منگل : 10 اپریل 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ٹرمپ کے وکیل کے گھر اور دفتر پر ایف بی آئی کے چھاپے[/pullquote]

امریکا کے وفاقی تفتیشی ادارے’ایف بی آئی‘ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وکیل مائیکل کوہن کے دفتر اور گھر کی تلاشی لی ہے۔ تفتیشی حلقوں کے مطابق یہ چھاپے فحش فلموں کی اداکارہ سٹورمی ڈینیئلز کو ادا کیے جانے والے ایک لاکھ تیس ہزار ڈالر کے حوالے سے مارے گئے ہیں۔ کوہن نے اس اداکارہ کو یہ پیسے خود اپنی جیب سے ادا کیے تھے۔ ڈینیئلز کا کہنا ہے کہ انہیں ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنے جنسی روابط پر خاموشی اختیار کرنے کے لیے یہ رقم دی گئی تھی۔ امریکی صدر نے کوہن کے دفتر اور گھر پر چھاپوں پر شدید تنقید کی ہے۔

[pullquote]امریکا کسی فوجی کارروائی سے باز رہے، روس کا انتباہ[/pullquote]

روس نے امریکا کو شامی باغیوں پر مبینہ کیمیائی حملے پر رد عمل سے خبردار کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں روسی سفیر واسیلی نیبینسیا کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کو بتا دیا گیا ہے کہ امریکی فوجیوں کی کسی بھی کارروائی کے شدید نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں امریکی سفیر نیکی ہیلی نے کہا کہ ماسکو کے ہاتھ شامی بچوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ ہیلی کے بقول صورتحال انتہائی خطرناک موڑ پر پہنچ چکی ہے۔ ہفتے کو شامی شہر دوما میں مبینہ کیمیائی حملے میں ڈیڑھ سو افراد کے ہلاک اور ایک ہزار سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

[pullquote]سیرگئی سکرپل کی بیٹی ژولیا ہسپتال سے فارغ، اسکائی نیوز[/pullquote]

سابق روسی جاسوس سیرگئی سکرپل کی بیٹی ژولیا سکرپل کو ہسپتال سے رخصت کر دیا گیا ہے۔ ژولیا کی صحت یابی کی یہ خبر اسکائی نیوز نے آج منگل کی صبح دی۔ تاہم یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وہ بدستور ڈاکٹروں کی نگرانی میں رہیں گی۔ گزشتہ ہفتے ہی ژولیا نے کہا تھا کہ روز بہ روز ان کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے۔ ژولیا اور ان کے والد سکرپل پر چار مارچ کو برطانوی علاقے سیلسبری میں کیمیائی مادے سے حملہ کیا گیا تھا۔ طبی ذرائع نے بتایا ہے کو اس دوران سیرگئی سکرپل بھی تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔

[pullquote]اقتصادی شعبے کو مزید ترقی دی جائے گی، شی جن پنگ[/pullquote]

چینی صدر شی جنگ پنگ نے ملکی اقتصادی شعبے میں مزید ترقی کے لیے نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ ہائینن میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شی نے کہا کہ گاڑیوں کی درآمدات پر عائد ٹیکس میں کمی کرنے، مزید منڈیوں تک رسائی اور سرمایہ کاری کے لیے بہتر اورآسان شرائط جیسی تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ ان کی جانب سے یہ اعلان امریکا کے ساتھ تجارتی محاذ آرائی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ تاہم چینی صدر نے یہ نہیں بتایا کہ ان ضوابط پر کب سے عمل درآمد شروع کیا جائے گا۔

[pullquote]شمالی کوریا کے وزیر خارجہ روس میں[/pullquote]

شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یونگ ہو نے روس کے ساتھ تعلقات میں مضبوطی پر زور دیا ہے۔ اپنے دورہ روس کے دوران آج منگل کو انہوں نے کہا کہ جزیرہ نما کوریا اور عالمی سیاسی حالات کے تناظر میں دونوں ممالک کے باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ ہو اپنے روسی ہم منصب سیرگئی لاوروف سے بھی ملاقات کر رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اس ملاقات میں شمالی کوریا کے جوہری اور میزائل منصوبوں کے ساتھ ساتھ پیونگ یانگ کے سیئول اور واشنگٹن کے ساتھ تعلقات میں تناؤ کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

[pullquote]شام میں مبینہ اسرائیلی فضائی حملے میں سات ایرانی بھی ہلاک ہوئے[/pullquote]

شامی ایئر بیس پر کیے گئے فضائی حملے میں ہلاک ہونے والے ایرانی فوجی اہلکاروں کی اصل تعداد سات ہے۔ ایرانی نیوز ایجنسی تسنیم نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے ان ساتوں ایرانیوں کی لاشیں شام سے واپس ایران پہنچا دی گئی ہیں۔ تہران کے مطابق ایرانی فوج کے یہ اہلکار شامی فوج کو عسکری تربیت اور مشاورت فراہم کرنے کے لیے شام بھیجے گئے تھے۔ اس سے قبل اس حملے میں چار ایرانی فوجیوں کی ہلاکت کا بتایا گیا تھا۔ شامی خانہ جنگی میں اب تک پاسداران انقلاب ایران کے ایک ہزار سے زائد اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]لبنان فضائی حدود کی خلاف ورزی کی باقاعدہ شکایت کرے گا[/pullquote]

لبنان اپنی فضائی حدود کی مبینہ خلاف ورزی پر اقوام متحدہ میں باقاعدہ شکایت کرے گا۔ لبنانی نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق بیروت حکومت شام پر اس حملے کی مذمت کرتی ہے اور اپنے اس مؤقف کی ایک مرتبہ پھر تجدید کرتی ہے کہ لبنانی فضائی حدود کو شام پر حملے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم اس بیان میں کہیں بھی اسرائیل کا نام نہیں لیا گیا۔ لبنانی فوج نے پیر کو کہا تھا کہ اسرائیلی فضائیہ کے چار طیاروں نے ملکی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔

[pullquote]جرمنی سے اطالوی شہری کی امریکا حوالگی یورپی قانون کی خلاف ورزی نہیں[/pullquote]

جرمنی سے ایک اطالوی شہری کی امریکا حوالگی یورپی قوانین کی خلاف ورزی نہیں ہے۔ لکسمبرگ میں یورپی عدالت کے مطابق جرمنی پر لازم نہیں ہے کہ وہ سپردگی کے حوالے سے یورپی شہریوں کو وہی تحفظ دے، جو بنیادی قانون کے تحت اس کے اپنے شہریوں کو حاصل ہے۔ اس پیش رفت کا تعلق مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے امریکا کو مطلوب ایک شہری سے ہے۔ اسے جرمنی میں گرفتار کرنے کے بعد ایک معاہدے کے تحت امریکا کے حوالے کیا گیا تھا۔ اس اطالوی شہری کا موقف تھا کہ جرمن بنیادی قانون کا اطلاق اس پر بھی ہوتا ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ کی لیبیا پر تنقید[/pullquote]

اقوام متحدہ نے لیبیا پر ہزاروں افراد کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھنے اور تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کے موضوع پر جاری رپورٹ کے مطابق اس کی ذمہ داری لیبیا میں مسلح تنظیموں اور گروہوں پر عائد ہوتی ہے، جن میں کچھ کے تانے بانے حکومت سے بھی ملتے ہیں۔ اندازوں کے مطابق لیبیا کی سرکاری جیلوں میں ساڑھے چھ ہزار قیدی ہیں جبکہ اسی طرح ہزاروں افراد وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کے ساتھ ساتھ مسلح گروہوں کی جانب سے قائم کیے گئے مراکز میں بند ہیں۔

[pullquote]مشرقی غوطہ میں مبینہ کیمیائی حملہ قابل مذمت ہے، جرمن چانسلر میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے شامی علاقے مشرقی غوطہ پر مبینہ کیمیائی حملے کی مذمت کی ہے۔ میرکل کے بقول بین الاقوامی سطح پر شدید ممانعت کے باوجود بھی کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال بہت ہی افسوسناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب اس تناظر سخت اور واضح اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر میرکل نے روس کی جانب سے مشرقی غوطہ میں کیمیائی حملے کی مشترکہ تفتیش کے مطالبے کو بنیادی طور پر مسترد نہیں کیا۔ ہفتے کو رونما ہونے والے اس واقعے میں کم از کم ڈیڑھ سو افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

[pullquote]مارک زکر برگ آج امریکی کانگرس میں پیش ہوں گے[/pullquote]

فیس بک کے بانی مارک زکر برگ ڈیٹا اسکینڈل کے تناظر میں آج منگل کو امریکی کانگریس کے سوالات کا جواب دیں گے۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر زکر برگ کوائف کے غیر قانونی استعمال کی ذمہ داری قبول کریں گے۔ اس سے قبل انہیں سینیٹ کی قانونی اور تجارتی کمیٹی میں ایک گواہ کے طور پر بھی مدعو کیا گیا تھا۔ بدھ کے روز زکر برگ کو ایوان نمائندگان کی توانائی اور تجارت کی کمیٹی نے بلایا ہے۔ سماجی رابطوں کی یہ ویب سائٹ برطانوی مشاورتی کمپنی کیمبرج انالیٹیکا کی جانب سے فیس بک کے لاکھوں صارفین کے کوائف کے غلط استعمال کی وجہ سے دباؤ کا شکار ہے۔

[pullquote]جرمنی میں ہڑتال، پلبک ٹرانسپورٹ بند، پروازیں منسوخ[/pullquote]

جرمنی میں آج پبلک سروس کے شعبے میں ہڑتال کی وجہ سے کئی سو پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ لیبر یونین ’ویرڈی‘ کے مطابق فرینکفرٹ، میونخ، کولن بون اور بریمن کے ہوائی اڈوں پر کام نہیں کیا جائے گا۔ اس صورتحال پر فضائی کمپنی لفتھانزا نے آٹھ سو سے زائد پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی صوبہ نارتھ رائن ویسٹ فیلیا اور باڈن وورٹمربگ کے متعدد شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند ہے۔ ویرڈی اس شعبے کے تقریباً تیئس لاکھ ملازمین کی تنخواہوں میں چھ فیصد اضافے کا مطالبہ کر رہی ہے۔

[pullquote]کولمبیا میں فارک رہنما کو گرفتار کر لیا گیا[/pullquote]

کولمبیا میں فارک کے سابق جنگجو رہنما ہیرنادیز سولارتے کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بگوٹا حکام نے بتایا ہے کہ امریکا نے نشاندہی کی تھی کہ سولارتے منشیات کے کاروبار میں ملوث ہیں، جس کے بعد انہیں حراست میں لیا گیا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے 320 ملین ڈالر سے زائد کی کوکین امریکا اسمگل کی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق کولمبیا میں امن معاہدے کے بعد سولارتے اس جرم کے مرتکب ہوئے ہیں۔ فارک باغیوں اور بگوٹا حکومت کے مابین 2016ء میں طے پانے والے امن معاہدے میں سولارتے نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ فارک نے اس گرفتاری کی مذمت کی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے