ہفتہ : 28 اپریل 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی امریکی صدر ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق وائٹ ہاؤس میں چانسلر میرکل کا خیر مقدم گرم جوشی سے کیا گیا تاہم یہ ابھی واضح نہیں کہ دونوں عالمی رہنماؤں کے درمیان کن اہم امور پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات کے بعد ایران کے ساتھ جوہری ڈیل اور امریکا کی جانب سے اسٹیل اور ایلومینیم کی مصنوعات پر محصولات کے حوالے سے چانسلر میرکل اور صدر ٹرمپ نے کسی قسم کے سمجھوتے کا کوئی اعلان نہیں کیا۔ اگر یورپی یونین اور امریکا کے درمیان تجارتی تنازعے میں اضافہ ہوتا ہے تویکم مئی سے ان درآمدات پر محصولات میں پچیس فیصد اضافہ ہو جائے گا۔

[pullquote]افغان صوبے ہلمند میں خودکش کار بم حملہ، چھ افراد ہلاک[/pullquote]

افغان حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی صوبے ہلمند میں ایک فوجی چھاؤنی کے قریب خود کش کار بم حملے میں کم سے کم چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ مرنے والوں میں چار عام شہری اوردو فوجی اہلکار شامل ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ یہ حملہ صوبے کے ضلعے ناد علی میں ہوا۔ اطلاعات ہیں کہ حملے میں سات افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ہلمند میں یہ تازہ کارروائی طالبان کے اُس اعلان کے چند ہی روز بعد ہوئی ہے جس میں انہوں نے اپنے سالانہ حملوں کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]شمالی کوریا پر پابندیاں برقرار رہیں گی، امریکی صدر[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ شمالی کوریا پر عائد اقتصادی پابندیاں بحال رکھیں گے۔ ٹرمپ کے مطابق وہ گزشتہ حکومتوں کی غلطیوں کو دہرانا نہیں چاہتے اور جب تک شمالی کوریا اپنے متنازعہ جوہری پروگرام کا مکمل طور پر خاتمہ نہیں کر دیتا ، یہ دباؤ برقرار رہے گا۔ گزشتہ روز شمالی اور جنوبی کوریا کے سربراہان کے مابین ایک تاریخی ملاقات میں یہ طے پایا تھا کہ اس منقسم جزیرہ نما کو جوہری ہتھیاروں سے بتدریج پاک کیا جائے گا اور قریب سات عشروں سے جاری جنگ کو ختم کیا جائے گا۔

[pullquote]جوہری ڈیل میں تبدیلی کا امریکی مطالبہ قبول نہیں، ایران[/pullquote]

ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ عالمی طاقتوں کے ساتھ طے پانے والی ایرانی جوہری ڈیل میں تبدیلی کا امریکی مطالبہ نا قابل قبول ہے۔ خیال رہے کہ صدر ٹرمپ نے انتباہ کیا ہے کہ اگر اُس کے یورپی اتحادیوں نے بارہ مئی تک ایرانی جوہری معاہدے میں پائی جانے والی ’خامیوں‘ کو دور نہ کیا تو ایران پر عائد پابندیوں میں کوئی نرمی نہیں کی جائے گی۔ نئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھی گزشتہ روز کہا تھا کہ ایران کے ساتھ کی جانے والی نیوکلئیر ڈیل میں موجود خامیوں کو درست کیا جانا لازمی ہے۔

[pullquote]بھارت اور چین کے مابین سرحد پر امن قائم رکھنے پر اتفاق[/pullquote]

بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کے تاریخی دورہ چین کے اختتام پر آج ہفتے کو دونوں ممالک نے اپنی مشترکہ سرحدوں میں کشیدگی کم کرتے ہوئے امن قائم رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم مودی نے چینی صدر شی جن پنگ سے غیر رسمی ملاقات کی اور دونوں رہنماؤں نے کئی ثقافتی مراکز کا دورہ بھی کیا۔ چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق شی جن پنگ نے کہا کہ دونوں ممالک کےقریبی تعلقات سے عالمی سطح پر اثر و رسوخ میں اضافہ ہو گا۔

[pullquote]
چین میں اسکول کے بچوں پر چاقو سے حملے میں نو بچے ہلاک[/pullquote]

چین میں ایک اٹھائیس سال شخص نے اپنے سابق اسکول میں نو بچوں کو چاقو سے وار کر کے ہلاک کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق اس حملے میں بارہ بچے شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ بارہ اور اٹھارہ سال کے درمیان کی عمروں کے بچے اسکول کے بعد گھر واپس جا رہے تھے جب اس شخص نے اُن پر حملہ کیا۔ پولیس نے حملہ آوار کو گرفتار کر لیا ہے۔ اسکول کے بچوں پر حملے کا محرک غالباﹰ نفرت ہو سکتا ہے۔ چین میں اگرچہ ہتھیار رکھنا غیر قانونی ہے تاہم ایسے حملوں کی خبریں آئے دن سننے میں آتی ہیں۔

[pullquote]اسرائیلی فوج کی فائرنگ، فلسطینی نوجوان ہلاک[/pullquote]

اسرائیل اور فلسطین کی سرحد کے قریب اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی نوجوان ہلاک ہو گیا ہے۔ فلسطین میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پندرہ سالہ عزم عبیدہ کی ہلاکت جمعہ اٹھائیس اپریل کو فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان جھڑپوں کے دوران ہوئی۔ حماس نے تیس مارچ سے ہر جمعے کے روز مظاہرے کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ ان مظاہروں میں اب تک پینتالیس فلسطینی ہلاک جبکہ ڈیڑھ ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

[pullquote]یمن میں فضائی حملے میں پچاس حوثی باغی ہلاک ہوئے، سعودی عرب کا دعوی[/pullquote]

سعودی عرب کے سرکاری میڈیا کے مطابق یمن میں بر سر پیکار شیعہ حوثی باغیوں پر سعودی عسکری اتحاد کے ایک فضائی حملے میں دو جنگجو کمانڈروں سمیت پچاس افراد ہلاک ہو گئے ہیں ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ حملہ اُس وقت ہوا جب اس عسکریت پسند گروپ کی ایک اہم میٹنگ جاری تھی۔ دوسری جانب حوثیوں کے ایک سیٹیلائٹ نیوز چینل المسیراح نے فضائی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں چند شہری زخمی ہوئے۔

[pullquote]آرمینیا میں سربراہ حکومت کے انتخاب سے قبل احتجاجی مظاہرے[/pullquote]

آرمینیا میں ملک کے نئے وزیر اعظم کے انتخاب سے کچھ روز قبل بڑے پیمانے پر مظاہرے ہو رہے ہیں۔ ملک کے قائم مقام وزیر اعظم کارن کاراپیتیان نے اپوزیشن رہنما نکول پاسچنجان کے ساتھ ملاقات کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس سبب اپوزیشن نے نئے احتجاجی مظاہروں کی دھمکی دی ہے۔ اگر منگل کے روز آرمینیا کی پارلیمان میں ملک کے نئے سربراہ کے انتخاب میں ناکامی ہوتی ہے تو پاسچنیان اپنے حماتیوں کو متحرک کر سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ حکومت مخالفین تیرہ اپریل سے ملک میں بد عنوانی اور غربت کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں۔

[pullquote]شمالی میانمار سے بھی ہزاروں افراد کی ہجرت[/pullquote]

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین ہفتوں میں میانمار سے مزید ہزاروں کاچینی افراد اپنے گھر بار چھوڑ کر فرار ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق میانمار کی شمالی ریاست کاچین سے اب تک چار ہزار کے قریب افراد ہجرت کر چکے ہیں۔ اس ہجرت کا سبب میانمار کی فوج اور باغیوں کی تنظیم ’کاچین انڈیپینڈنس آرمی‘ کے درمیان تازہ جھڑپیں بتایا گیا ہے۔ تاہم شمالی میانمار کی نسبت روہنگیا علاقوں والےمغربی حصے میں صورت حال اب بھی زیادہ ابتر ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے