالی فلپائن میں ایک گھر پر گرا، جس کی وجہ سے یہ ہلاکتیں ہوئیں۔ بتایا گیا ہے کہ ہلاک شدگان میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ کریش ہونے والے طیارے میں ایک پائلٹ سمیت کل چار مسافر سوار تھے۔ ایوی ایشن حکام کے مطابق اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

[pullquote]ویت نام کے ’پہلے وزیر اعظم‘ انتقال کر گئے[/pullquote]

ویت نام کے سابق وزیر اعظم فین وان کائی ہفتے کے دن انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر چوراسی برس تھی۔ سن انیس سو ستانوے تا دو ہزار چھ تک اپنے دور اقتدار میں انہوں نے ملک کو اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہیں جدید ویت نام کا ’بانی‘ بھی قرار دیا جاتا ہے۔ ویت نام جنگ کے خاتمے کے بعد وہ پہلے ملکی رہنما تھے، جنہوں نے امریکا کا دورہ کیا تھا۔ ان کے انتقال پر عالمی سطح پر افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے