ہفتہ : 07 اپریل کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]مشرقی غوطہ میں فضائی حملے، ہلاکتوں کی تعداد 40 ہو گئی[/pullquote]

شامی شہر مشرقی غوطہ میں جمعے کے روز کی گئی فضائی بمباری کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد چالیس ہو گئی ہے۔ شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق مشرقی غوطہ کے علاقے دوما میں شدید ترین بمباری کی جا رہی ہے۔ دمشق کے نواح میں واقع باغیوں کا یہ آخری مضبوط گڑھ ہے۔ آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق اس علاقے میں فضائی حملوں کے علاوہ بھاری توپ خانے کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے جب کہ اس آپریشن میں شام کی زمینی فورسز بھی پیش پیش ہیں۔ آبزرویٹری کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے میں عام شہریوں کو شدید نوعیت کے مسائل درپیش ہیں۔

[pullquote]اسرائیلی فائرنگ سے ہلاک ہونے والا صحافی غزہ میں دفن[/pullquote]

اسرائیلی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے معروف فلسطینی صحافی یاسر مرتضیٰ کو غزہ میں دفن کر دیا گیا ہے۔ مرتضیٰ کے نماز جنازہ میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ سمیت سینکڑوں فسلطینیوں نے شرکت کی۔ مرتضیٰ گزشتہ روز اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینی مظاہرین کے خلاف فائرنگ کے ایک واقعے میں زخمی ہو گئے تھے، تاہم بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ غزہ میں اسرائیل مخالف مظاہروں کے جواب میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ کے واقعات میں گزشتہ روز نو افراد مارے گئے تھے۔

[pullquote]سلمان خان ضمانت پر رہا[/pullquote]

بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کو ریاست راجھستان کی ایک عدالت نے ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ غیرقانونی شکار کا الزام ثابت ہو جانے پر سلمان خان کو عدالت نے پانچ برس قید کی سزا سنائی تھی اور دو روز قبل انہیں جیل منتقل کیا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے تناظر میں کچھ کاغذی کارروائی مکمل کر کے سلمان خان کو رہا کر دیا جائے گا۔ ایک عدالت نے 52 سالہ سلمان خان کو سن 1998 میں بقا کے خطرے سے دوچار سیاہ پشت والے ہرن کو شکار کرنے کے جرم میں سزا سنائی تھی۔

[pullquote]روسی صدر کے قریبی رفقا کے خلاف امریکی پابندیاں[/pullquote]

امریکا نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے انتہائی قریبی تعلق رکھنے والے چند روسی شہریوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ روس سے تعلق رکھنے والے سات انتہائی اہم کاروباری شخصیات کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ ان افراد میں صنعتی ادارے میٹلز میگنیٹ سے تعلق رکھنے والے الیگ دیریپاسکا اور سرکاری گیس کمپنی گیس پروم کے ڈائریکٹر ایلیکسی مِلر بھی شامل ہیں۔

[pullquote]افغان فضائی حملے میں داعش کا کمانڈر ہلاک[/pullquote]

افغان سکیورٹی فورسز نے دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے ایک اہم کمانڈر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ہفتے کے روز افغان فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہا شمالی صوبے جوزجان کے ضلع درزاب میں جمعرات کو ایک فضائی حملے میں قاری حکمت مارا گیا۔ قاری حکمت نے طالبان سے الگ ہو کر افغانستان میں اسلامک اسٹیٹ کی بنیاد رکھی تھی۔ حالیہ کچھ عرصے میں افغانستان میں اسلامک اسٹیٹ کے دہشت گردانہ حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

[pullquote]کینیڈا میں بس حادثہ، کم از کم 14 افراد ہلاک[/pullquote]

میڈیا رپورٹوں کے مطابق کینیڈا کی جونیئر آئس ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی بس کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں کم از کم 14 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے جمعے کے دن رونما ہونے والے اس واقعے کی تصدیق کی گئی ہے، تاہم ہلاکتوں کی تعداد نہیں بتائی گئی ہے۔ پولیس بیان کے مطابق مسافر بس اور مال بردار ٹرک کے درمیان تصادم میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، تاہم اس حوالے سے حتمی معلومات محدود ہیں۔

[pullquote]پاپوا نیوگنی میں زلزلہ[/pullquote]

پاپوا نیوگنی میں ہفتے کے روز زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ تین تھی۔ فی الحال اس زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ اس علاقے میں قریب دو ماہ قبل سات اعشاریہ پانچ کی شدت کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ہفتے کے روز آنے والا یہ زلزلہ پاپوا نیوگنی کے شمال مغربی صوبے اینگا کے علاقے پورگیرا سے 82 کلومیٹر دور 47 کلومیٹر گہرائی میں آیا۔

[pullquote]بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں باغیوں کے ہاتھوں مبینہ طور پر دو افراد ہلاک[/pullquote]

بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں مبینہ طور پر باغیوں نے دو مکانات پر حملہ کر کے دو افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ بھارتی پولیس کے مطابق کشمیر کے علاقے حاجن میں ان میں سے ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا جب کہ دوسرے کا سر قلم کر دیا گیا۔ اس علاقے کے رہائشیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد بھارتی فورسز کے مخبر تھے۔ بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مظاہرین کی ہلاکت کے واقعات تو عام ہیں، تاہم اس طرز کا یہ غیرمعمولی واقعہ دیکھا گیا ہے۔

[pullquote]ٹرمپ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کی میزبانی کریں گے[/pullquote]

وائٹ ہاؤس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زید النہیان کی میزبانی کریں گے۔ بیان میں تاہم یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ اماراتی ولی عہد کب امریکا آنے والے ہیں۔ اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ ٹرمپ قطری امیر تمیم بن حماد الثانی سے دس اپریل کو ملاقات کرنے والے ہیں۔ اس ملاقات کا مقصد خلیجی ممالک اور قطر کے درمیان موجود کشیدگی ختم کرانا ہے۔ بحرین، مصر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے گزشتہ برس جون سے قطر کے ساتھ تمام طرح کے رابطے منقطع کر رکھے ہیں۔

[pullquote]سعودی ولی عہد کی ہسپانوی بادشاہ سے ملاقات[/pullquote]

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان منگل کو میڈرڈ میں ہسپانوی بادشاہ فلیپے ششم سے ملاقات کریں گے۔ امریکا، برطانیہ اور مصر میں کئی ہفتے گزارنے کے بعد محمد بن سلمان فرانس اور اسپین پہنچ رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ محمد بن سلمان دو اعشاریہ چار ارب ڈالر کے پانچ جنگی بحری جہاز خریدنے کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔

[pullquote]پاکستان بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی کے لیے پرعزم[/pullquote]

پاکستان میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز اور اس سے قبل پاکستان سپرلیگ کے فائنل کے انعقاد کے بعد کہا جا رہا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ دوبارہ پاکستان لوٹ رہی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ اگلے برس پی ایس ایل کے زیادہ میچیز پاکستان میں منعقد کروائے جائیں گے اور اس وقت تک دنیا کے تمام کرکٹرز کو پاکستان آنے اور کھیلنے کے لیے راغب کر لیا جائے گا۔

[pullquote]جرمنی میں ایک کار راہگیروں پر چڑھ گئی، متعدد افراد ہلاک یا زخمی[/pullquote]

جرمن شہر میونسٹر میں ایک کار راہ گیروں پر چڑھ گئی، جس کی وجہ سے متعدد افراد ہلاک یا زخمی ہو گئے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے جرمن جریدے اشپیگل آن لائن کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہفتے کی شام پیش آنے والے اس واقعے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔ پولیس کے مطابق حقائق جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

[pullquote]اسپین جمہوریت اور بین الاقوامی معاہدوں کا احترام کرے، کاتلان علیحدگی پسند رہنما[/pullquote]

کاتالونیا کے علیحدگی پسند رہنما کارلیس پوج ڈیمونٹ نے ہسپانوی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ سیاسی قیدیوں کو رہا کر کے ’جمہوریت اور بین الاقوامی معاہدوں‘ کا احترام کرے۔ ہفتے کے روز برلن میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میڈرڈ کو کاتالونیا کے ساتھ ’مذاکرات اور ثالثی‘ کا نیا سلسلہ شروع کرنا چاہیے۔ اسپین کے نیم خود مختار علاقے کاتالونیا کے سابق صدر نے یہ بیان ایک ایسے وقت پر دیا ہے، جب جرمنی کی ایک عدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔ کاتالونیا میں علیحدگی اور آزادی کی تحریک چلانے پر پوج ڈیمونٹ پر بغاوت کے الزامات عائد ہیں جبکہ میڈرڈ حکومت نے ان کے یورپی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر رکھے ہیں۔

[pullquote]حلب میں دھماکا، چار بچوں سمیت آٹھ افراد ہلاک[/pullquote]

شامی صوبے حلب میں ایک بم دھماکے کے نتیجے میں کم ازکم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ الباب نامی شہر میں واقع جامعہ مسجد کے نزدیک ہوئے اس دھماکے میں مارے جانے والے افراد میں چار بچے بھی شامل ہیں۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا ہے کہ باغیوں کے زیر قبضہ اس علاقے میں یہ تازہ کارروائی ہفتے کے دن کی گئی۔ اس علاقے میں باغیوں اور شامی فورسز کے مابین جھڑپیں جاری ہیں۔

[pullquote]ترکی نے تقریباﹰ چھ سو افغان مہاجرین ملک بدر کر دیے[/pullquote]

ترک حکام نے ہفتے کے روز بتایا کہ تقریباﹰ چھ سو غیر قانونی افغان مہاجرین کو واپس افغانستان بھیجنا شروع کر دیا گیا ہے۔ ترک وزارت داخلہ کے مطابق ان افغان مہاجرین کو متعلقہ صوبائی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ ہفتے اور اتوار کے دن خصوصی پروازوں کے ذریعے انہیں واپس کابل بھیج دیا جائے گا۔ انسانی حقوق کے سرگرم کارکنان نے اس حکومتی فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کے مطابق افغانستان میں سلامتی کی صورتحال نازک ہے، اس لیے افغان مہاجرین کو ملک بدر نہیں کیا جانا چاہیے۔

[pullquote]کینیڈا کی جونیئر ہاکی ٹیم کی بس کو حادثہ، چودہ ہلاکتوں کی تصدیق[/pullquote]

کینیڈا کی جونیئر ہاکی ٹیم کی بس کو پیش آنے والے ایک حادثے کے نتیجے میں چودہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس نے ہفتے کے روز ان ہلاکتوں کے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تاحال یہ واضح نہیں کہ اس حادثے میں ہلاک ہونے والے کھلاڑی ہیں یا دیگر مسافر۔ بتایا گیا ہے کہ اس بس میں کھلاڑیوں سمیت کل اٹھائیس افراد سوار تھے۔ جمعے کو صوبے ساسکیچوان میں یہ حادثہ اس وقت پیش آیا، جب ایک ٹرک اس بس سے ٹکڑا گیا تھا۔ اس حادثے پر کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]لندن میں روسی مندوب کی برطانوی وزیرخارجہ سے ملاقات کی درخواست[/pullquote]

برطانیہ میں تعینات روسی سفیر نے وزیرخارجہ بورس جانس سے ملاقات کی درخواست کی ہے۔ روسی سفارت خانے کی جانب سے ہفتے کے روز بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود کشیدگی اور سیلسبری واقعے کی تفتیش کے حوالے سے بات چیت کے لیے روسی سفیر نے برطانوی وزیرخارجہ سے ملاقات کی درخواست کی ہے۔ برطانوی علاقے سیلسبری میں سابقہ روسی ڈبل ایجنٹ سیرگئی اسکرپل اور ان کی بیٹی پر ہونے والے کیمیائی حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات نہایت کشیدہ ہیں۔ برطانیہ نے اس حملے کا الزام روس پر عائد کیا تھا، تاہم ماسکو حکومت اس الزام کو مسترد کرتی ہے۔

[pullquote]یمنی ہوائی اڈہ دو روز کی بندش کے بعد دوبارہ کھل گیا[/pullquote]

[pullquote]
یمن کا سیئون کا ہوائی اڈہ دو روز تک بند رہنے کے بعد جمعے کو دوبارہ کھل گیا ہے۔ اس ہوائی اڈے کے ملازمین نے تنخواہیں نہ ملنے پر ہڑتال کر دی تھی۔ ٹریڈ یونین کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ ایئرپورٹ انتظامیہ کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے بعد تمام ملازمین اپنے اپنے کاموں پر لوٹ چکے ہیں اور ہوائی اڈے نے کام دوبارہ شروع کر دیا ہے۔ یمن کے مشرق میں واقع یہ ہوائی اڈہ یمن میں اس وقت فعال دو ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے۔ اس ہوائی اڈے کے علاوہ صرف عدن کا ایئرپورٹ عام پروازوں کے لیے کھلا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے