منگل:یکم مئی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

مشرقی شام میں داعش کے خلاف کرد ملیشیا اتحاد کے نئے حملے

امریکا کی حمایت یافتہ شامی کرد فورسز نے مشرقی شام میں شدت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کے خلاف نئی عسکری کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ بیروت سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق اسد حکومت کے مخالف شامی کرد اور عرب ملیشیا گروپوں کے اتحاد سیریئن ڈیموکریٹک فورسز ایس ڈی ایف نے اعلان کیا ہے کہ مشرقی شام میں داعش کے زیر قبضہ آخری علاقوں پر قبضے کے لیے لڑائی شروع ہو گئی ہے۔ ایس ڈی ایف نامی اس ملیشیا اتحاد نے ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف اپنی لڑائی اس وقت روک دی تھی، جب جنوری میں ترک فوجی دستوں نے عفرین میں انہی کرد فورسز کے خلاف اپنی عسکری مہم شروع کی تھی۔

امریکا میں اسرائیلی بیلسٹک میزائل کا تجربہ ملتوی

اسرائیل کے ’ایرو تھری‘ نامی بیلسٹک میزائل کا ایک مجوزہ تجربہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اسرائیلی وزارت دفاع کے مطابق یہ تجربہ امریکا میں کیا جانا تھا اور اسے اس میزائل کی تیاری میں بہتری کے پیش نظر ملتوی کیا گیا۔ یہ میزائل طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے تعاون سے تیار کیا جاتا ہے۔ قبل ازیں امریکی اور اسرائیلی حکام نے کہا تھا کہ اس میزائل کا ایک ’لائیو ٹیسٹ‘ اس سال موسم گرما میں امریکی ریاست الاسکا میں کیا جانا تھا۔ اس تجربے کے لیے کسی نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

ایران کی طرف سے جوہری ڈیل کی خلاف ورزی کا کوئی ثبوت نہیں، موگیرینی

یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیدیریکا موگیرینی نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم ابھی تک اپنے ان الزامات کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے کہ ایران عالمی طاقتوں کے ساتھ اپنے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے۔ موگیرینی نے کہا کہ تہران جوہری ہتھیاروں سے متعلق اپنا پروگرام ترک کر چکا ہے اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی طرف سے معائنوں کی صورت میں خود پر عائد ہونے والی ذمے داریاں بھی پوری کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی توانائی کا عالمی ادارہ اپنی ایسی کئی رپورٹیں جاری کر چکا ہے، جن کے مطابق ایران جوہری ڈیل کے تمام حصوں پر پوری طرح عمل درآمد کر رہا ہے۔

میانمار کی فوج خونریزی بند کرے، اقوام متحدہ کی اہلکار کا مطالبہ

اقوام متحدہ کی ایک اعلیٰ اہلکار نے مطالبہ کیا ہے کہ میانمار کی ریاست کاچین میں خونریزی اور ملکی فوج کی طرف سے شہریوں کے خلاف طاقت کے بےجا استعمال کا سلسلہ بند کرے۔ میانمار میں انسانی حقوق سے متعلق عالمی ادارے کی نمائندہ خصوصی یانگ ہی لی نے منگل کے روز کہا کہ میانمار کی فوج چین کے ساتھ سرحد کے قریب ریاست کاچین میں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کا سبب بن رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کاچین کے شہری علاقوں میں ملکی مسلح افواج کی طرف سے فضائی حملوں، توپ خانے سے گولہ باری اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال فوراﹰ بند کیا جانا چاہیے۔

افغانستان میں دس صحافیوں کی ہلاکت کی دنیا بھر میں مذمت

افغانستان میں کیے جانے والے خود کش بم حملوں میں مجموعی طور پر دس صحافیوں کی ہلاکت کی دنیا بھر میں شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ اقوام متحدہ نے ان ہلاکتوں کو میڈیا کو دانستہ طور پر نشانہ بنانے کی ایک ’ہلاکت خیز اور قابل مذمت کوشش‘ قرار دیا ہے۔ افغان دارالحکومت کابل میں کل پیر کے روز دو خود کش بم دھماکوں میں پچیس افراد ہلاک ہو گئے تھے، جن میں کم از کم نو صحافی بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کا ایک رپورٹر مشرقی صوبے کنڑ میں کیے جانے والے ایک علیحدہ حملے میں مارا گیا تھا۔

سری لنکن حکومت میں داخلی کھچاؤ، برطرف شدہ وزیر انصاف بحال

سری لنکا کے صدر سیری سینا نے نو ماہ قبل برطرف کیے گئے وزیر انصاف ویجیاداسا راجاپاکشے کو ان کے سابقہ منصب پر بحال کر دیا ہے۔ راجاپاکشے کو اس وقت برطرف کیا گیا تھا، جب انہوں نے ایک بندرگاہ ٹھیکے پر چین کے حوالے کیے جانے کے اربوں ڈالر کے معاہدے پر سرعام شدید تنقید کی تھی۔ ماہرین کے مطابق کولمبو حکومت میں ابھی تک داخلی تناؤ پایا جاتا ہے۔ سری لنکا میں گزشتہ ماہ چھ حکومتی وزراء نے استعفے بھی دے دیے تھے۔ راجاپاکشے کو اب وزیر انصاف کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیم اور ثقافت کا وزیر بھی بنا دیا گیا ہے۔

پورنو سٹار ڈینیئلز کا صدر ٹرمپ کے خلاف ہتکِ عزت کا قانونی دعویٰ

فحش فلموں کی امریکی اداکارہ سٹورمی ڈینیئلز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ہتکِ عزت کا ایک مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ ڈینیئلز کے مطابق ان کی طرف سے اس قانونی دعوے کی وجہ صدر ٹرمپ کی دو ہفتے پہلے کی وہ ٹویٹ بنی، جس میں انہوں نے مبینہ طور پر ڈینیئلز پر غلط الزامات عائد کیے تھے۔ ٹرمپ نے اس ٹویٹ میں اسٹیفنی کلفورڈ نامی ایک خاتون کا ذکر کیا تھا، جو دراصل سٹورمی ڈینیئلز کا اصلی نام ہے۔ ڈینیئلز کا یہ دعویٰ بھی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا ان کے ساتھ بارہ برس تک معاشقہ رہا تھا۔

ترکی سے یورپ پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد میں دوبارہ اضافہ

یورپی یونین کی سرحدی حفاظتی ایجنسی فرنٹیکس کے مطابق ترکی سے یورپی یونین پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد میں دوبارہ اضافہ ہوا ہے۔ فرنٹیکس کے ڈائریکٹر فابریس لیگیری نے جرمن اخبار ’بِلڈ‘ کو بتایا کہ گزشتہ چار سے پانچ ہفتوں کے دوران ترکی سے یونان کے مختلف جزائر تک پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد میں سترہ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ایران، عراق اور شام سے ترکی پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد بھی دوبارہ زیادہ ہو چکی ہے۔ ترکی سے یونان پہنچنے والے ان مہاجرین میں سے چالیس فیصد تارکین وطن کے پورے کے پورے خاندان تھے۔

یورپی یونین سے درآمدات پر اضافی محصولات، ٹرمپ نے فیصلہ مؤخر کر دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین سے المونیم اور فولاد کی مصنوعات کی درآمدات پر اضافی محصولات عائد کرنے کا اپنا فیصلہ یکم جون تک کے لیے مؤخر کر دیا ہے۔ واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس نے اس امر کی تصدیق کر دی کہ یورپی یونین سے ایسی درآمدات پر محصولات عائد کیے جانے سے اب تک مؤثر استثنیٰ میں فی الحال توسیع کر دی گئی ہے۔ اس استثنیٰ کی مدت تیس اپریل اور یکم مئی کی درمیانی رات پوری ہونا تھی، جس کے پورا ہونے سے محض چند گھنٹے قبل صدر ٹرمپ نے اس میں ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ یورپی یونین کے ساتھ ساتھ امریکا کی ہمسایہ ریاستوں کینیڈا اور میکسیکو سے ایسی درآمدات پر محصولات کے حوالے سے استثنیٰ کی مدت میں بھی توسیع کر دی گئی ہے۔

بچوں سے جنسی زیادتی، پوپ کے معتمد کارڈینل پر مقدمہ چلے گا

ویٹیکن میں اب تک مالیاتی امور کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دینے والے کارڈینل جارج پَیل کو اپنے وطن آسٹریلیا میں بچوں سے جنسی زیادتی کے الزامات کے تحت ایک عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔ میلبورن کی ایک عدالت نے کئی ماہ تک ان الزامات کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا کہ اس وقت 76 سالہ کارڈینل پَیل کے خلاف باقاعدہ مقدمہ چلایا جانا چاہیے۔ پاپائے روم کے قریبی معتمد اور ویٹیکن کے چھٹی پر بھیج دیے گئے مالیاتی امور کے سربراہ کے طور پر جارج پَیل کلیسائے روم کے اب تک کے وہ اعلیٰ ترین عہدیدار ہیں، جنہیں اپنے خلاف بچوں سے جنسی زیادتیوں کے الزامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان پر الزام ہے کہ وہ ایک نوجوان پادری اور پھر آرچ بشپ کے طور پر بھی ایسے مبینہ جرائم کے مرتکب ہوئے تھے۔

ایران میں چیٹ ایپلیکیشن ’ٹیلیگرام‘ پر فوری پابندی عائد کر دی گئی

ایرانی حکومت نے آن لائن چیٹنگ ایپلیکیشن ’ٹیلیگرام‘ پر فوری طور پر ملک گیر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ بات ایرانی نیوز ایجنسی تسنیم نے بتائی۔ ایران میں ’ٹیلیگرام‘ ایک بہت مقبول آن لائن ایپلیکیشن ہے، جس پر پابندی کی وجوہات کی وضاحت کرتے ہوئے تہران میں ملکی دفتر استغاثہ کے ایک ترجمان نے اس ایپ کے خلاف درج کئی قانونی شکایات کا حوالہ دیا۔ تہران حکومت کے ناقدین کے مطابق اس پابندی کی اصل وجہ یہ ہے کہ گزشتہ برس کے آخری اور اس سال کے ابتدائی دنوں کے دوران حکومت کے خلاف پرتشدد ہو جانے والے احتجاجی مظاہروں کو منظم کرنے کے لیے یہی ایپ استعمال کی گئی تھی۔ چالیس ملین سے زائد ایرانی باشندے یہ ایپ استعمال کرتے ہیں۔

ایرانی ایٹمی پروگرام: تہران نے اسرائیلی الزامات مسترد کر دیے

ایران نے اپنے مبینہ طور پر خفیہ ایٹمی پروگرام سے متعلق اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے تازہ ترین الزامات مسترد کر دیے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ نیتن یاہو کے یہ الزامات وہی پرانے دعوے ہیں، جن کا بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی پہلے ہی جائزہ لے چکی ہے۔ اس سلسلے میں اسرائیلی وزیر اعظم نے صحافیوں کے سامنے ایران پر الزامات لگاتے ہوئے ان ہزاروں مبینہ خفیہ ایرانی دستاویزات کا حوالہ دیا تھا، جو ان کے بقول اسرائیلی انٹیلیجنس اپنے قبضے میں لے چکی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ کے بقول نیتن یاہو کے ان الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔

وٹس ایپ کے دوسرے بانی نے بھی فیس بک کو خیر باد کہہ دیا

دنیا بھر میں استعمال کی جانے والی آن لائن چیٹنگ ایپ وٹس ایپ کے کئی سال تک سربراہ رہنے والے جان کوم نے وٹس ایپ کی مالک کمپنی فیس بک سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔ انہوں نے اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ اب آگے بڑھنے کا وقت آ گیا ہے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق جان کوم کا وٹس ایپ پیغامات کی مکمل آن لائن کوڈنگ اور صارفین کے ذاتی ڈیٹا کے تحفظ سے متعلق پالیسی پر فیس بک کے ساتھ شدید اختلاف پایا جاتا تھا۔ جان کوم اور ان کے شریک بانی برائن ایکٹن نے 2014ء میں وٹس ایپ کو قریب بائیس بلین ڈالر کے عوض فیس بک کو فروخت کر دیا تھا۔ برائن ایکٹن پہلے ہی فیس بک کو چھوڑ چکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے