بدھ : 28 مارچ 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ٹرمپ نے لائبیریا کے مہاجرین کو امریکا میں دیا جانے والا تحفظ ختم کر دیا[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ملک میں رہائش پذیر لائبیریا کے ہزاروں شہریوں کو بطور مہاجر دیا جانے والا تحفظ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق لائبیریا میں مسلح تنازعہ ختم ہو چکا ہے اور اس ملک نے استحکام اور جمہوری نظام کی بحالی کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ اس طرح لائبیریا کے ان شہریوں کو امریکا چھوڑنے کے لیے ایک سال کا وقت دیا گیا ہے۔ اس مغربی افریقی ملک میں 1989ء سے 2003ء کے دوران جاری خانہ جنگی کی وجہ سے ڈھائی لاکھ افراد مارے گئے تھے۔ لائبیریا کا شمار دنیا کے غریب ترین ممالک میں ہوتا ہے۔

[pullquote]جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کیا جا سکتا ہے، اُن[/pullquote]

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کی بات کی ہے۔ چینی خبر رساں ادارے شنخوا کے مطابق اُن نے کہا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے مسئلے کو حل کیا جا سکتا ہے۔ اُن کے بقول اگر امریکا اور جنوبی کوریا پیونگ یانگ کی کوششوں اور خیر سگالی کا جواب دیتے ہوئے امن اور استحکام کے لیے اقدامات کریں تو یہ مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔ شمالی کوریائی رہنما نے مزید کہا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرنے پر بھی تیار ہیں۔ کم جونگ اُن کا دورہ چین اتوار سے شروع ہو کر بدھ کو اختتام پذیر ہوا۔

[pullquote]کوائف کا غیر قانونی استعمال : مارک زکر برگ امریکی کانگریس کے سامنے جوابدہ ہوں گے[/pullquote]

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کوائف کی چوری کے واقعات کے تناظر میں امریکی کانگریس میں بیان دینے پر تیار ہیں۔ خبر رساں ادارے بلوم برگ نے بتایا کہ زکر برگ ایوان نمائندگان کی توانائی اور تجارتی کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر اس اسکینڈل کے بارے میں اپنا موقف بیان کریں گے۔ پچاس ملین سے زائد صارفین کے کوائف کے غیر قانونی استعمال کے حوالے سے فیس بک کو امریکا اور یورپ میں شدید دباؤ کا سامنا ہے۔ اس سلسلے میں یورپی کمیشن نے بھی فیس بک سے وضاحت طلب کی ہے۔

[pullquote]فرانس: سامیت دشمنی کا نشانہ بننے والی خاتون کی یاد میں ’خاموش مظاہرہ‘[/pullquote]

فرانس میں سامیت دشمنی کا نشانہ بننے والی ایک خاتون کی یاد میں آج بدھ کو ایک مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق متعدد سیاسی رہنما بھی اس ’خاموش احتجاج‘ میں شریک ہوں گے۔ پچاسی سالہ میریئے نو کو جمعے کے روز قتل کیا گیا تھا۔ فرانسیسی وزیر داخلہ ژیرار کولومب کے بقول خوفناک بات یہ ہے کہ ایک حملہ آور نے کہا تھا کہ یہ خاتون یہودی ہے اور اس کے پاس پیسے ضرور ہوں گے۔ میریئے نو کو قتل کرنے کے بعد ان کی لاش کو آگ لگا دی گئی تھی۔ پولیس نے دو افراد کو حراست میں لیا ہوا ہے۔

[pullquote]برطانیہ نے سکرپل معاملے پر خفیہ معلومات اتحادیوں کو فراہم کر دیں[/pullquote]

برطانیہ نے اپنے اتحادیوں کو سابق روسی جاسوس سیرگئی سکرپل اور ان کی بیٹی پر زہریلی گیس کے حملے سے متعلق اہم تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔ ایک اعلٰی برطانوی اہلکار کے مطابق اتحادی ممالک کو اس طرح کی خفیہ معلومات فراہم کرنے کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔ ذرائع کے مطابق ان معلومات کی بنیاد پر ہی پچیس سے زائد ممالک نے تقریباﹰ ڈیڑھ سو روسی سفارت کاروں کو بے دخل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ روس اس واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کرتا ہے۔ روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے سفارت کاروں کی بے دخلی کو ایک’ معاندانہ کارروائی‘ سے تعبیر کیا ہے۔

[pullquote]ون ماینٹ میانمار کے دسویں صدر منتخب[/pullquote]

میانمار کی پارلیمان نے آج بدھ کو وِن ماینٹ کو ملک کا نیا صدر منتخب کر لیا ہے۔ چھیاسٹھ سالہ ماینٹ کا شمار آنگ سان سوچی کے قابل بھروسا افراد میں ہوتا ہے۔ وہ اس سے قبل ایوان زیرین کے اسپیکر بھی رہ چکے ہیں۔ سابق سربراہ مملکت ہتین کیو نے اچانک اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ ماینٹ میانمار کے دسویں سربراہ مملکت ہیں۔

[pullquote]محمد بن سلمان اور گوٹیرش کی ملاقات[/pullquote]

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش سے ملاقات کی ہے۔ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے بتایا کہ محمد بن سلمان اور گوٹیرش کی منگل کو ہونے والی ملاقات انتہائی جامع اور مفید رہی۔ اس موقع پر یمن میں سعودی عسکری کارروائی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ محمد بن سلمان نے یمن میں انسانی بنیادوں پر جاری کارروائیوں میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے 930 ملین ڈالر مہیا کرنے کا اعلان بھی کیا۔

[pullquote]کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں ایک سال کی توسیع[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جمہوریہ کانگو میں اپنے امن دستوں کی تعیناتی میں ایک سال کی توسیع کر دی ہے۔ سلامتی کونسل کے مطابق تمام فریقین کے لیے قابل قبول انتخابات کے بغیر کانگو میں امن کا قیام ممکن نہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس ملک میں جاری بد امنی پورے خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ صدر جوزیف کابیلا کئی مرتبہ صدارتی انتخابات ملتوی کر چکے ہیں۔ مشرق کانگو میں متعدد باغی گروہ گزشتہ کئی برسوں سے لڑ رہے ہیں۔ کانگو مشن اقوام متحدہ کا سب سے مہنگا ترین آپریشن ہیں۔

[pullquote]میرکل اور ٹرمپ کی ٹیلی فون پر بات چیت[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے متعدد موضوعات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ برلن حکومت اور وائٹ ہاؤس کے مطابق اس دوران اضافی ڈیوٹی جیسے متنازعہ موضوع پر خاص طور پر گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ دونوں رہنما اس امر بھی متفق تھےکہ بین الاقوامی تجارتی نظام کے قواعد و ضوابط پر یورپی یونین اور امریکا کے مابین بنیادی مذاکرات ہونے چاہیں۔ دونوں سربراہان حکومت نے شمالی کوریا اور شامی تنازعے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر جرمنی اور امریکا نے قریبی تعاون برقرار رکھنے کی حامی بھی بھری۔

[pullquote]پوٹن ٹرمپ سے ملنے کے لیے تیار ہیں، کریملن[/pullquote]

روس سفارتی سطح پر کشیدگی کے باوجود امریکا کے ساتھ سربراہی اجلاس کے لیے تیار ہے۔ کریملن کے ترجمان دیمتری پیشکوف نے کہا کہ ولادی میر پوٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے مابین ملاقات کو ممکن بنانے کا دارومدار واشنگٹن پر ہے۔ ان کے بقول روس کو امریکا کے ساتھ کام کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں۔ ٹرمپ نے پوٹن کو روس کا دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں صدور کی جلد ملاقات ہو گی۔تاہم اس کے بعد سے امریکا اور روس کے باہمی روابط تناؤ کا شکار ہو چکے ہیں۔

[pullquote]یورپی کمیشن کی عسکری ضروریات کے مطابق پل اور سڑکوں کی تعمیر کی تجویز[/pullquote]

یورپی کمیشن چاہتا ہے کہ یورپی یونین کی رکن ریاستوں میں سڑکیں اور پُل اس طرح سے تعمیر کیے جائیں تاکہ فوجی ٹرانسپورٹ کوکوئی پریشانی نہ ہو۔ یورپی کمشنر برائے نقل و حمل ویولیٹا بَلک کے مطابق ہدف ہے کہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کی منصوبہ بندی کے دوران عسکری ضروریات کو مد نظر رکھا جائے۔ بلک کے بقول ساتھ ہی یورپی یونین کی داخلی سرحدی گزر گاہوں کو بھی آسان بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کا مقصد ٹیکس کی رقوم کو بہتر انداز اور سلامتی کے لیے خرچ کرنا ہے۔

[pullquote]اسرائیلی ایئر لائن کی ایئر انڈیا کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل[/pullquote]

اسرائیلی ہوائی کمپنی نے ملک کی عدالت عالیہ میں اپیل دائر کی ہے کہ نئی دہلی اور تل ابیب کے درمیان براہ راست پروازوں کے لیے سعودی فضائی حدود استعمال کرنے کے اجازت نامے کو منسوخ کیا جائے۔ اسرائیلی فضائی کمپنی ایل آل کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے اب تک اس کی پروازوں کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی اور یہ کہ ایل آل ایک غیر منصفانہ مقابلے کا شکار ہو رہی ہے۔ اسرائیل کی بھارتی شہر ممبئی کے لیے پروازوں کو سعودی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت نہ ہونے کے باعث یہ پروازیں سات گھنٹے میں اپنا سفر مکمل کرتی ہیں۔

[pullquote]ریاض حکومت سعودی طلبا کو اعلی تعلیم کے لیے وظائف دے گی[/pullquote]

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان نے اپنے ولی عہد محمد بن سلمان کی سفارش پر ملک سے باہر اعلی تعلیم کے لیے جانے والے نوجوانوں کو وظائف دینے کا اعلان کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملک سے باہر تعلیم حاصل کی غرض سے جانے والے سعودی طالب علموں کو ریاض حکومت دو ہزار ڈالر تک کے وظائف دے گی۔ سعودی میڈیا کے مطابق اس وقت ایک لاکھ کے قریب طلبا سرکاری اخراجات پر ملک سے باہر تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ سن 2014 میں یہ تعداد دو لاکھ تھی۔

[pullquote]ہنگری میں مہاجر مخالف اسلحہ ڈیلر گرفتار[/pullquote]

جرمنی کی درخواست پر ہنگری میں مہاجرین مخالف ہتھیاروں کے ایک تاجر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بوڈاپیسٹ حکام نے بتایا کہ اس مشتبہ ڈیلر نے ایک آن لائن دکان بنا رکھی تھی، جہاں سے یہ مہاجرین کے خلاف ’دفاع‘ کے نام سے ہتھیار فروخت کرتا تھا۔ انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے اس 35 سالہ ملزم کا نام ماریو آر بتایا گیا ہے۔ یہ شخص جرمنی سے فرار ہو کر ہنگری پہنچا تھا۔ مقامی ذرائع کے مطابق ملزم انتہائی دائیں بازو کے مواد پر مبنی دو ویب سائٹس بھی چلا رہا تھا۔

[pullquote]یوگنڈا میں جادوگری کی تشہیر، 23 ریڈیو اسٹیشن بند[/pullquote]

یوگنڈا میں جادو ٹونے کی تشہیر کرنے والے تیئیس ریڈیو اسٹیشنز کو بند کر دیا گیا ہے۔ ملکی مواصلاتی ادارے کی ترجمان پامیلا انکندا نے بتایا کہ یہ ریڈیو اسٹیشنز جادوگری کے ذریعے ایڈز اور سرطان جیسے امراض کا علاج کرنے کا دعوی کرتے ہوئے عوام سے رقم بٹورنے میں مصروف تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے لائسنس بھی اس وقت تک منسوخ کر دیے ہیں جبکہ ان کی جانب سے براڈکاسٹنگ کے معیار کو بہتر نہیں بنایا جاتا۔ یوگنڈا میں مختلف مذہبی رہنماؤں کی جانب سے خود کو پیغمبر قرار دینا عام سی بات ہے۔

[pullquote]افغانستان، مسلح افراد کی فائرنگ سے چار افراد ہلاک[/pullquote]

افغان صوبے ننگر ہار میں ایک جنازے میں عسکریت پسندوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ضلعی پولیس کے سربراہ سمیت دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ننگر ہار صوبے کے گورنر کے نائب ترجمان نور احمد حبیبی کا کہنا ہے کہ بدھ کی دوپہر ہوئے اس حملے میں چار شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔ حبیبی کے مطابق خیوہ ضلع کے پولیس چیف مطیع اللہ صفی ایک فوجی کے جنازے میں شرکت کرنے آئے تھے، جب انہیں نامعلوم مسلح افراد نے ہلاک کر دیا۔ ابھی تک کسی شدت پسند گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]جرمنی کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن بننے کی کوشش[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غیر مستقل نشست کے حصول کی خاطر آج بدھ کو نیو یارک پہنچ رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ہائیکو ماس اس مقصد کے لیے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش اور امریکی سفیر نکی ہیلی سے ملاقات کریں گے۔ امریکا، روس، چین، فرانس اور برطانیہ سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان ہیں جبکہ ہر دو سال کے لیے دس غیر مستقل ارکان کو منتخب کیا جاتا ہے۔ جرمنی آخری مرتبہ2011ء اور 2012ء میں سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن بنا تھا۔

[pullquote]یورپی یونین کی ایران پر نئی پابندیوں کی تجویز[/pullquote]

یورپی یونین کے سفارتکاروں نے فرانس، جرمنی اور برطانیہ کی جانب سے پیش کردہ ایک تجویز کے تناظر میں ایران پر نئی ممکنہ پابندیاں عائد کرنے پر بات چیت کی ہے۔ یورپی یونین کے سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ ان پابندیوں کے نفاذ کے حوالے سے فیصلہ آئندہ ماہ ہونے والی یورپی یونین وزرائے خارجہ کی ملاقات میں کیا جا سکتا ہے۔ روئٹرز کے مطابق جرمنی، فرانس اور برطانیہ نے ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام اور شام کی جنگ میں ایران کے کردار کے تناظر میں نئی پابندیوں کی تجویز دی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے